شیواجی پارک کو نوپارکنگ زون قراردیا گیا۔ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑی والوں سے چیتیہ بھومی جانے والے راستوں سے نہ گزرنے کی اپیل۔ خصوصی ٹرین اور بس سروسیز بھی چلائی جائیں گی۔’
شیواجی پارک میں چیتیہ بھومی کے باہر ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے عقیدتمند نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آشیش راجے
منگل (آج) ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا یوم پیدائش زور و شور سے منایا جائے گا جس کےدوران دادر میں چیتیہ بھومی پر بڑے پیمانے پرعقیدتمندوں ، وزراء اورسیاسی لیڈران کی آمد کے نظر چیتیہ بھومی اور شیواجی پارک کے کئی راستوں کو گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے ٹریفک پولیس نے ۳۶؍ گھنٹوں کیلئے بند کر دیا ہے ساتھ ہی شیواجی پارک اور اس کے اطراف کے علاقوں کو نوپارکنگ زون قرار دے دیا ہے ۔ یہی نہیں اس موقع پر جہاں ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دادر کے چیتیہ بھومی علاقے سے گزرنے والے راستوں کا استعمال نہ کریں اور بحالت مجبوری اس طرف سے گزرنے پر ٹریفک پولیس کے ذریعہ کئے گئے متبادل راستوں کا ہی استعمال کریں ۔
اس ضمن میں چیتیہ بھومی پر ہونے والی تقریب کے موقع پر ٹریفک پولیس نے پیر کو شام ۶؍ بجے سے شیواجی پارک علاقے میں گاڑیوںکی پارکنگ کو ممنوع قرار دے دیا ہے۔یہ پابندی ۱۳؍ اپریل شامل ۶؍ بجے سے ۱۴؍ اپریل کی رات ۱۲؍ بجے تک نافذ رہے گی ۔ اسی طرح گاڑیوں کی آمد و رفت کے راستوں میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور بہت سے راستوں کو بند کر دیا گیا ہے ۔
کون کون سے راستے بند رہیں گے
جن راستوں کو بند کیاگیا ہے ، ان میں ایس وی ایس روڈ، راناڈے روڈ، گیانیشور روڈ اور ایس کے بولے روڈ۔ ایس وی ایس روڈ (سدھی ونائک مندر سے یس بینک جنکشن تک) اور گیانیشور مندر روڈ (ایس وی ایس روڈ کے جنکشن سے دادر چوپاٹی تک )کا علاقہ بند رہے گا ۔اس کے علاوہ ایس کے بولے روڈ (سدھی ونائک مندر سے پرتگیز چرچ تک) کے راستے کو ون وے کیا گیا ہے ۔
امبیڈکر جینتی کے وقت ٹریفک کے نظم اور عقیدت مندوں کی جذبات کا خیال رکھتے ہوئے گاڑیوں کی آمد و رفت کے سلسلہ میں ہدایات جاری کی گئی ہیں وہیں گاڑی چلانے والوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شیواجی پارک اور چیتیہ بھومی سے گزرنے والے سڑکوں کا استعمال نہ کریں ۔
خصوصی لوکل ٹرین اور بس سروسیز
سینٹرل اور ویسٹرن ریلوےنے بھی عقیدت مندوں کی سہولت کے لئےدیر رات تک خصوصی ٹرینیں چلانےکا اہتمام کیا ہے ۔ اسی طرح بیسٹ انتظامیہ نے بھی خصوصی بسیں چلانے کا اعلان کیا ہے ۔ٹرین کی یہ سروسیز ممبئی سینٹرل ، چھتر پتی شیواجی مہاراج ٹرمنس سے سینٹرل ، ویسٹرن اور ہاربر لائن کیلئے رات ڈیڑھ بجےتک چلائی جائیں گی۔ اسی طرح بس سروسیز بھی رات ایک بجکر ۱۰؍ منٹ تک جاری رہیںگی ۔
باباصاحب امبیڈکر کے پوتے کا اظہارِتشویش
اس موقع پر ایک طرف ٹریفک پولیس نے بابا صاحب امبیڈکر جینتی کو پر امن اور ٹریفک مسائل سے پاک بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں وہیں جشن اور شہر و مضافات میں بابا صاحب امبیڈکرکو خراج عقیدت کیلئے لگائے جانے والے پوسٹروں اور بینروںپر با با صاحب امبیڈکر کے پوتے سجات امبیڈکر نے تقریب کے موقع پر اے آئی کے ذریعہ استعمال کئے جانے والے مواد پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے ۔
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے پوتے سجات امبیڈکر کے بقول ایک طرف بابا صاحب کے یوم پیدائش کی تقریبات کی تیاری زور و شور سے کی جارہی ہے وہیں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پوسٹرس اور بینرس پر اے آئی ٹول کے ذریعہ جو مواد پیش کیا جارہا ہے ، یہ رجحان بابا صاحب کے افکار و نظریات کو مسخ کرنے کا باعث بن رہا ہے ۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ ’’ہمیں بابا صاحب کے اصولوں کو اپنانے کی ضرورت ہے نہ کہ گمراہ کن انداز میں ان کی تشریح کرنے کی۔‘‘بابا صاحب کے پوتے کے بقول اس طرح نوجوانوں میں انتشار پیدا ہوگا اس لئے ہمیں اس سے بچنے کی ضرورت ہے ۔