Inquilab Logo

تھانے:مہنگائی کی’ ارتھی‘ نکال کر مودی حکومت کی مذمت

Updated: May 22, 2022, 10:50 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

این سی پی رضاکاروں نے علامتی ’ارتھی ‘ نکالی اور اس میں استعمال ہونے والےسامان کو کوریئر سے وزیر اعظم کے آفس بھیجنے کا اعلان کیا ۔مودی سے مہنگائی پر لب کشائی کامطالبہ

The NCP staged a protest against inflation and chanted slogans against the Modi government.
این سی پی کے ذریعے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا گیا اور مہنگائی کی ارتھی نکال کر مودی حکومت کیخلاف نعرےبازی کی گئی۔(پی ٹی آئی)

 تھانے میں این سی پی لیڈروںکی جانب سے بڑھتی مہنگائی کی مخالفت میں انوکھا احتجاج کیاگیا۔ مظاہرین نے مہنگائی کی علامتی ارتھی بنائی اور اس ارتھی میں استعمال ہونے والے چٹائی، لکڑی، رسی ، پھول، مٹکہ اور دیگر لوازمات کو کوریئر کے ذریعے وزیر اعظم کے آفس بھیجنے کا اعلان کیا تاکہ وزیر اعظم کو مہنگائی سے عوام کی پریشانی کا اندازہ ہو اور وہ اس پر توجہ دیں۔
 کابینی وزیر جتیندر اوہاڑ اور تھانے ضلع کے این سی پی کے صدر آنند پرانجپے کی سرپرستی میں سنیچر کو این سی پی یوتھ صدر وکرم کھامکر اور تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی ) کے سابق اپوزیشن لیڈر اشرف ( شانو) پٹھان کی قیادت میں تھانے کلکٹر آفس کے پاس یہ احتجاج کیا گیا ۔
  مظاہرین کے مطابق مہنگائی میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے، بے روزگاری بڑھتی ہی جا رہی ہے، مہنگے تیل اور رسوئی گیس سلنڈر سے عام شہریوں کا برا حال ہے اور ان کا گزر بسر بھی دشوار ہو گیا ہے۔ اچھے دنوں کا خواب دکھا کر اقتدار میں آنے والے نریندر مودی اس پر ایک لفظ کہنے کو تیار نہیں  ہیں۔
  اس موقع پر کارکنوں نے مودی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے سخت نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرے کی جگہ پر کارکنوں نے لکڑیاں،   پھول، چٹائی اور ارتھی میں استعمال ہونے والی دیگر اشیا بھی رکھی تھی ۔ یہ تمام  چیزیں ایک بوری میں پیک کر کے بذریعہ کورئیر وزیر اعظم آفس روانہ کئے جانے کا اعلان کیا گیا۔اس موقع پر وکرم کھامکر نے کہا کہ عوام مہنگائی سے تنگ آچکے ہیں۔ چند دنوں میں غریبوں کو ۲؍ وقت کا کھانا بھی نصیب نہیں ہو سکے گا ۔ سری لنکا کی طرح ہندوستان میں بھی صورتحال کو  خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ مجموعی طور پر بی جے پی حکومت غریبوں کے لئے ’پناہ گاہ‘ بنا رہی ہے۔ تاہم، ۲۰۲۴ء میں عوام اب اس بی جے پی حکومت کی پناہ گاہ کو آگ لگا دیں گے ۔ انہوں  نے یہ بھی کہاکہ ’’ہم یہ  چیزیں وزیر اعظم نریندر مودی کو بھیج رہے ہیں تاکہ انہیں  مہنگائی سے آگاہ کیا جا سکے۔‘‘
 اس مظاہرےمیں این سی پی کے اسٹوڈنٹ ونگ کے صدر پرفل کامبلے، محشر شیخ، شکیب داتے، امیش اگروال، ابھیشیک پسالکر، دنیش بنے، سنتوش مورے، منگیش تامبے، کنال پاٹل، ویبھو وچارے، دلیپ اپدے، کنال بھویر، سوپنل ددوشکر اور مہیش یادو اور دیگر نے میں حصہ لیا ۔  واضح رہے کہ رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت اب ایک ہزار  روپےسے پار ہو چکی ہے جس سے متوسط طبقے کیلئے بھی اسے خریدنا دشوار ہو گیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK