• Tue, 06 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی حکومت نے سال بھر کیلئے مفت شکر کی تقسیم کی منظوری دی

Updated: January 05, 2026, 1:36 PM IST | New Delhi

’انتودیا اَن یوجنا‘ کے تحت مارچ ۲۰۲۷ء تک اسکیم نافذ رہے گی جس کا فائدہ تمام اے اے وائی کارڈ ہولڈروں کو ملے گا۔

Delhi Chief Minister Rekha Gupta. Picture: INN
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا۔ تصویر: آئی این این
قومی راجدھانی دہلی میں حکومت نے نئے سال کے پہلے ہفتے میںغریب اور ضرورتمند خاندانوں کو خوش ہونے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ سنیچرکو وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی زیر صدارت منعقدہ دہلی کابینہ کی میٹنگ نے ’انتودیا اَن یوجنا‘ کے تحت مفت شکر کی تقسیم کو منظوری دی ہے۔یہ فیصلہ دہلی میں جنوری۲۰۲۶ء سے مارچ ۲۰۲۷ء یعنی آئندہ ۱۵؍ مہینوں تک نافذ رہے گا اوراس سے تمام اے اے وائی کارڈ ہولڈرز کو فائدہ پہنچے گا۔ حکومت کے اس فیصلے کو دہلی والوں، خاص طور پر معاشی طور پر کمزور طبقات کیلئے نئے سال کا بڑا تحفہ مانا جا رہا ہےجس سے لاکھوں خاندانوں کو براہ راست راحت ملے گی۔کابینی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ’انتیودیا اَن یوجنا‘ کے تحت تمام اہل خاندانوں کو۱۵؍ ماہ تک مفت شکر فراہم کی جائے گی۔ 
حکومت کاموقف ہے کہ مہنگائی کے دور میں خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا براہ راست اثرغریب خاندانوں کے کچن پر پڑتا ہے۔ ایسے میں مفت شکر کی تقسیم کا یہ فیصلہ روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ کابینہ میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ غریبوں اور ضرورت مندوں کی فلاح و بہبود دہلی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی غریب خاندان بنیادی ضروریات سے محروم نہ رہے۔ خوراک کی حفاظت، سماجی انصاف اور مساوی مواقع حکومت کی پالیسیوں کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق ایسے فیصلے معاشرے کے کمزور طبقات کو باوقار زندگی فراہم کرنے کی جانب ٹھوس اقدامات ہیں۔’انتودیا ان یوجنا‘ مرکزی حکومت کی کلیدی اسکیم ہے جس کا مقصد غریبوں میں سب سے غریب خاندانوں کو سستی شرحوں پر خوراک دستیاب کرانا ہے ۔ یہ اسکیم بے سہارا، بوڑھے، معذور، بے زمین مزدور اور انتہائی کمزور خاندانوں کا احاطہ کرتی ہے۔ ہراے اے وائی خاندان کو فی ماہ۳۵؍ کلو گرام غذائی اجناس جس میں گندم اور چاول شامل ہوتے ہیں، فراہم کیاجاتا ہے۔ یہ اسکیم نیشنل فوڈ سیکوریٹی ایکٹ کے تحت آتی ہے اور ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ مفت شکر تقسیم کرنے کے دہلی حکومت کے فیصلے سے اس اسکیم کے فوائد میں مزید اضافہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK