Inquilab Logo

ممبرا کا میونسپل اسپتال ۲؍ تا ڈھائی مہینے میں مکمل کرلیا جائے گا: میونسپل کمشنر

Updated: November 26, 2020, 7:26 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

کہا : اسپتال کا کام آخری مرحلے میں ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے جس میں کسی نان کووڈ مریض کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑاہو

Bipin Sharma
میونسپل کمشنرویپن شرما میونسپل اسپتال سے متعلق تفصیل سے آگاہ کررہے ہیں۔

 سرکاری اسپتال میں علاج کیلئے  ترس رہے ممبرا کوسہ کے غریب عوام کیلئے یہ راحت کی خبر ہے کہ ڈھائی ماہ میں ممبرا میں زیر تعمیر میونسپل اسپتال جلد مکمل کر لئے جانے کی امید ہے۔ تھانے کے میونسپل کمشنر  ڈاکٹر ویپن شرمانے  انقلاب سے خصوصی بات چیت میں اس کا  یقین دلایا ہےکہ ممبرا کے میونسپل اسپتال کاکام آخری مرحلے میں ہے اور یہ کام ۲؍ تا ڈھائی ماہ میں مکمل کر لیاجائے گا۔ دوسری جانب ممبرا کے آر ٹی آئی رضاکار نے الزام لگایا ہےکہ ۲۰۱۶ء میں اسپتال کی تکمیل ہو جانی چاہئے تھی لیکن ٹھیکیدار کو فائدہ پہنچانے کیلئے اب تک یہ مکمل نہیں ہو سکا ہے جس سے  وبابحران میں دیگر بیماریوں کے غریب مریضوں کو  پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔
 اس سلسلےمیں جب نمائندۂ انقلاب نے  میونسپل کمشنر ڈاکٹر ویپن شرما سے استفسار کیا کہ کووڈ  ۱۹؍  سے نمٹنے کیلئے دیگر بیماریوں کے مریضوں کو نظر انداز تو نہیں کیا جارہا ہے اور آخر کب ممبرا کا میونسپل اسپتال مکمل کیاجائے گا؟ تو انہوں نے کہا کہ ’’کووڈ۱۹؍ کے مریضو ں کیلئے خاطر خواہ انتظامات کے ساتھ ساتھ نان کووڈ مریضوں کے علاج کا خیال جارہا ہے۔اب تک ہمارے نوٹس میں ایسا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے جس میں کسی نان کووڈ مریض کو پریشانی ہوئی ہے۔ جہاں تک ممبرا کے اسپتال کی تکمیل کا سوال ہے تو اس کا کام آخری مرحلے میں ہے اور ۲؍ تا ڈھائی مہینے میں کام مکمل کر لیاجائے گا۔‘‘
 واضح رہے کہ جون اور جولائی میں جب ممبرا میں کورونا کی وبا عروج پر تھی  اس دوران نان کووڈ مریضوں کو علاج کیلئے شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کئی مریضوں کی بر وقت علاج نہ ہونے کے سبب موت بھی  ہو گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK