ممبئی سے سورت چلنے والی ٹرین کو ڈبل ڈیکر کی جگہ ایل ایچ بی کوچ میں بدل دیا گیا ۔ وزیر مملکت برائے ریلوے نے ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا
EPAPER
Updated: July 17, 2023, 11:01 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai Central
ممبئی سے سورت چلنے والی ٹرین کو ڈبل ڈیکر کی جگہ ایل ایچ بی کوچ میں بدل دیا گیا ۔ وزیر مملکت برائے ریلوے نے ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا
ملک کی معروف اور ۱۱۷؍سال پرانی ممبئی سینٹرل سورت فلائنگ رانی ایکسپریس کو ۱۶؍جولائی سے ایل ایچ بی کوچ میں بدل دیا گیا ہے۔ اسے وزیرمملکت برائے ریلوے اور کپڑا صنعت درشنا زردوش نے ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔اب یہ ٹرین ڈبل ڈیکر کےبجائے ایل ایچ بی کوچ کے ساتھ چلے گی۔ ایل ایچ بی کوچ جسے لنک ہافمن بش کوچ سے جانا جاتا ہے، یہ جرمن ٹیکنالوجی ہے اور بہت سی ٹرینوں میں ایل ایچ بی کوچ لگائے گئے ہیں ۔ ایل ایچ بی کوچ کی ڈیزائننگ اس انداز میں کی گئی ہے کہ اس کے اندر بیٹھنے میں سہولت ہوتی ہے اور کسی حادثے کی صورت میں جان و مال کا کم سے کم نقصان ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ ممبئی سینٹرل اور سورت کے درمیان چلائی جانے والی اس ٹرین میں بڑی تعداد میں ملازمت پیشہ لوگ سفر کرتے ہیں اسی لئے پاس رکھنے والوں کی خاصی تعداد ہے۔ اس کے علاوہ اس ڈبل ڈیکر ٹرین کو ایل ایچ بی ڈبے میں تبدیل کرنے کے بعد ممبئی سینٹرل سے احمدآباد کے درمیان چلائی جانے والی اے سی ڈبل ڈیکر کے علاوہ ویسٹرن یا سینٹرل ریلوے میں کوئی اور ڈبل ڈیکر ٹرین نہیں ہے۔
وقفے وقفے سے کی گئی تبدیلیاں
۱۲۹۲۱۔۱۲۹۲۲؍نمبر کی فلائنگ رانی ایکسپریس ۱۹۰۶ءمیں شروع کی گئی تھی ۔ ۱۹۶۵ءمیں اس ٹرین نے یہ اعزاز حاصل کیا کہ اسے قریب کی دوری طے کرنے والی سب سے تیز رفتار ٹرین قرار دیا ۔ اسی دوران اس کے ڈبے کا رنگ بدلا گیا اور اسے نیلے رنگ کا ایک الگ اور ہلکا گہرا کوٹ دیا گیا۔ اس وقت اس ٹرین کو ایسے لوکو موٹو انجن سے چلایا جاتا تھا جس میں بھاپ کا انجن اتنا موڈیفائڈ ہوتا تھا کہ اسے راستے میں پانی کی ضرورت نہیں ہوتی تھی۔ ۱۹۷۶ء میں اس کا رنگ پھر بدلا گیا اور پوری ٹرین کو ہلکے گہرے ہرے رنگ میں رنگا گیا۔ اسی طرح جون ۱۹۷۷ءمیں اس میں بجلی کا انجن جوڑا گیا ۔فلائنگ رانی ایکسپریس ۱۸؍دسمبر ۱۹۷۹ء کو ہندوستانی ریلوے کی تاریخ میں یعنی ۴۴؍سال قبل پہلی ایسی ٹرین بن گئی جس میں ڈبل ڈیکر کوچ جوڑے گئے ۔
اس تعلق سے ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر اور نے ایل ایچ بی کوچ کے ساتھ فلائنگ رانی کو چلائے جانے کے بارے میں بتایا کہ اس میں ۲۱؍ڈبے ہوں گے۔ اس میں اے سی سی چئر کار (ریزرو) سیکنڈ کلاس سیٹنگ کوچ کے ۷؍ ڈبے ریزرو ہوں گے۔ ایک ڈبہ فرسٹ کلاس سیزن پاس والوں کے لئے ریزرو ہوگا۔ ۶؍ ڈبے جنرل ہوں گے۔ ایک ڈبہ سیکنڈ کلاس سیزن پاس والوں کیلئے ، ایک ڈبہ خاتون مسافروں کے لئے اور ایک ڈبہ سیزن پاس رکھنے والی خاتون مسافروں کے لئے ریزرو ہوگا۔
یہ اہم قدم ہے
وزیر مملکت برائے ریلوے و کپڑا صنعت درشنا زردوش نے نہ صرف ہری جھنڈی دکھائی بلکہ اس میں سفر بھی کیا۔ انہوں نے اس موقع پر مودی حکومت کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت ریل مسافروں کا ہر ممکن خیال رکھ رہی ہے اور مسافروں کے آرام اور سہولت کی خاطر مسلسل قدم اٹھا رہی ہے ۔ فلائنگ رانی ایکسپریس کا ایل ایچ بی کوچ کے ساتھ چلایا جانا بھی اسی جانب اٹھا یا گیا ایک قدم ہے ۔ اس سے مسافروں کو چڑھنے اترنے اور سفر میں آرام ملے گا۔