• Fri, 08 December, 2023
  • EPAPER

اعظم خان کیخلاف انکم ٹیکس محکمہ کی کارروائی۶۰؍گھنٹوں تک چلی،اکھلیش کااظہار برہمی

Updated: September 17, 2023, 11:41 AM IST | Inquilab News Network | Lucknow

سابق وزیراعلیٰ نے اسے ’ظلم کی داستان ‘ قرار دیا،متنبہ کیا کہ ’’ وقت بدلنے میں  دیر نہیں  لگتی جو آج اعظم خاں کے ساتھ ہو رہا ہےوہ کل کسی کے بھی ساتھ ہو سکتا ہے۔ ‘‘

Azam Khan. Photo. INN
اعظم خان۔ تصویر:آئی این این

سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعظم خان جو یوگی سرکار کے آنے کے بعد سے مسلسل نشانے پر ہیں ، کے خلاف بدھ کو علی الصباح  شروع ہونے و الی انکم ٹیکس محکمہ کی کارروائی جمعہ کی شام مکمل ہوگئی۔ انکم ٹیکس محکمہ کے اہلکار اعظم خان کی رہائش گاہوں اور ان کے حامیوں کے ٹھکانوں پر بدھ کی صبح ۷؍ بجے داخل ہوئے تھے اور جمعہ کی شام ۷؍ بجے واپس گئے۔ ۶۰؍ گھنٹوں کی اس طویل کارروائی میں بیک وقت ۳۰؍ مقامات پر تلاشیاں کی گئیں اور کاغذات کھنگالے گئے۔ چھاپہ ختم ہونے کےبعد اعظم خان اپنی رہائش گاہ باہر آئے اور پوری جرأت مندی کے ساتھ میڈیا کاسامنا کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ انکم ٹیکس کا چھاپہ تھا۔ وہ لوگ ۳؍ دنوں  تک یہاں رہے۔ انہوں  نے تلاشی لی اور سوالات پوچھے۔‘‘ 
 چھاپہ مار کارروائی ختم ہونے کے بعد اکھلیش یادو نے ایک بار پھر اعظم خان کو نشانہ بنائے جانے پر صدائے احتجاج بلند کی، انہوں نےبراہ راست بی جے پی حکومت کوہدف تنقید بناتےہوئے کہا ہے کہ’’ وقت بدلتے دیر نہیں لگتی ہے۔کسی کابھی وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا آج جو اعظم خان کے ساتھ ہو رہا ہے وہ کل کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ محمد اعظم خاں کے یہاں کارروائی چھاپہ نہیں بلکہ ’’ظلم کی ایک اور داستان‘‘ ہے۔انہوں نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ ۳؍ دن بعد اعظم خان صاحب کے یہاں چھاپے ختم ہو گئے، یا یوں کہہ لیں کہ ظلم کی ایک اور داستان مکمل ہو گئی۔‘‘ سابق وزیراعلیٰ  نے کہاکہ لوگ سمجھ رہے ہیں کہ جو کچھ ان کے ساتھ ہو رہا ہے وہ کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ کا نام لئے بغیر اکھلیش یادو نے کہا کہ جو حکمراں یہ سوچ رہے ہیں کہ وہ دوسروں پر مظالم ڈھا کر کامیاب ہو جائیں گےتو انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ ہندوستان منفرد ملک ہے یہاں دشمن پر بھی ظلم برداشت نہیں کیا جاتا اور وقت آنے پر حق کا ہی ساتھ دیاجاتا ہے۔ واضح  رہے کہ یوگی سرکار میں اعظم خان کے خلاف کارروائیوں  ہر کوئی سمجھ رہا ہے کہ یہ کس مقصد کے تحت ہورہی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK