Inquilab Logo

ایودھیا میں موجود بے قابو بھیڑ کو کنٹرول کرنے میں انتظامیہ کے پسینے چھوٹے

Updated: January 24, 2024, 9:58 AM IST | Lucknow

بدانتظامی کی خبر سن کر وزیراعلیٰ حالات کاجائزہ لینے ایودھیا پہنچے، اعلیٰ افسران طلب،حالات کو جلد کنٹرول کرنے اور بغیر دشواری کے درشن کا عمل شروع کرنے کی ہدایت دی

In a single day, the fort of all the arrangements came down
ایک ہی دن میں سارے انتظامات کی قلعی اُتر گئی

بڑے پیمانے پر منعقدہ ’ایودھیا ایونٹ‘ کے دوسرے ہی دن بھیڑکی بڑھتی تعداد کو کنٹرول کرنا حکومت اور انتظامیہ کیلئے ایک بڑا مسئلہ بن گیا۔ بھیڑ کے بے قابو ہونے اوربدنظمی کی اطلاع  پاتے ہی وزیراعلیٰ  ایودھیا پہنچ گئے لیکن نیچے آنےاور   لوگوں سے ملاقات کے بجائے انہوں نے ہیلی کاپٹر ہی سے مندر کے احاطے کا معائنہ کیا اور سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔اس کے بعد اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں یوپی کےپرنسپل سیکریٹری داخلہ سنجے پرساد ، ڈی جی لا اینڈ آرڈرپرشانت کمارسمیت ریاست اور ضلع کے دیگر اعلیٰ افسران موجودتھے۔
 وزیراعلیٰ نے صبح میں ہی لکھنؤ سے اعلیٰ افسران کو وہاں پہنچنے کی ہدایت دی تھی اور بعد میںخود بھی حالات کا جائزہ لینے وہاں پہنچ گئے۔ ہیلی کاپٹر سے مندر کے احاطے کا معائنہ اور سیکوریٹی انتظامات کاجائزہ لینے کے بعدمندر کمپلیکس میں اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور وہاں پہنچنے والوں کو سہولیات فراہم کرنےکی ہدایات دیں۔ 
 وزیراعلیٰ کے ایودھیا پہنچنے سے قبل ہی وہاں پرنسپل سیکریٹری داخلہ سنجے پرساد اور ڈی جی لاء اینڈ آرڈر پرشانت کمار پہنچ گئے تھے۔ انہوں نےکہا کہ پولیس اور انتظامیہ بھیڑ کے آسانی سے درشن کو یقینی بنانے کیلئے  پوری طرح سے چاق و چوبندہے اور وہاں آنے والوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔کسی قسم کی گڑبڑی کو روکنے کیلئے اے ٹی ایس کمانڈوز کی ٹیم اور آر اے ایف کو مندر کے اندر چیکنگ اور سیکوریٹی کیلئے بھیجا گیا۔ ایک جانب پرشانت کمار نے جہاں ان خبروں کو افواہ بتایاکہ بھاری بھیڑکی وجہ سے مندر میں درشن کرنے سے روک دیا گیا ہے وہیں دوسری جانب بارہ بنکی پولیس نے لوگوں کو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ایودھیا کی طرف نہ جانے کی اپیل کی۔
  خیال رہے کہ مندر احاطے کے اندر کا مکمل نظم و نسق ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ کو سونپا گیا ہے جبکہ مندر کے اندر مین دروازے و آس پاس کا علاقہ ریجنل منیجر شریواستو کے حوالے کیا گیا ہے۔ بڑلادھرمشالہ تراہا پر وہاں آنے والوں کی بھیڑ کو جمع نہ ہونے دیا جائے، اس کیلئے ایس ڈی ایم ابھیشیک کمار کی تعیناتی کی گئی ہے۔ ایک  ہی دن میں اس بدنظمی کی وجہ سے حکومت اور انتظامیہ کی بڑے پیمانے پر تنقید ہورہی ہے۔

ayodhya Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK