Inquilab Logo

آج امریکی صدر بائیڈن کی آمد ، اہم اُمور پر گفتگو متوقع

Updated: September 08, 2023, 9:37 AM IST | New Delhi

امریکی صدر بننے کے بعد ہندوستان کا پہلا دورہ ، وزیر اعظم مودی خود استقبال کرسکتے ہیں، جی ٹوینٹی اجلاس سے قبل دونوں لیڈران کے درمیان دو طرفہ میٹنگ

Students making paintings on India-US friendship in Mumbai on the occasion of US President Joe Biden`s visit to India
امریکی صدر جو بائیڈن کی ہندوستان آمد کے موقع پر ممبئی میں طلبہ ہند امریکہ دوستی پر پینٹنگز بناتے ہوئے

امریکی صدر جو بائیڈن  آج یعنی ۸؍ ستمبر کو  سہ روزہ  دورے پر ہندوستان آرہے ہیں۔ صدر بننے کے بعد ہندوستان کا ان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ وہ شام  کے وقت  اپنے جدید ترین سرکاری ہوائی جہاز ایئرفورس ون سے دہلی پہنچیں گے۔ امکان ہے کہ وزیر اعظم مودی  خود ان کا استقبال کرنے ایئر پورٹ پہنچ سکتے ہیں۔  چونکہ بائیڈن امریکی صدر بننے کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستان آرہے ہیں اس لئے یہاں ان کے استقبال اور مہمان نوازی کے لئے شاندار تیاریاں کی گئی ہیں۔شام میں آمد کے بعد وہ وزیر اعظم  مودی کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ بھی کریں گے جس میں متعدد اہم تجارتی ، دفاعی ، ٹیکنالوجی اور دیگر امور پر معاملات طے پاسکتے ہیں۔ 
وہائٹ ہائوس کا بیان 
  بائیڈن کے دورے سے متعلق  وہائٹ ہاؤس نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکہ سے جرمنی کے شہر رامسٹین جائیں گے اور وہاں ایک اسٹاپ لینے کے بعد  وہاں سے ہندوستان  کے لئے روانہ ہوں گے ۔  وہ ہندوستان میں ۳؍ دن تک رہیں گے جس میں سے پہلا دن  وہ ہندوستانی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے ۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی دو طرفہ میٹنگ ہوگی جس میں باہمی تجارت سے متعلق امور حاوی رہ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دفاعی خریداری کے سلسلے میں کچھ معاہدہ طے ہو سکتے ہیں۔  وہائٹ ہائوس کے مطابق اس کے بعد وہ ۹؍ اور ۱۰؍ ستمبر کو ہونے والے جی ٹوینٹی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس اجلاس کے لئے وہ کافی پرجوش ہیں۔ 
بائیڈن کہاں ٹھہریں گے؟
  واضح رہے کہ جو بائیڈن کو دہلی کے آئی ٹی سی موریہ ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا۔ اس کے لئے ہوٹل اور اطراف کے علاقے میں عدیم المثال سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ امریکہ کی سیکریٹ سروس کی  ایک اعلیٰ تربیت یافتہ ٹیم امریکی صدربائیڈن کی سیکوریٹی کیلئے ۳؍دن پہلے ہی  ہندوستان پہنچ چکی ہے۔ بتایا جارہا  ہے کہ بائیڈن سیکریٹ سروس کے۳۰۰؍کمانڈوز کی حفاظت میں ہوں گے۔ اس کے علاوہ ہندوستان کی اپنی سیکوریٹی بھی ہو گی جو کئی زمروں پر مشتمل ہے۔  بائیڈن کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے سربراہان بھی دہلی پہنچ رہے ہیں اس لئے وہاں سیکوریٹی ہائی الرٹ پر رکھی گئی ہے۔ 
بائیڈن کا قافلہ
  دہلی کی سڑکوں پر جو سب سے بڑا قافلہ نکلے گا وہ بائیڈن کا ہی ہو گا جس میں ۵۵؍ سے ۶۰؍گاڑیاں ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی میڈیا رپورٹس کے مطابق بائیڈن کے  لئے دنیا کی محفوظ ترین قرار دی جانے والی کار ’دی بیسٹ‘ بھی  ہندوستان لائی جا رہی ہے۔کہا جاتا ہے کہ یہ کار  ایٹمی حملے سے بھی صدر امریکہ کو محفوظ رکھ سکتی ہے۔ اس گاڑی میں بیٹھ کر وہ جی ٹوینٹی سمٹ کیلئےجائیں گے۔اس کے علاوہ ان کے قافلےکے ساتھ ہندوستانی سیکوریٹی ٹیم بھی موجود ہو گی۔
امریکی صدر کے دورے کی اہمیت 
  امریکہ کے لئے اس وقت ہندوستان چین کے مقابلے میں کھڑا ایک اہم ملک ہے۔ خاص طور پر انڈو پیسیفک خطے میں امریکہ ہندوستان کی مددسے چین کے پَر کترنا چاہتا ہے۔اس کے علاوہ ہندوستان کی نوجوان آبادی امریکی کمپنیوں اور اداروں کے لئے بہت بڑا مارکیٹ ہے۔ وہ اس مارکیٹ میں اپنی زیادہ سے زیادہ حصہ داری چاہتے ہیں۔ اس مارکیٹ کے ساتھ ہی گلوبل سائوتھ کا مارکیٹ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ اسی لئے امریکہ گزشتہ کچھ برسوں سے ہندوستان کو پاکستان پر ہر ممکن ترجیح دے رہا ہے۔ 

Joe Biden Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK