Inquilab Logo

مسجد اقصیٰ کے اطراف ماحول ہنوز کشیدہ، سخت حفاظتی انتظامات

Updated: April 07, 2023, 10:30 AM IST | Jerusalem

۴۰؍ سال سے کم عمر کے افراد کے داخلے پر پابندی عائد ، مسلسل تیسرے روز مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول کر نمازیوں کو طاقت کے ذریعے بے دخل کرنے کی وحشیانہ کارروائی ۔مسجد اقصیٰ میں اعتکاف کرنے والے روزہ داروں کوبھی پر نشانہ بنایا گیا

A child with a chum on a Palestinian during a protest against Israel. (AP/PTI)
اسرائیل کیخلاف احتجاج کے دوران ایک بچہ فلسطینی پر چم کے ساتھ۔ ( اےپی / پی ٹی آئی)

  مسجد اقصیٰ میں گزشتہ روز داخل ہوکر اسرائیلی پولیس نے جس وحشیانہ طریقے سے مصلیان کو نشانہ بنایا تھا ،اس کی گونج اب پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے لیکن اسرائیل اب بھی اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہا ہے۔ اس نے جمعرات کونماز فجر کے وقت القدس کے قدیم شہر کی حدود میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی ہے۔ ساتھ ہی جو حرکت  منگل کی دیر رات کی گئی وہی حرکت  جمعرات کی صبح بھی دہرائی گئی ۔ اس دوران اسرائیلی پولیس نے لاٹھی چارج بھی کیا اور نماز کے لئے پہنچنے والے مصلیان کو زدو کوب بھی کیا۔ اس دوران پولیس نے  ۴۰؍سال سے کم عمر کے نمازیوں کو مسجد میں داخلے سے روک دیا۔ ان پر فی الحال کچھ دنوں کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اسرائیلی قابض فوج نے مسلسل تیسرے روز مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول کر نمازیوں کو طاقت کے ذریعے بے دخل کرنے کی وحشیانہ کارروائی کی جس میں مزید متعدد نمازی زخمی اور گرفتار کر  لئے گئے۔ یروشلم کے ذرائع نے اطلاع دی کہ درجنوں فوجیوں اور اسرائیلی پولیس کے اہلکاروںنے بھاری ہتھیاروں سے لیس ہو کر مسجد اقصیٰ پر حملہ کر کے نمازیوں کو القبلی جائے نماز سے باہر نکال دیا۔
  اس موقع پرپولیس نے مسجد اقصیٰ میں اعتکاف کرنے والے روزہ داروں کو بھی نشانہ بنایا اور ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی ۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے مسجد کا محاصرہ کر کے وہاں پر نمازیوں کو داخلے سے روک دیا۔
 فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ اس کا امدادی عملہ مسجد میں موجود ہے مگر اسے اسرائیلی پولیس کی طرف سے پابندیوں کا سامنا  کرنا پڑرہا ہے۔عینی شاہدین نے فلسطینی الشہاب نیوز نیٹ ورک کو بتایا کہ قابض فوج نے مسجد کی چھت پر چڑھ کر نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں مسجد اقصیٰ سے نکلنے پر مجبور کیا۔ 
 ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے سے چڑھائی کی اور مسجد کے اندر عبادت کرنے والے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ اس دوران  یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اسرائیلی انٹیلی جنس نے  الاقصیٰ میں اعتکاف کرنے والوں کو فون کے ذریعے ٹیکسٹ پیغامات بھیجے اور انہیں وہاں سے نکل جانے کو کہا تھا تاکہ یہ کارروائی کی جاسکے۔ اس کے بعد قابض فوج مسلسل نمازیوں کو ہراساں کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر وحشیانہ کارروائی کی تھی  جس کے نتیجے میں درجنوں نمازی زخمی  ہوگئے تھےاور سیکڑوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا ۔  بدھ کی صبح سے جاری کارروائی کے دوران ۴۰۰؍ سے زائد مصلیان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس دوران مسجد اقصیٰ اور اس کے آ س پاس کے علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔ اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور فلسطینیوں کا احتجاج بھی اس وجہ سے جاری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK