پٹنہ میں تیجسوی یادو اور پون کھیڑا کی پریس کانفرنس، مجموعی طور پر۸۰؍ہزار کروڑ روپے کی بدعنوانی کا الزام ،ریاست گیر احتجاج کا اشارہ
EPAPER
Updated: July 30, 2025, 11:52 PM IST | Patna
پٹنہ میں تیجسوی یادو اور پون کھیڑا کی پریس کانفرنس، مجموعی طور پر۸۰؍ہزار کروڑ روپے کی بدعنوانی کا الزام ،ریاست گیر احتجاج کا اشارہ
اسمبلی انتخابات کی گہما گہمی تیز ہے اور میٹنگوں کا دور جاری ہے۔بدھ کو تیجسوی یادو کی رہائش گاہ پر مہاگٹھ بندھن کوآرڈی نیشن کمیٹی کی میٹنگ کے بعد تیجسوی یادو نے پریس کانفرنس کی اور ڈبل انجن کی حکومت پر زور دار حملہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بدعنوانی کےمسئلہ پر نتیش کمار کو گھیرتے ہوئے کہا کہ سی اے جی کی رپورٹ میں لکھا ہوا ہےکہ ایک جگہ ۷۱؍ ہزار کروڑ اور دوسری جگہ تقریباً ۹؍ ہزار کروڑ کل ملا کر ۸۰؍ ہزار کروڑ کا حساب نہیں ملا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ایک بڑا گھوٹالہ ہوا ہے۔
’’ حکومت کا ایک انجن جرم میں اور دوسرا بدعنوانی میں ڈوبا ہوا ہے‘‘
تیجسوی نے کہا کہ ’’ہم لوگ شروع سے ہی کہہ رہے ہیں کہ بہار کی موجودہ حکومت ڈبل انجن کی بات کرتی ہے، ایک انجن جرم میں ڈوبا ہواہے اور دوسرا انجن بدعنوانی میں سر سے پیر تک ڈوبا ہوا ہے ۔ ایک طرف لا اینڈ آرڈر حکومت کے قابو سے باہر ہے، جرائم پیشہ افراد ہی حکومت چلا رہےہیں۔ کوئی بھی سرکار کا آدمی ۸۰؍ ہزارکروڑ کے گھوٹالے کے بارے میں بتانے کو تیار نہیں ہے۔ میں پوچھنا چاہتاہوں کہ حکومت نےاب تک اس کے بارے میں کوئی حساب کیوں نہیں دیا؟ تیجسوی یادو نے کہا کہ ۸۰؍ہزار کروڑ کا گھوٹالہ ہوا ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ انہوں نے جو ٹیکس ادا کیا وہ کہاں استعمال ہوا، بہار حکومت کو جواب دینا پڑے گا۔تیجسوی نے یہ بھی کہا کہ نتیش حکومت کے پاس کوئی ویژن نہیں ہے۔ وہ میرے اعلانات کی نقل کر رہے ہیں۔ میں نے اعلان کیا تھا کہ اگر میری حکومت آتی ہے تو میں مفت بجلی، سوشل سیکورٹی پنشن، آشا اور ممتا کارکنوں کے اعزازیہ میں اضافہ کروں گا۔ نتیش حکومت نے خوف سے یہ سب اعلان کیا، انہوں نے میری نقل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ مہا گٹھ بندھن کے سبھی ساتھی خاص طور پر جو بڑے لیڈران ہیں سب مل کر عوام کے بیچ جائیں گے، دورہ کریںگے اور بڑی ریلیوں میں عوام کے بیچ اپنی بات رکھیں گے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اس بارے میں راہل گاندھی سے بھی بات ہوئی ہے، انہوں نے بھی موجود رہنے کی بات کی ہے۔ عوام کے ایشو، جیسے ووٹروں کے نام کاٹنے کا مسئلہ ہویا پھر بے روزگاری اور مہنگائی کا مسئلہ ہر ایک کو لےکر عوام کے بیچ جائیں گے، جس میں ہمیں راہل گاندھی کا ساتھ بھر پور ملےگا۔کانگریس پارٹی کےریاستی صدر راجیش رام نے کہا کہ عوام کے ایشو کو عوام کے بیچ جاکر ہی اٹھائیں گے اور بی جے پی کی عوام مخالف پالیسی سے باخبر کریں گے۔ پریس کانفرنس میں وکاس شیل انسان پارٹی کے نمائندہ ، آرجےڈی کے سینئر لیڈر عبدالباری صدیقی، آرجےڈی کے ریاستی صدر منگنی لال منڈل بھی موجود تھے۔
بہار میں۷۰؍ ہزار کروڑ کا غبن: پون کھیڑا
کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی تازہ رپورٹ پر کانگریس نے بھی بہار سرکار پر حملہ کیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے میڈیا اینڈ پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا نے بدھ کو یہاں بہار کانگریس کے صدر دفتر صداقت آشرم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہاکہ بہار میں ۷۰؍ ہزار کروڑ روپے کا گھوٹالہ مودی اور نتیش کمار کی حکومت نے کیا، یہ بات حکومت ہند کے سی اے جی نے اپنی رپورٹ میں کہی ہے۔ بہار حکومت کے مختلف محکموں نے۷۰؍ ہزار کروڑ کے استعمال کا سرٹیفکیٹ پیش نہیں کیا۔ پون کھیڑا نے کہا کہ مودی اور نتیش نے مل کر بہار کے کل بجٹ کا ایک تہائی یعنی تقریباً۷۰؍ہزار کروڑ روپے غائب کر دیے جس سے بہار کی ترقی کے لیے بہت سے کام ہو سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں کبھی خستہ حال پل، سرکاری عمارتیں کھنڈرات میں تبدیل ہوتے ہوئے دیکھیں تو یاد رکھیں کہ یہ۷۰؍ہزار کروڑ کے گھوٹالہ کا نتیجہ ہے۔ کانگریس لیڈر نے اس کے ساتھ ہی کہا کہ۳۱؍ مارچ۲۰۲۴ءتک بہار حکومت کے مختلف محکموں کی طرف سے۴۹۶۴۹؍یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ فراہم نہیں کیے گئے تھے۔ ان کی کل رقم ۷۰۸۷۷ء۶۱؍ کروڑ روپے ہے۔انہوں نے کہاکہ آزاد ہندوستان کی تاریخ میں غریبوں کے حقوق پر اتنا بڑا ڈاکہ کبھی نہیں پڑا جتنا بہار میں بی جے پی جے ڈی یو حکومت نے ڈالا ہے ۔ پون کھیڑانے کہاکہ حال ہی میں سی اے جی کی رپورٹ بہار قانون ساز اسمبلی میں پیش کی گئی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ غریبوں کے نام پر مختلف اسکیموں میں ۷۰۸۷۷ء۶۱؍ کروڑ روپے کا غبن کیا گیا ہے۔ سی اے جی نے پایا ہے کہ بہار حکومت کے پاس اس بات کا کوئی حساب نہیں ہے کہ یہ رقم کہاں خرچ کی گئی ہے؟