• Fri, 20 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

این سی پی کے دونوں گروہوں میں کہا سنی کا سلسلہ جاری

Updated: February 20, 2026, 9:57 AM IST | Mumbai

امول کولہے اور روہت پوار کے اس دعوے کو چھگن بھجبل نے مسترد کیا کہ دونوں پارٹیوں کے انضمام کے تعلق سے کئی میٹنگیں ہوئی تھیں۔

Praful Patel and Chhagan Bhujbal: Is Sharad Pawar also saying the wrong thing? Photo: INN
پرفل پٹیل اور چھگن بھجبل: کیا شرد پوار بھی غلط کہہ رہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

این سی پی کے دونوں گروہوں کے ایک ہونے کا امکان اب شاید معدوم ہو چکا ہے لیکن معاملے میں لفظی تکرار کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ ایک روز قبل این سی پی (شرد) کے رکن پارلیمان امول کولہے نے کہا تھا کہ این سی پی کےانضمام کے تعلق سے کئی میٹنگیں  ہوئی تھیں، یہ بات حیران کن ہے کہ سنیل تٹکرے کو اس کا علم نہیں ہے۔ روہت پوار نے بھی اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت کے تعلق سے اٹھنے والے سوالات پر میڈیا سے بات کی۔ انہوں نے بھی پریس کانفرنس میں یہ بات دہرائی کہ این سی پی ( اجیت) اور این سی پی (شرد) کے انضمام پر گفتگو ہو رہی تھی اور جلد ہی دونوں پارٹیاں ایک ہونے والی تھیں۔ اب این سی پی ( اجیت) کے سینئر لیڈر چھگن بھجبل نےیہ کہہ کر ان بیانات پر طنز کیا ہے کہ اجیت پوار نے ہم سے دونوں پارٹیوں کو ایک کرنے کے معاملے میں کوئی بات نہیں کی تھی۔ اب اس معاملے میں ہر کوئی بیان دے رہا ہے۔ اب کون کیا بول رہا ہے اس تعلق سے ہم کیا کہہ سکتے ہیں ؟ 
یاد رہے کہ اجیت پوار کی موت کے فوراً بعد جب سنیترا پوار کو نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا اعلان ہوا تو شرد پوار نے کہا تھا کہ اجیت پوار کی ان سے دونوں پارٹیوں کو ایک کرنے کے تعلق سے گفتگو ہوئی تھی اور بہت جلد اس تعلق سے فیصلہ ہونے والا تھا۔ معمر لیڈر کے اس بیان کی این سی پی ( اجیت) کے تمام لیڈران نے تردید کی۔ پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے اس طرح کی کسی بھی گفتگو اور میٹنگ کے معاملے میں لا علمی کا اظہار کیا۔ امول کولہے جو مبینہ طور پر ان میٹنگوں میں شریک تھے، ایک روز قبل میڈیا کے سامنے آئے اور انہوں نے کہا’’۱۶؍ مئی (۲۰۲۵ء) کو میں اس گفتگو میں شریک ہوا جب اجیت پوار پونے کے مالیگائوں شکر کارخانے کے الیکشن کی مہم کیلئے آئے تھے۔ وہاں ہم نے ایک ساتھ سفر کیا تھا۔ وہیں سب سے پہلے دادا نے مجھ سے اس معاملے میں بات کی تھی۔ ‘‘ امول کولہے نے دعویٰ کیا کہ ’’ دونوں پارٹیوں کے انضمام سے متعلق گفتگو کے تمام مراحل میں شامل تھا۔ جو ۱۴؍ میٹنگیں ہوئی تھیں ان میں سے ۱۱؍ میٹنگیں جینت پاٹل کے گھر پر ہوئی تھیں۔ ‘‘ امول کولہے کا کہنا ہے کہ ’’ افسوس کہ جن سے گفتگو ہوئی آج وہ ہمارے درمیان نہیں ہیں۔ اس لئے کیا بات ہوئی؟کیوں بات ہوئی؟ یہ ساری باتیں کرنے کا اب کوئی حاصل نہیں ہے۔ ‘‘ 
واضح رہے کہ سنیل تٹکرے کا کہنا تھا کہ ’’ دونوں پارٹیوں کے ایک ہونے کی کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔ اگر ہوتی تو اجیت دادا نے ہمیں اس تعلق سے بتایا ہوتا۔ ‘‘ امول کولہے اسی پس منظر میں بیان دے رہے تھے۔ روہت پوار نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ متحدہ این سی پی کا ریاستی صدر امول کولہے کو بنایا جانے والا تھا۔ جینت پاٹل کے گھر کئی میٹنگیں ہوئی تھیں۔ جمعرات کو چھگن بھجبل نے ان تمام دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ’’ اب یہ سب الگ الگ دعوے کر رہے ہیں۔ اجیت پوار نے ان سے پارٹی کے انضمام کی بات کی تھی۔ اس تعلق سے اجیت پوار نے ہم سے کچھ بھی نہیں کہا تھا۔ ابھی پارٹی ایک ہوئی بھی نہیں اور ان لوگوں نے پہلے ہی طے کر لیا کہ کون کس عہدے پر بیٹھے گا۔ ‘‘انہوں نے کہا ’’ اگر ایسا ہے تو یہ بھی طے کر لیا گیا ہوگا کہ نائب وزیر اعلیٰ کون ہوگا؟ پارٹی کا قومی صدر کون ہوگا؟ اب کوئی کچھ بھی کہتا رہے، ہم اس میں کیا کہہ سکتے ہیں ؟ ‘‘ البتہ چھگن بھجبل نے یہ بھی کہا کہ ’’ سونیترا تائی پوار نے کام کاج اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔ ہم سب ان کا ساتھ دیں گے۔ کسی کو اگر بات کرنی ہے تو ان سے کرے۔ ‘‘ یاد رہے کہ اجیت پوار کی موت کے بعد دونوں پارٹیوں کے انضمام کی بات سب سے پہلے شرد پوار نے کہی تھی اس لئے اس دعوے کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK