Inquilab Logo

فوراً طبی امداد فراہم کرنےکا ریلوے کا دعویٰ کھوکھلا،مریض کوٹیکسی سےاسپتال پہنچایا گیا

Updated: September 18, 2023, 11:07 AM IST | Iqbal Ansari | Sion

ہر ریلوے اسٹیشن پر ایمبولنس سروس نہیں ہوتی ضرورت کے مطابق اس کا انتظام کیاجاتا ہے: ریلوے کی وضاحت

Gulam Alam`s health suddenly deteriorated while traveling in the local train. Photo: INN
غلام عالم کی لوکل ٹرین میں سفر کے دوران اچانک طبیعت خراب ہوگئی تھی۔ تصویر:آئی این این

ریلوے انتظامیہ کی جانب سے یہ دعویٰ کیاجاتا ہےکہ سفر کے دوران اگر کسی مسافر کی طبیعت خراب ہو جائے تو اسے فوراً طبی مدد فراہم کی جاتی ہے لیکن اتوار کو یہ دعویٰ کھوکھلا ثابت ہوا۔ سائن ریلوے اسٹیشن سے شدید بیمار مسافر کیلئے اسٹریچر اور ایمبولنس نہ ہونے کے سبب اسے ٹیکسی میں سائن اسپتال لے جایا گیا۔ اس ضمن میں سینٹرل ریلوے کے سینئر پی آر او اےکے جین سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا سائن ریلوے اسٹیشن پر اسٹریچر اور ایمبولینس سروس نہیں ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ ’’ ہر ریلوے اسٹیشن پر ایمبولنس سروس نہیں ہوتی البتہ کوئی حادثہ ہونے پر اس کاانتظام کیاجاتا ہے۔ ‘‘
اتوار کو نمائندۂ انقلاب ممبرا سے ممبئی کی جانب جس لوکل ٹرین میں سفر کر رہا تھا اسی میں ایک مسافر کی طبیعت اچانک زیادہ خراب ہو گئی ۔ وہ اپنی بیوی اور غالباً بیٹے کے ساتھ سفر کر رہے تھے ۔مسافر کی خراب حالت دیکھ کر چند مسافروں نےملنڈ میں انہیں اپنی جگہ دی اور انہیں سیٹ پر لٹا دیا جس کے بعد وہ نیم بے ہوش ہو گئے۔ خاتون نے بتایا کہ وہ ممبرا میں رہتے ہیں اور گزشتہ چند دنوں سے ان کے شوہرغلام عالم (۳۵)کی طبیعت خراب ہے۔ ان کے جسم سے مسلسل پسینہ بہتا رہتا ہے۔کلو ا میونسپل اسپتال سے علاج کیا لیکن کوئی افاقہ نہیں ہوا اور اسی لئے انہیں وڈالا میں رہنےو الے ان کے رشتہ داروں کے گھر لے جارہی ہیں ۔ٹرین جب بھانڈوپ پہنچی تو راقم نے دوپہر ۳؍ بجکر ۴۹؍ منٹ پر ریلوے کی ہیلپ لائن نمبر۱۵۱۲؍ پر مطلع کیا۔ انہیں ڈبے اور ٹرین کی پوزیشن بھی بتائی۔ فون پر یقین دلایا گیا کہ جلد ہی طبی امداد بھیجی جائے گی لیکن بھانڈوپ سے سائن آنے تک کوئی مدد نہیں ملی۔
 سائن ریلوے اسٹیشن پر بیمار کو اتار کر نمائندۂ انقلاب سائن اسٹیشن ماسٹر آفس گیا تو وہاں موجود اسٹاف نے ایک کانسٹیبل کوراقم کیساتھ بھیج دیا۔ جب ان سے اسٹریچر اور ایمبولنس بلوانے کیلئے کہا تو انہوں نے کہا کہ اسٹریچر نہیں ہے اور ایمبولنس کو وقت لگے گا لہٰذا بیمار کو ٹیکسی میں بٹھا کر سائن اسپتا ل لے جایا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK