Inquilab Logo

کلین اپ مارشل نے ۱۰؍ دنوں میں ایک لاکھ سے زائد جرمانہ وصول کیا

Updated: April 14, 2024, 11:30 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے سڑکوں پر کچرا اور گندگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے بی ایم سی کے ۳؍ مختلف وارڈوں میں تعینات کئے گئے ’کلین اَپ مارشل‘ نے گزشتہ ۱۰؍ دنوں کے دوران ۴۹۷؍ شہریوں سے ایک لاکھ ۱۲؍ ہزار ۱۱۳؍ روپے جرمانہ وصول کرلیا تھا۔

By carrying out clean-up marshal action against those littering the streets of the city. Photo: INN
شہر کی سڑکوں پر گندگی کرنے والوں کیخلاف کلین اپ مارشل کارروائی کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے سڑکوں پر کچرا اور گندگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے بی ایم سی کے ۳؍ مختلف وارڈوں میں تعینات کئے گئے ’کلین اَپ مارشل‘ نے گزشتہ ۱۰؍ دنوں کے دوران ۴۹۷؍ شہریوں سے ایک لاکھ ۱۲؍ ہزار ۱۱۳؍ روپے جرمانہ وصول کرلیا تھا۔
ان کلین اپ مارشل نے ۲؍ اپریل سے کارروائی شروع کی تھی اور ۱۱؍ اپریل تک انہوں نے ایک لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کرلیا۔اس دوران بی ایم سی نے ’ای وارڈ‘، جس میں بائیکلہ، مدنپورہ، مومن پورہ اور آگری پاڑہ جیسے کئی علاقے آتے ہیں، میں بھی جمعہ سے کلین اپ مارشل تعینات کرنے کا اعلان کردیا۔
 واضح رہے کہ پورے شہر میں بی ایم سی کے ۲۴؍ وارڈ ہیں اور ہر وارڈ میں ۳۰؍ کلین اپ مارشل تعینات کئے جارہے ہیں اس طرح پورے شہر میں کُل ۷۲۰؍ کلین مارشل تعینات کئے جائیں گے۔ البتہ یہ کارروائی مرحلہ وار کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:کار پوریشن کی عمارت پر اردو میں نام لکھنے پر کوئی پابندی نہیں

 شہری انتظامیہ نے سب سے پہلے ’اے وارڈ‘ میں کلین اپ مارشل تعینات کرنے کافیصلہ کیا تھا کیونکہ یہاں قلابہ، فورٹ، نریمن پوائنٹ جیسے علاقے آتے ہیں جو سیرو تفریح کیلئے سیاحوں کی آماجگاہ ہیں۔ یہاں بڑی تعداد میں سیلانیوں کے آنے کی وجہ سے راستوں اور سڑکوں پر گندگی پھیلنے کا زیادہ خدشہ ہوتا ہے اس لئے سب سے پہلے یہاں کلین اپ مارشل لائے گئے۔ کلین اپ مارشل کے ذریعہ اب تک سب سے زیادہ افراد پر اسی وارڈ میں جرمانہ عائد کیا گیا ہے جن کی تعداد ۳۷۴؍ ہے۔
اس کے بعد’ سی وارڈ‘ میں ان کو تعینات کیا گیا جس میں چیرا بازار، کالبا دیوی، عبدالرحمٰن اسٹریٹ جیسے تجارتی علاقے ہیں۔ اس وارڈ میں کُل ۵۴؍ افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ۔
تیسرے نمبر پر ’جی جنوب‘ وارڈ آتا ہے جس میں ایلفنسٹن روڈ ہے۔ اس وارڈ میں ۶۹؍ افراد پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
 یاد رہے کہ کلین اپ مارشل کو ۱۰۰؍ روپے سے ایک ہزار روپے تک جرمانہ وصول کرنے کا حق دیا گیا ہے۔ اگر کوئی سڑک پر کچرا پھینکے یا تھوک دے تو اس سے ۲۰۰؍ روپے جرمانہ وصول کیا جاتا ہے جبکہ راستوں پر نہانے، رفع حاجت، پرندوں کو دانا کھلانے، گاڑی دھونے یا گاڑیوں کی مرمت کرنے جیسے کاموں پر بھی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ڈیوٹی کے پہلے ہی دن ان کلین اپ مارشل نے جرمانہ کے طور پر ۲؍ہزار ۸۰۰؍ روپے جرمانہ وصول کرلیا تھا۔
جرمانہ کی رقم آن لائن بھرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ مستقبل میں فضائی آلودگی پھیلانے والوں سے ۵؍ہزار سے ۱۰؍ ہزار روپے تک جرمانہ وصول کیا جائے گا اور جرمانہ کی آدھی رقم کانٹریکٹر کو اور آدھی رقم شہری انتظامیہ کو ملے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK