بچو کڑو کے احتجاج کو منوج جرنگے کی حمایت، عدالت کے احترام میں ’ریل روکو آندولن‘ فی الحال ملتوی، وزیر اعلیٰ سے بچو کڑو کی ملاقات
EPAPER
Updated: October 30, 2025, 11:17 PM IST | Ali Imran
بچو کڑو کے احتجاج کو منوج جرنگے کی حمایت، عدالت کے احترام میں ’ریل روکو آندولن‘ فی الحال ملتوی، وزیر اعلیٰ سے بچو کڑو کی ملاقات
 
                                 ناگپور میں سابق رکن اسمبلی بچو کڑو کی قیادت میں کسانوں کی قرض معافی کیلئے شروع کیا گیا احتجاج تیسرے دن بھی جاری رہا۔ بدھ کی شام حکومت کے وفد  نے بچو کڑو سے ملاقات کی اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک گفتگو کی لیکن کوئی حل نہ نکل سکا۔ اسلئے اس کے بعدیہ طے ہوا کہ جمعرات کو بچو کڑو ممبئی جا کر  وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے ملاقات کریں گے  اور مسئلے کا حل ڈھونڈنے کی کوشش کی جائے گی۔ بچو کڑو کا کہنا تھاکہ اگر اس میٹنگ میں قرض معافی کی تاریخ طے نہیں کی گئی یا کوئی مناسب حل نہیں نکالا گیا تو مظاہرین جمعہ کو ریل روکو آندولن کریں گے۔ حالانکہ بعد میں انہوں نے ریل روکو آندولن کا فیصلہ انہوں نے واپس لے لیا۔ 
  بدھ ہی کی رات مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے ناگپور پہنچے۔ انہوں نے بچو کڑو سے ملاقات کی اور ان کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا۔ میڈیا بات کرتے ہوئے منوج جرنگے  نے کہا کہ پچھلے ۷۰؍سال  میں ہر حکومت نے کسانوں کو لوٹا ہے۔ بچو کڑو سمیت تمام کسان لیڈروں کا ایک پلیٹ فارم پر آنا ریاست کیلئے ایک بڑا پیغام ہے، انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس اتحاد ہی سے تحریک کامیاب ہوگی۔ منوج جرنگے نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت کوئی چال چلتی ہے تو ہمیں بھی جوابی چال چلنی چاہئے۔ یہ کسانوں کی مدد کرنے کا صحیح وقت ہے۔ منوج جرنگے نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سو فیصد معاوضہ کے بغیر کوئی کسان پیچھے نہیں ہٹے گا۔ منوج جرنگے کی حمایت پر بچو کڑو نے کہا کہ ’’منوج جرنگے کی حمایت سے کسانوں کی تحریک کو کافی تقویت ملی ہے۔  جرنگے یہاں ایک کسان کے طور پر آئے تھے اور اس سے کسانوں کو ضرور فائدہ ہوگا۔ ہم سب کو مل کر لڑنا ہے۔ کسانوں کیلئے بغیر کسی تفریق کے، بغیر کسی سیاست کے لڑنا بہت ضروری ہے۔ 
 اس دوران پولیس نے عدالت میں بچوکڑو کے احتجاج کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ ناگپور کی سڑکوں اور گلیوں کو تو مظاہرین سے خالی کروالیا گیا ہے لیکن بچو کڑو نے مطالبہ پورا نہ ہونے پر جمعہ کے روز ریل روکو آندولن کی دھمکی دی ہے۔ بچو کڑو  نے اپنے ریل روکو آندولن کا خاکہ عدالت میں پیش کیا جسے عدالت نے منظوری نہیں دی۔ بچو کڑو نے عدالت کے احترام میں اپنا ریل روکو آندولن واپس لے لیا۔بچو کڑو کے وکیل ہری اوم ڈھگے نے ہائی کورٹ (ناگپور بینچ) کو اس کی اطلاع دی جس پر عدالت نے مظاہرین کی ستائش کی ۔
  یاد رہے کہ حکومت کے وفد میں شامل ریاستی وزیر پنکج بھوئیر اور آشیش جیسوال بدھ کی رات تقریباساڑھے ۸؍ بجے ناگپور پہنچے اور بچو کڑو سے بات کی۔ مظاہرین نے واضح کر دیا کہاگر قرض معافی کا فیصلہ ہوتا ہے تو ہی  مذاکرات کا فائدہ ہے، ورنہ کوئی فائدہ نہیں۔ وفد کے ساتھ گفتگو میں کوئی حل نہیں نکلا۔ تب نمائندوں نے فون پر بچو کڑو کی وزیر اعلیٰ سے  بات کروائی۔ وزیر اعلیٰ نے بچو کڑو کو گفتگو کیلئے ممبئی آنے کی دعوت دی۔ بچو کڑو ممبئی نہیں جانا چاہتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناگپور سے ان کے ہٹنے پر احتجاج درہم برہم ہو سکتا ہے۔ مگر  وزیر اعلیٰ کے سمجھانے پر وہ اس شرط پر ممبئی جانے کیلئے راضی ہوئے کہ حکومت پولیس کے ذریعے احتجاج ختم نہیں کروائے گی۔
  بالآخر جمعرات کی دوپہر بچو کڑو اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ ممبئی کیلئے روانہ ہوئے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے  انہوںکہا کہ ممبئی میں وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرنے کے بعد، ہم رات ہی کو ناگپور واپس آئیں گے اور اگلے قدم کے تعلق سے میٹنگ کریں گے۔ ہم آج رات ہی اپنے اگلے موقف کا اعلان بھی کریں گے۔ تحریک کو دوبارہ منظم کرنے میں ہمیں دیر نہیں لگتی۔ ہمارا فیصلہ ہے کہ اگر گاندھی گیری سے کام نہیں چلا تو ہم بھگت سنگھ بن کر آئیں گے۔ خبر لکھے جانے تک وزیر اعلیٰ کے ساتھ بچو کڑو کی میٹنگ جاری تھی۔