سخت مقابلے میں جنوبی افریقہ کو شکست دینے والی ٹیم انڈیا کی کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش، بی سی سی آئی کی جانب سے ۵۱؍ کروڑ روپے کا اعلان ،وکٹری پریڈ کا اعلان جلد
EPAPER
Updated: November 04, 2025, 9:19 AM IST | Mumbai
سخت مقابلے میں جنوبی افریقہ کو شکست دینے والی ٹیم انڈیا کی کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش، بی سی سی آئی کی جانب سے ۵۱؍ کروڑ روپے کا اعلان ،وکٹری پریڈ کا اعلان جلد
                                ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے۲۰۲۵ء کا  یکروزہ ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کردی ہے۔ نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل  اسٹیڈیم  میںہونے والے فائنل میچ میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو ۵۲؍ رنوں سے شکست دی۔ اس طرح ہندوستانی خواتین ٹیم نے پہلی بار ورلڈ کپ کا خطاب اپنے نام کرلیا ۔ہندوستانی خواتین ٹیم کی شاندار جیت کے بعد اب ان پر انعامات کی بارش ہو رہی ہے۔ ساتھ ہی پورے ملک میں زبردست جشن منایا جارہا ہے۔ ممبئی میں میچ کے  فوراً بعد  جشن شروع ہو گیا تھا ۔ ڈی وائے پاٹل اسٹیڈیم کے باہر ہزاروں لوگ جمع ہو گئے تھے اور انہوں نے آتش بازی شروع کردی تھی ۔بی سی سی آئی کی جانب سے بھی میچ کے بعد جشن مناتے ہوئے اسٹیڈیم کے اوپر ڈرون کے ذریعہ ورلڈ کپ کی دلکش تصاویر بنائی گئیں۔ یہ نظارہ کئی کلومیٹر دور سے بھی دیکھا جاسکتا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ملک کے کئی حصوں میں ملک کی بیٹیوں کی اس کامیابی پر زبردست جشن منایا جارہا ہے۔  دہلی ، کولکاتا، احمد آباد، حیدر آباد، بنگلور ، پونے ، لکھنؤ، آگرہ ، جے پور ، چنڈی گڑھ  اور پنجاب کے بیشتر شہروں میںرات کو ہی کرکٹ شائقین سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ 
   دریں اثناءہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کھلاڑیوں اور ٹیم کے معاون عملے کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔ بی سی سی آئی ہندوستانی ٹیم کو بطورانعام ۵۱؍ کروڑ روپے دے گا۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سیکیا نے اس کی تصدیق کی۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی خواتین ٹیم کو اتنی بڑی انعامی رقم ملے گی۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے دیوجیت سیکیا نے کہا کہ کپل دیو نے۱۹۸۳ءمیں ہندوستان کو ورلڈکپ جتوا کر ہندوستانی کرکٹ کو نئی توانائی اور تحریک دی تھی۔ اب ہرمن پریت کور اور ان کی ٹیم نے وہی جوش اور ولولہ دوبارہ پیدا کیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف ٹرافی جیتی ہے بلکہ پورے ملک کا دل جیت لیا ہے۔دیوجیت سیکیا نے کہا کہ یہ جیت ہندوستان میں خواتین کی کرکٹ کے مستقبل کو ایک نئی سمت دے گی اور کھلاڑیوں کی اگلی نسل کو متاثر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جے شاہ کی قیادت میں خواتین کرکٹ میں بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ تنخواہوں میں مساوات پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ حال ہی میں خواتین کے ورلڈ کپ کے لیے انعامی رقم میں ۳۰۰؍ فیصد کا اضافہ کیا گیا۔ یہ  ۲ء۸۸؍ ملین ڈالر سے بڑھ کر تقریباً ۱۴؍ ملین ڈالر کر دی گئی ہے۔ ان اقدامات سے خواتین  کے کرکٹ کو نمایاں فروغ ملا ہے۔ 
 واضح رہے کہ آئی سی سی کی طرف سے بھی ہندوستانی ٹیم کو خطاب جیتنے پر۴ء۴۸؍ملین ڈالر(تقریباً ۴۰؍کروڑ روپے) کی انعامی رقم ملی ہے جو کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔خواتین کرکٹ ورلڈ کپ میں آئی سی سی نے۱۳ء۸۸؍ ملین ڈالر (تقریباً ۱۲۳؍ کروڑ روپے) کی انعامی رقم تقسیم کی جو گزشتہ   ایڈیشن سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔اب انتظار وکٹری پریڈ کا ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔  واضح رہے کہ ٹیم انڈیا کوصدر جمہوریہ مرمو ، وزیر اعظم مودی، راہل گاندھی ، ملکارجن کھرگے ، سونیا گاندھی اور دیگر لیڈران نے مبارکباد پیش کی ہے۔