• Tue, 04 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہم نے۶۰؍فیصد جنگوں کو ٹیریف کی دھمکی دے کر ختم کروایا ہے، امریکی صدرٹرمپ کا دعویٰ

Updated: November 04, 2025, 10:49 AM IST | Agency | Washington

سی بی ایس نیوز کے’۶۰؍منٹس‘ میں امریکی صدر نے جوہری تجربات سے لے کر ٹیریف، تجارتی معاہدوں اور وینزویلا کے ساتھ کشیدگی کے متعلق کئی باتیں کہیں

Donald Trump. Photo: INN.
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نےایک ٹی وی انٹرویو میں  اشارہ دیا ہے کہ وینزویلا کے  صدر نکولس مادورو کے دن گنے جا رہے ہیں کیونکہ کیریبین میں امریکی فوج کی موجودگی سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔  اتوار کو نشر ہونے والے ’’سی بی ایس نیوز‘‘ کے’’۶۰؍ منٹس‘‘ میں  انٹرویو کے دوران  ٹرمپ سے شو کی میزبان نورا او ڈونیل نے پوچھا کہ کیا وینزویلا کے صدر مادورو کےدن گنے گئے ہیں تو انہوں نے کہا کہ  ہاں مجھے ایسا لگتا ہے ۔  انہوں نے وینزویلا کے خلاف جنگ کے امکان کو مسترد کر دیا تاہم ٹرمپ نے یہ بتانے سے  بھی انکار کر دیا کہ آیا وینزویلا میں ممکنہ  بری کاروائی کا معاملہ درست ہے یا نہیں۔
  خیال رہے کہ  متعدد امریکی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی تھی کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ’’منشیات  کی غیر قانونی   تجارت کے خلاف اپنی مبینہ جنگ کے ایک حصے کے طور پر وینزویلا میں فوجی تنصیبات پر حملے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ حملے کسی بھی وقت ہو سکتے ہیں۔ 
جوہری تجربات پر ٹرمپ نے کیا کہا
ٹرمپ نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ شمالی کوریا واحد ملک نہیں ہے جو جوہری ہتھیاروں کے تجربات کررہا ہے، بلکہ روس اور چین بھی یہ تجربات کر رہے ہیں۔ ’سی بی ایس نیوز‘ کے پروگرام’۶۰؍ منٹس‘ کے دوران  میزبان نورا او ڈونل نے استفسار کیا کہ ’’واحد ملک جو جوہری ہتھیاروں کے تجربات کر رہا ہے وہ شمالی کوریا ہے‘‘ تو ٹرمپ نے کہا، ’’روس اور چین بھی آزمائشیں کر رہے ہیں،  تا ہم  وہ اس بارے میں بات نہیں کرتے۔‘‘یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب تین دن پہلے ٹرمپ نے امریکی فوج کو۳۰؍ سال کے وقفے کے بعد دوبارہ جوہری ہتھیاروں کے تجربات شروع کرنے کا حکم دیا۔  انہوں نے کہا، ’’دیگر ممالک تجربات کر رہے ہیں۔ ہم واحد ملک ہیں جو ایسا نہیں کر رہا اور میں نہیں چاہتا کہ ہم  اس دوڑ میں پیچھے رہ جائیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ معلوم کرنا آسان نہیں کہ یہ ممالک اپنے ہتھیار کہاں آزما رہے ہیں۔ ٹرمپ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ جوہری ہتھیار استعمال نہیں کرنا چاہتے، لیکن ان کے تجربات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ وہ کیسے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا، "کیا یہ منطقی ہے کہ  آپ جوہری ہتھیار بناتے ہیں، اور پھر ان کا تجربہ نہیں کرتے۔ آپ یہ کیسے کریں گے؟ آپ کیسے جانیں گے کہ وہ کام کرتے ہیں یا نہیں؟‘‘
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ کے پاس زبردست جوہری طاقت ہے، جو کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ہے۔  انہوں نے کہا، روس دوسرے نمبر پر ہے۔ چین بہت پیچھے تیسرے نمبر پر ہے، لیکن وہ پانچ سال میں برابر ہو جائیں گے۔ آپ جانتے ہیں، وہ تیزی سے بنا رہے ہیں، اور میرا خیال ہے کہ ہمیں جوہری تخفیف کے بارے میں کچھ کرنا چاہیے۔ ہمارے پاس اتنے جوہری ہتھیار ہیں کہ دنیا کو۱۵۰؍ بار تباہ کر سکتے ہیں۔ روس کے پاس بھی بہت سے جوہری ہتھیار ہیں، اور چین کے پاس بھی بہت ہوں  گے۔‘‘
۶۰؍فیصد جنگوں کو ختم کروانے کا دعویٰ کیا 
امریکی صدر ٹرمپ کے مطابق ان کی انتظامیہ نے دنیا میں۶۰؍ فی صد جنگوں کو تجارتی محصولات(ٹیریف) کے ذریعے دھمکی دے کر ختم کیا۔ ’سکسٹی منٹس‘ میں ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کمزور نہیں ہے اور اگر حماس نے درست برتاؤ نہ کیا تو اسے فوراً ختم کیا جا سکتا ہے۔ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ روس - یوکرین جنگ ختم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ چین کے ساتھ تجارتی معاہدے کے  بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کو وہ اچھا سمجھتے ہیں ... چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادی میر پوتین دونوں بہت طاقت ور لیڈر ہیں اور انہیں کمتر نہیں سمجھا جاسکتا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK