Inquilab Logo Happiest Places to Work

گرمی سے ملک جھلس رہا ہے، کئی ریاستوں میں پار ہ۴۵؍ ڈگری کے پار

Updated: May 26, 2026, 3:49 AM IST | New Delhi

جلد راحت نہیں،یوپی کے کئی اضلاع میںگرم لہر کے ساتھ آندھی کی دوہری مار

Women carry umbrellas to protect themselves from the scorching sun in Varanasi. (PTI)
وارانسی میں شدید دھوپ سے بچنے کیلئے خواتین چھتریاںلئے ہوئے ۔(پی ٹی آئی )

آسمان سے برستی آگ نے پورے ملک کو جھلسا رکھا ہے۔ملک کا کوئی حصہ ایسا نہیںجو گرمی سے بے حال نہ ہو۔ہر ریاست میں ان دنوں پارہ چڑھا ہوا ہے۔بحرالکاہل میں بننے والے ایل نینو اثرنے اس مرتبہ ہندوستان کی متعدد ریاستوں میںپارہ ۴۵؍ ڈگری کے پار پہنچا دیا ہے۔بتایا جا رہا ہےکہ۱۵۰؍ سال میں پہلی بار ایل نینوکا اثراتنا شدید ہے۔ذرائع کے مطابق شدید گرمی کے باعث ملک کی دوتیلگو ریاستوںتلنگانہ اور آندھرا پردیش میںسنیچر کو ایک ہی دن میں۶۷؍ افراد موت کی آغوش میں چلے گئے۔ اس کے علاوہ دیگرریاستوںمیں بھی گرمی سے حالات ابتر ہیں۔
  اتر پردیش، دہلی-این سی آر، پنجاب، ہریانہ، راجستھان، گجرات، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش سمیت ملک کے بڑے حصے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۴۳؍ سے ۴۷؍ ڈگری سلسیس تک درج کیا گیا ہے۔۴۷ء۱؍ ڈگری کے ساتھ مہاراشٹر کے ودربھ کا برہم پوری ملک کا سب سے گرم علاقہ رہا۔دوسری طرف اتر پردیش گرم لہر اور آندھی کی دوہری مار جھیل رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے۱۰؍ اضلاع میں لو کیلئے ریڈ الرٹ اور۲۳؍ اضلاع میں اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ اتوار کو۴۶ء۸؍ ڈگری کے ساتھ باندہ بدستور اترپردیش میں سب سے گرم رہا۔ وہیں الہ آباد (پریاگ راج)، جھانسی، اورئی اور آگرہ میں بھی درجہ حرارت۴۵؍ ڈگری سے تجاوز کر گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی ہندوستان، مغربی ہمالیائی علاقہ اور جنوب مغربی ہندوستان کو چھوڑ کر دیگر حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴۰؍ سے۴۳؍ ڈگری کے درمیان برقرار رہا۔ ملک کے ایک بڑے حصے میں جمعہ تک راحت کی امید بھی نہیں ہے۔ خاص طور پر راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر اور گجرات کے بڑے حصے میں شدید گرمی  برقرار رہنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
 محکمہ موسمیات نے پیش گوئی ہے کہ شمالی ہندوستان، خاص طور پر دہلی-این سی آر، مغربی اترپردیش، پنجاب، ہریانہ، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش میں۲۹؍مئی سے موسم میں تبدیلی نظر آئے گی۔ ان ریاستوں میں۵۰؍ فیصد علاقوں میں جمعہ کو بارش اور آندھی کا امکان ہے ۔ اس وجہ سے ان علاقوں میں سنیچر کو زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم دونوں ہی درجہ حرارت میں گراوٹ آنے کی توقع ہے۔ وہیں موسم میں تبدیلی سے درجہ حرارت میں۳؍سے۵؍ ڈگری تک گراوٹ آ سکتی ہے۔
 کہا جا رہا ہے کہ مانسون مقررہ وقت سے۴؍دن پہلے۲۶؍ مئی کو کیرالا کے ساحل پر دستک دے سکتا ہے۔ اس سے پہلے ہی کیرالا، انڈمان-نکوبار جزیرے اور لکش دیپ میں قبل از مانسون بارش شروع ہو چکی ہے۔ کیرالااور لکش دیپ، تمل ناڈو، شمال مشرق اور ملحقہ علاقوں میں اگلے چار سے پانچ دنوں تک کئی مقامات پر بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ وہیں آسام، سکم، اروناچل پردیش، میگھالیہ کے علاوہ مغربی بنگال کے ہمالیائی علاقوں میں محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں میں  تیز آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آسام، میگھالیہ، ادیشہ، جھارکھنڈ، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال میں کچھ مقامات پر۶۰؍ سے۱۰۰؍کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔ وہیں اتراکھنڈ میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹے کے دوران کئی جگہ ژالہ باری کی اطلاعات ہیں۔

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK