Inquilab Logo

عدالت نے عازمین حج کوعبوری راحت دی

Updated: May 27, 2023, 9:48 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

ممبئی ہائیکورٹ کی ناگپور بینچ میں۲۱؍عازمین کی جانب سے داخل کردہ عرضداشت پر عدالت نے امبارکیشن پوائنٹ تبدیل کرنے یا زائد رقم لوٹانے کو کہا ۔مرکزی حج کمیٹی نے عدالتی حکمنامہ موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اسے وزارت برائے اقلیتی امور کوبھیجا جائیگا

Pilgrims on their way to the plane at an embarkation point. (file photo)
ایک امبارکیشن پوائنٹ پر عازمین طیارے کی طرف جاتے ہوئے۔ (فائل فوٹو)

 سفر حج کے کرائے کے اضافی بوجھ کے معاملے میں عدالت نے عرضداشت گزاروں کو عبوری راحت دی ہے  ۔  ناگپور اور ودربھ کے ۲۱؍ عازمین کے ذریعہ داخل کی گئی پٹیشن پر سماعت کے دوران بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ نے حج کمیٹی آف انڈیا کو حکم دیا ہے کہ وہ عرضی گزاروں کے روانگی کے ’امبارکیشن پوائنٹ‘ کو ممبئی کرنے یا زائد رقم کے بجائے ممبئی کے عازمین جتنی ہی رقم وصول کرنے کے تعلق سے ایک ہفتے میں فیصلہ کرے۔
شکایت کیا ہے ؟
  مرکزی حکومت نے ۶؍مئی کو ایک سرکلر جاری کیا تھا جس کے تحت اورنگ آباد اور ناگپور کے امبارکیشن پوائنٹ سے حج بیت اللہ کے لئے روانہ ہونے والوں سے کئی ہزار روپے زائد وصول کرنے کی حج کمیٹی کو ہدایت دی گئی تھی۔ اس سرکلر کو مذکورہ عرضی گزاروں نے چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ سرکلر انہیں آئین میں دی گئی مساوات کی آزادی کی خلاف ورزی کرتا ہے اس لئے یا تو ان سے ممبئی کے عازمین جتنا ہی سفر حج وصول کیا جائے یا پھر ان کا امبارکیشن پوائنٹ ممبئی کردیا جائے۔
 اس معاملے کی شنوائی کرتے ہوئے جسٹس ایم ڈبلیو چندوانی نے عازمین کوعبوری راحت دیتے ہوئے حج کمیٹی آف انڈیا کویہ حکم دیاکہ عازمین کے مذکورہ مطالبات پر ۷؍دنوں میں فیصلہ کریں۔
ناگپور اور اورنگ آباد کے عازمین سے کتنا زائد کرایہ  مانگا گیا؟
 یادرہے کہ ممبئی کےمقابلے اورنگ آباد کے عازمین سے ۸۸؍ہزار روپے اورناگپور کے عازمین سے ۶۲؍ہزار روپے زائد لئے گئے ہیں۔ یہ عازمین پربڑا بوجھ ہے۔اس سے راحت پانے کے لئے عازمین مسلسل کوشاں ہیں۔ عدالت کا درواز ہ کھٹکھٹانا بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔ 
 اس تعلق سے عازمین کی جانب سے ناگپور میں سینئرایڈوکیٹ فردوس مرزا کی سربراہی میں عرضداشت داخل کرنےوالے ایڈوکیٹ محمد عتیق نےنمائندۂ انقلا ب کوبتایا کہ ’’ عازمین کی عرضی پر بامبے ہائی کورٹ کی ناگپوربنچ نے منگل ۲۳؍ مئی کو دونوں مطالبات پر غور کرتے ہوئے عازمین کوعبوری راحت دیتے ہوئے حکم صادر کیا۔ عدالت نے حج کمیٹی کو عرضی گزاروں کے مطالبات پر غور کرکے ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔‘‘
داخل کردہ عرضداشت میں یہ مطالبہ کیا گیا
 ایڈوکیٹ محمدعتیق نےیہ بھی بتایاکہ ’’عازمین کی جانب سے دائرکردہ عرضداشت میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہندوستان سے عازمین کے سفر حج کے لئے گلوبل ٹینڈرنگ کرائی جائے۔ اس میں سوال کیاگیا ہے کہ جب ناگپور سے جدہ کا عام دنو ںمیں ہوائی جہاز کا کرایہ ۲۵؍ہزار سے ۳۹؍ہزار روپے کےدرمیان ہوتا ہے تو عازمین حج سےایک لاکھ روپے تک کرایہ وصول کئےجانے کا کیا جواز ہے؟ عرضی گزاروں نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ عازمین کواس درجے کی سہولتیںبھی نہیںدی جاتی ہیں جو دوسرے مسافروں کومہیا کروائی جاتی ہیں۔ ان شقوں پر آئندہ کی تاریخوں میں شنوائی ہوگی۔ سرِدست امبارکیشن پوائنٹ تبدیل کرنے اور کرایہ میں فرق والی رقم لوٹانےکا معاملہ ایک ہفتے میں طے کرنے کو حج کمیٹی آف انڈیا سے کہا گیا ہے۔‘‘
حج کمیٹی نے عدالت کاآرڈرملنے کی تصدیق کی 
 حج کمیٹی آف انڈیا کے افسر اورترجمان حیدر پاشا نے انقلاب کے استفسار کرنے پر بتایاکہ ’’حج کمیٹی کے لیگل سیکشن میں معلوم کرنے پرپتہ چلا کہ ہائی کورٹ کے حکمنامے کی کاپی موصول ہوگئی ہے۔ اسے وزارت برائے اقلیتی امور کوبھیجا جائے گا۔‘‘ ان سے یہ پوچھنے پرکہ’’اب تک بھیجا نہیں گیا ہےیہ حکم تو ۲۳؍مئی کوہی دیا گیا ہے، اس پرانہوںنے کہاکہ حکمنامے کی کاپی ملنے میں وقت لگتا ہے، ابھی ملی ہے ، اسے بھیجا جائے گا اورمنسٹری کی جانب سے جو کہا جائے گا اس پرعمل کیا جائے گا۔‘‘ 

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK