ایک ہزار ۳۷؍ افراد کی موت کی تصدیق ،زخمیوں کی ایک بڑی تعداد کی حالت نازک ۔ محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت۔
EPAPER
Updated: September 10, 2023, 11:48 AM IST | Agency | Rabat
ایک ہزار ۳۷؍ افراد کی موت کی تصدیق ،زخمیوں کی ایک بڑی تعداد کی حالت نازک ۔ محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت۔
سنیچر کو مراکش نے اپنی حالیہ تاریخ کے مہلک ترین زلزلے کا سامنا کیا جس میں ایک ہزار سے زائد افراد لقمۂ اجل بن گئے ۔ بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ۔ عمارتیں تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئیں ۔
یاد رہےکہ مراکش زلزلے سے قبل بھی چند شدید زلزوں کا سامنا کر چکا ہےجن میں سے ایک ۲۰۰۴ءکا زلزلہ شامل ہے جو شمال مشرق میں الحوسیمہ میں آیا جس میں دستیاب اعدادو شمار کے مطابق۶۲۸؍ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس سے قبل ۱۹۶۰ء میں اگادیر کے زلزلے میں ۱۲؍ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جمعہ کی شب آنے والے شدید زلزلے نے مراکش کو تہ و بالا کرکے رکھ دیا۔ اس زلزلے میں خبر لکھے جانے تک ایک ہزار ۳۷؍ افراد لقمۂ اجل بن چکےہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا خدشہ ہے۔ سیکڑوں افراد زخمی ہیں جن میں سے ایک بڑی تعداد کی حالت نازک ہے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق مقامی وقت کے مطابق۱۱؍بج کر ۲۳؍منٹ پر آنے والے زلزلے کی شدت ریختر اسکیل پر ۶ء۸؍ بتائی گئی ہے۔زلزلے کا مرکز مراکش سے۷۰؍ کلومیٹر جنوب مغرب میں الحوز صوبے کے قصبے ایغل کے نزدیک۱۸ء۵؍کلومیٹرکی گہرائی میں تھا۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ زلزلے کی وجہ سے مراکش کے شہروں میں کئی مکانات گر گئے۔ رباط اور کاسا بلانکا سمیت مراکش کے کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
مراکش میں مقیم ایک غیرملکی ژانگ کائی نے بتایا ،’’ زلزلے نے مراکش کے پرانے شہر میں بہت سی عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔ بہت سے مکینوں کو ممکنہ مابعد جھٹکوں ( آفٹر شاکس) کے خوف سے کھلے آسمان کے نیچے رات گزارنی پڑی۔ ‘‘ مراکش سے تقریباً۱۹۰؍ کلومیٹر جنوب مشرق میں اوارزازیٹ میں زلزلے کے بعد ایک بڑی تعداد نے ایک کھلے علاقے میں پناہ لی ۔ اورزازیٹ سے زلزلے کے مرکز تک کے راستے میں پہاڑوں ، عمارتوں اورچٹانوں کا ملبہ سڑک پر بکھرے ہوئے دیکھا گیا۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بچ جانے والوں کی تلاش کیلئے امدادی کارکنوں کو زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں بھیج دیا گیا ہے۔ ایکس اور فیس بک پر گردش کرنے والے ویڈیوز میں تباہ شدہ عمارتوں کا ملبہ سڑک پر بکھرے ہوئے دکھایا گیا ہے اور لوگ خوف و ہراس عالم میں بھاگ رہے ہیں ۔
ایک مقامی باشندے نے بتایا ،’’ مراکش کے پرانے شہر میں کچھ عمارتیں گر گئی ہیں ۔ ‘‘ ایک اور شخص نے بتایا ،’’ زلزلے کے سبب لوگ خوف کے عالم میں گھروں سے سڑکوں پر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ بڑی بڑی عمارتیں لرز اٹھیں ۔ بجلی اور فون کی لائنیں ۱۰؍منٹ تک بند رہیں ۔‘‘ اس دوران امدادی کارروائی میں بھی شدید دشواری ہو رہی ہے۔ بہت سے دور دراز دیہاتوں تک پہنچنے میں مشکلات ہورہی ہیں ۔ایک مقامی اہلکار نے بتایاکہ زیادہ تر اموات پہاڑی علاقوں میں ہوئیں جہاں پہنچنا مشکل ہے۔ ایک فرانسیسی شخص مائیکل بزٹ نے بتایا،’’ جب یہ تباہی آئی ،میں اپنے بستر میں تھا۔ مجھے لگاکہ میرا بیڈ اڑ رہا ہے، میں جس حالت میں تھا، دوڑ کر باہر نکل آیا اور میں فوراً مراکش کے روایتی گھروں کو دیکھنے چلا گیا۔ ہر طرف افراتفری اور تباہی کے مناظر تھے۔‘‘ ایک عینی شاہدنے بتایا ،’’سب لوگ صدمے اور خوف میں مبتلا تھے۔ بچے رو رہے تھے اور والدین پریشان تھے۔ ‘‘
مراکش کی فوج نے مابعد جھٹکوں کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے۔
’’عالمی برادری مراکش کی مدد کیلئے آگے آئے گی‘‘
ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقدہ جی -۲۰؍ سربراہی اجلاس میں بھی ’ مراکش زلزلے ‘ کی بازگشت سنائی دی ۔ اس دوران جی -۲۰؍ کے سربراہ ملک کے طور پر وزیر اعظم نریندر مودی نے وعدہ کیا کہ عالمی بر ادری متاثرین کی مدد کرے گی۔ دیگر عالمی لیڈروں نے بھی اس قدرتی آفت پر افسوس کا اظہا رکیا اور مر اکش کی ہر ممکن مدد کا وعدہ کیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جی-۲۰؍ سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ،’’ عالمی برادری مراکش کی مدد کیلئے آگے آئے گی۔‘‘ وزیر اعظم نے حکومت اور عوام سے اس ہلاکت خیز قدرتی آفت کے بعد یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں اتنے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضائع پر دکھ ہوا ہےاور عوام کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔‘‘اس موقع پر ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے `مراکش کے عوام کیلئے یکجہتی اور حمایت کا وعدہ کیا ہے۔ اس کے دوران فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ وہ اس خبر سے مایوس ہیں ۔ انہوں نے بھی مراکش کی بھر پور مدد کا وعدہ کیا ۔
’’ہم مشکل گھڑی میں اپنے مراکشی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ‘‘
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے مراکش میں شدید ترین زلزلے میں مرنے والوں سے اظہار تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ،’’ ہم اس مشکل گھڑی میں اپنے تمام وسائل کے ساتھ اپنے مراکشی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔‘‘ صدر رجب طیب اردگان نے مراکش میں آنے والے زلزلے سےمتعلق ایک پیغام جاری کیا ہے۔اردگان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا،’’میں دوست اور برادر ملک مراکش کے زلزلے کی قدرتی آفت کی مار جھیلنے والے تمام مراکشی بھائیوں کیلئےنیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں ۔ میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والوں کیلئے خدا کی رحمت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں ۔ ہم اس مشکل گھڑی میں اپنے تمام وسائل کے ساتھ اپنے مراکشی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔‘‘
متحدہ عرب امارات کے صدر کا پرو ازوں سے امداد کا حکم
متحدہ عرب امارات نے پر وازو ں کی مدد سے زلزلہ زدہ مراکش کی امداد کا حکم دیا ہے۔میڈیارپورٹس میں سرکاری خبر رساں ایجنسی کونا کے حوالے سےبتایاگیا کہ ایک بیان میں متحدہ عرب امارات نے مراکش سے یکجہتی کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ متحدہ عرب امارات کےصدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے مراکش میں متاثرہ افراد کو اہم امدادی سامان پہنچانے کیلئے فوری طور پر پر وازوں سے امداد کا حکم دیا ہے۔ بیان کے مطابق یہ اقدام متحدہ عرب امارات اور مراکش کے درمیان گہرے تعلقات اور متحدہ عرب امارات کی آفات سے نمٹنے کی پائیدار کوششوں اور عالمی یکجہتی کو مضبوط کرنے کے عزم کا واضح ثبوت ہے ۔