Inquilab Logo

روس۔یوکرین جنگ کا اثر، ممبئی میں بریج کی تعمیرکے اخراجات میں اضافہ

Updated: May 31, 2022, 11:36 AM IST | Agency | Mumbai

روس اسٹیل کی پیداوار کرنے والا بڑا ملک،جنگ کی وجہ سےقیمتوں میں اضافہ، شہر میں بریج کی تعمیر پر خرچ ۲۵؍فیصد سے زائد بڑھ گیا ہے

 Work on Kora Center Flyover is underway in Borivali.Picture: Anurag Ahire, Inquilab
بوریولی میں کورا کیندر فلائی اوور کا کام جاری ہے۔تصویر،انقلاب:انوراگ اہیرے

روس اور یوکرین کے درمیان جاری  جنگ کا خمیازہ ممبئی کے شہری انتظامیہ کو اس صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے شہر میں بریجوں کی تعمیر کے لئے جو تخمینہ لگایا تھا وہ تعمیرات میں استعمال ہونے والے کچے مال کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کی وجہ سے تقریباً ۲۵؍ فیصد  سےزائد بڑھ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ بی ایم سی نے شہر و مضافات میں کُُل ۲۱؍ بریج تعمیر کرنے شروع کئے ہیں جن پر اندازاً ڈھائی ہزار کروڑ روپے خرچ کا تخمینہ لگایا گیا تھا لیکن روس اور یوکرین کے درمیان جنگ چھڑنے سے تعمیرات کے کام میں استعمال ہونے والے کچے مال کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے اب ان بریج کی تعمیر پر مزید ۵۰۰؍ کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا میں  روس اسٹیل کی پیداوار میں چوتھے نمبر پر ہے اور جنگ کی وجہ سے اسٹیل کے دام آسمان چھونے لگے ہیں۔ بریجوں کی تعمیر کے لئے منتخب کئے گئے ایک کانٹریکٹر نے اس سلسلے میں بتایا کہ اسٹیل کے دام میں ۱۲؍ سے ۱۵؍ فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے جبکہ سیمنٹ کے دام میں ۱۲؍ فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اسی طرح دیگر اشیاء کے داموں میں بھی کافی اضافہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے بریج کی تعمیر پر آنے والے کُل اخراجات میں ۱۹؍ سے ۲۰؍ فیصد تک کا اضافہ ہوچکا ہے۔ بی ایم سی کے بریج ڈپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے ستیش تُشار نے اس سلسلے میں بتایا کہ ’’کانٹریکٹر ہمیں درخواست بھیج رہے ہیں کہ بریج کی تعمیر کے اخراجات میں اضافہ کردیا جائے لیکن اب تک ہم نے ان درخواستوں پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے کیونکہ شہری انتظامیہ کانٹریکٹر کے ساتھ معاہدہ کرچکی ہے اور اگر بعد میں کچے مال کی قیمتوں  میں اضافہ ہوتا ہے تو یہ بی ایم سی کا مسئلہ نہیں ہے۔‘‘ اطلاع کے مطابق سینڈہرسٹ روڈ پر واقع ہینکاک بریج، وکھرولی ریل اوور بریج اور بوریولی کورا کیندر فلائی اوور جیسے بریجوں کی تعمیرات پر آنے والے اخراجات میں پہلے ہی اضافہ ہوچکا ہے۔ دستیاب ریکارڈ کے مطابق کورا کیندرا فلائی اوور کی تعمیر پر ۱۶۱؍ کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا تھا لیکن اس میں اضافہ ہوکر یہ اخراجات۶۵۱؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔بی ایم سی افسران کے مطابق اس بریج کی تعمیر میں اضافہ کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اس بریج کی طوالت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ایک دیگر افسر کے مطابق وکھرولی ریل اوور بریج کی ستونوں کی ڈیزائن میں تبدیلی کردی گئی ہے جس کی وجہ سے اس کی تعمیرات پر آنے والے خرچ میں ۹۰؍ فیصد تک کا اضافہ ہوچکا ہے۔ اس بریج کی تعمیر پر ۴۵؍ کروڑ روپے خرچ آنے والا تھا لیکن حال ہی میں بی ایم سی نے اس کی تعمیر کے لئے مزید ۴۲؍ کروڑ روپے کو منظوری دے دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK