Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’الیکشن کمیشن بی جے پی کیلئے ووٹ چوری کررہا ہے ‘‘

Updated: August 01, 2025, 11:14 PM IST | Hamidullah Siddiqui | New Delhi

راہل گاندھی کا الیکشن کمیشن پر حملہ، دعویٰ کیا کہ ’’ایسا ایٹم پھوڑیں گے کہ پورے ملک کو پتہ چل جائے گا کہ الیکشن کمیشن ووٹ چور ہے‘‘

Rahul Gandhi interacting with media persons in the Parliament premises
راہل گاندھی پارلیمنٹ کے احاطے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے

 الیکشن کمیشن پر ووٹ چوری کا الزام لگاکر راہل گاندھی نے سیاسی گلیاروں  میں ہلچل مچادی ہے۔  لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن پر بی جے پی کیلئے ووٹ چوری کرنے کاسنگین الزام عائد کرتے ہوئےکہاکہ اس سلسلہ میں  تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد یہ ایٹم بم کی طرح پھٹ جائیں گے اور اس کے نتیجہ میںالیکشن کمیشن کہیں نظر نہیں آئے گا۔ انہوںنے اس کو ملک سے غداری قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اس میں اوپر سے نیچے تک ملوث کمیشن کے اہلکاروں کو بخشا نہیں  جائے گا۔ بہار میں ایس آئی آر اور کانگریس کے ذریعہ ۵؍اگست کوکرناٹک کی  ووٹرلسٹ میں ہیرا پھیری کا پردہ فاش کرنے کی ڈیڈلائن سے قبل راہل گاندھی نے پارلیمنٹ  کے احاطے  میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران  انکشاف کیا کہ ان کے پاس اب ۱۰۰؍فیصد ثبوت موجود ہیں کہ الیکشن کمیشن ووٹ چوری میں ملوث ہے۔ انہوںنے کہا کہ جیسے ہی ہم یہ جاری کریں گے، پورے ملک کو پتہ چل جائے گاکہ الیکشن کمیشن ووٹ  چوری کررہاہے اوریہ چوری بی جے پی کیلئے کی جارہی ہے۔ 
 راہل گاندھی نے مزید کہا کہ’’ پہلے ہمیں مدھیہ پردیش میں شک ہوا۔ لوک سبھا انتخابات میں بھی اسی طرح سے شبہ  ہوا، مہاراشٹر میں اس میں مزید اضافہ ہوگیا۔ ریاستی سطح پر ہم نے محسوس کیا کہ یہاں چوری ہوئی ہے ۔ایک کروڑ ووٹروں کا اضافہ ہوا۔‘‘
راہل نے الیکشن کمیشن کو کیا انتباہ دیا؟
  اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ اسی کے بعد اس کی تہہ میں جانے کا فیصلہ کیا گیا۔  راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوںنے تفتیش میں ہماری مدد نہیں کی، اس لئے ہم نے گہرائی میں  جاکر جانچ کی جس میں ۶؍ماہ لگے۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں  وہ ایٹم بم ملا، اگر یہ پھٹ گیا تو آپ کو ہندوستان میں الیکشن کمیشن نظر نہیں آئے گا۔ مخصوص افراد کا نام  لئے بغیر راہل گاندھی نے کمیشن کے اندر موجود افراد کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ’’آپ ہندوستان کے خلاف کام کر رہے ہیںاور یہ غداری سے کم نہیں ہے۔ آپ جہاں کہیں بھی ہوں، ہم آپ کو تلاش کریں گے، چاہے آپ ریٹائرڈ کیوں نہ ہوجائیں۔‘‘ اپنے دھماکہ خیز دعوؤں کے بعد راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن کے اہلکاروں کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ریٹائر ہو بھی جائیں تو انہیں بخشا نہیں جائے گا۔
 خیال رہے کہ کانگریس نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ وہ ۵؍اگست کوکرناٹک الیکشن کمیشن کی طرف سے ووٹر فہرستوں میں کی گئی دھاندلی کو بے نقاب کرے گی۔پارٹی کے جنرل سیکریٹری (تنظیم) کے سی وینو گوپال نے کہا کہ ’’ہم ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کو بے نقاب کریں گے، جعلی اندراجات اور ناموں کو حذف کرنے سے لے کر کھلے عام ہیرا پھیری تک، یہ حقائق انتخابی عمل کی سالمیت کے بارے میں سنگین خدشات پیدا کرتے ہیں۔ ان کواہلکاروں کی گنتی کے طورپر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ جان بوجھ کر جمہوریت کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ہیں۔‘‘
کرناٹک میں ۵؍اگست کو بڑے پیمانے پر احتجاج
  کانگریس کے  لیڈر نے مزید کہا کہ اس فراڈ کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ  سدارمیا،نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار، کانگریس کے جنرل سیکریٹری رندیپ سنگھ سرجیوالا نے  ۵؍اگست کو راہل گاندھی کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کیلئے بنگلور میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کی انتخابی بدانتظامی کو بے قابو نہیں ہونے دیں گے۔ ووٹ کے تقدس کے تحفظ کی لڑائی ابھی شروع ہوئی ہے۔
راہل کے الزامات پر الیکشن کمیشن نے کیا کہا؟
  دوسری طرف الیکشن کمیشن نے راہل گاندھی کے بیان کو دھمکی آمیز،بے بنیاد اور ابہام پیدا کرنے والا بتایا۔ کمیشن نے اپنے ردعمل میں کہاکہ لوک سبھا چناؤکے ایک سال بعد لاکھوں  الیکشن اہلکاروں پر بے بنیاد الزام عائد کرنا، انہیں بار بار ڈرانا و دھمکانا اورووٹ چوری جیسے الفاظ کا استعمال غیر ذمہ دارانہ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK