Updated: August 02, 2025, 4:11 PM IST
| Mumbai
اجے دیوگن اور مرنال ٹھاکر کی فلم ’’سن آف سردار ۲‘‘نے اپنے ریلیز کے پہلے دن ’’سن آف سردار‘‘ سے کم کاروبار کیا ہے۔ ۲۰۱۲ء کی فلم ’’سن آف سردار‘‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے دن ۷۲ء۱۰؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا تھا جبکہ فلم کے سیکوئل نے ریلیز کے پہلے دن صرف ۷؍ کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔
اجے دیوگن اپنی فلم ’’سن آف سردار ۲‘‘ سے دوبارہ پردۂ سیمیں پر واپس آئے ہیں جو ۲۰۱۲ء کی فلم ’’سن آف سردار‘‘ کا سیکوئل ہے۔ باکس آفس پر فلم کے پہلے حصے کی طرح دوسرے حصے کی شروعات نہیں ہوئی ہے۔ ’’سن آف سردار‘‘ باکس آفس پر ہٹ ہوئی تھی جبکہ ’’سن آف سردار ۲‘‘ کے افتتاحی دن کا کاروبار اپنی پہلی فلم کی بہ نسبت خراب تھا۔
یہ بھی پڑھئے: نیشنل فلم ایوارڈ ملنے پر ایس آرکے نے ویڈیو کے ذریعے شکریہ ادا کیا
۲۰۱۲ء میں ’’سن آف سردار‘‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے دن ۷۲ء۱۰؍ کروڑ روپے کا کاوربار کیا تھا لیکن ’’سن آف سردار ۲‘‘ نےاپنی ریلیز کے پہلے دن اندازاً ۷؍ کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔ اب تک بالی ووڈ کی تمام سیکوئل فلموں نے باکس آفس پر اپنی پہلی فلم سے زیادہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن وجے کمار ارورہ کی ہدایتکاری میں بنی فلم ’’سن آف سردار ۲‘‘ نےفرنچائز کی پہلی فلم سے خراب کاروبار کیا ہے۔ فلم کی زبانی تشہیر کے خراب ہونے کی وجہ سے ’’سن آف سردار ۲‘‘ کے اپنے افتتاحی وی کینڈ میں اندازاً ۲۲؍ تا ۲۵؍کروڑروپے کا کاروبار کیا ہے۔

افتتاحی دن ’’سیارہ‘‘ نے ’’دھڑک ۲‘‘کو مات دے دی
باکس آفس پراس ہفتے ریلیز ہونے والی بڑی فلموں میں سے ایک شازیہ اقبال کی فلم ’’دھڑک ۲‘‘ ہے جس میں سدھانت چترویدی اور ترپتی ڈمری نے کلیدی کردار نبھائے ہیں۔ اس فلم کو ناقدین اور مداحوں کی طرف سے بہترین ردعمل موصول ہورہا ہے۔ ابتدائی اندازے کے مطابق ’’دھڑک ۲‘‘ نے اب تک باکس آفس پر ۳۵ء۳؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے۔ اندازاً یہ فلم اپنے افتتاحی وی کینڈ پر ۱۶؍ کروڑ روپے تک کی کمائی کر سکتی ہے۔ ریلیز کے پہلے دن ’’دھڑک ۲‘‘ موہت سوری کی فلم ’’سیارہ‘‘ کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اہان پانڈے اور انیت پڈا کی فلم نے اپنی ریلیز کے پندرہویں دن ۲۵ء۴؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے جس کے بعد گھریلو باکس آفس پر فلم کا مجموعی کاروبار تقریباً ۲۸۹؍کروڑ روپے ہوگیا ہے۔