Inquilab Logo Happiest Places to Work

یورپی مسلم ملک کوسوو بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے تیار

Updated: February 04, 2021, 3:38 PM IST | Agency | Washington

آن لائن تقریب میں ایک ’ یادداشت‘ پر دستخط، یروشلم میں سفارتخانہ کھولنے پر بھی رضامندی کا اظہار

 Kosovo is the fifth Muslim country to accepted Israel. Picture: Agency
کوسوو پانچواں مسلم ملک ہے جس نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے۔ تصویر: ایجنسی

یورپ  میں آباد مسلم اکثریتی ملک کوسووو نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کر  دیا  ہے۔ کوسوو  اسرائیل کے ساتھ باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کرے گا۔ اطلاع  کے مطابق ایک آن لائن تقریب کے دوران  یورپی ملک کوسووو نےاسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کا نہ  صرف اعلان کیا بلکہ اس تعلق سے ایک یادداشت( معاہدہ نہیں) پر دستخط کر دیئے۔ کہا جا رہا ہے کہ کوسووو جلد اپنا سفارت خانہ یروشلم میں کھول لے گا۔ سربیا  سے ۲۰۰۸ء  میں آزاد ہونے والے اس چھوٹے سے ملک میں اکثریت مسلمانوں کی ہے تاہم ملک کے انتظام کو اقوام متحدہ کا متعین کردہ مشن مقامی قیادت کے ساتھ مل کر چلاتا ہے۔ اس وقت ملک کی نگراں صدر وی جوسا عثمانی ہیں۔  کوسووو کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی میں اہم کردار سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے داماد جیرڈ کُشنر نے ادا کیا ہے۔ ان دونوں شخصیات نے سربیا سے کوسووو کے معاشی تعلقات بحال کروائے تھے اور تنازعات کو حل کروایا تھا۔ ڈونالڈ ٹرمپ اور جیرڈ کُشنر کی ان کاوشوں کی وجہ سے ہی گزشتہ برس  سربیا نے بھی یروشلم میں اپنا سفارت خانہ کھولنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ اس وقت یروشلم میں صرف امریکہ اور گوئٹے مالا کا سفارت خانہ موجود ہے جبکہ ملاوی اور ہونڈروس سفات خانہ کھولنے کا اعلان کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ اسلامی ممالک متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان اور مراکش گزشتہ سال ہی یکے بعد دیگرے اسرائیل کو تسلیم کرکے تجارتی، اس کے ساتھ فضائی اور سفارتی تعلقات بحال کرچکے ہیں۔ جبکہ ڈونالڈ ٹرمپ دعویٰ کر چکے ہیں کہ ابھی مزید عرب ممالک نیز مسلم ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کریں گے۔ 

israel Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK