Inquilab Logo

عروس البلاد میں عیدالفطر کا تہوار پُرامن طریقے اور سادگی سے منایا گیا

Updated: April 12, 2024, 10:58 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

فلسطینیوں کی حمایت میں کئی لوگوں نے پرانے کپڑوں میںتو کئی افراد نےرومال، ٹوپی ،صافے اوربریسلیٹ میں فلسطین کا پرچم لگاکرعید منائی، ائمہ نے خصوصی دعاکی اورآنے والےعام انتخابات میں ووٹنگ کے لئے بھی متوجہ کیا۔ پولیس کمشنرنےبھی پُرامن طریقے سے عید منانے پر اطمینان کا اظہارکیا۔ ممبرا میں پولیس کی جانب سے نمازیوں کو پھول پیش کئے گئے۔

Maloney Anjuman Jama Masjid`s Eid Namaz photo which was shared by the Police Commissioner on his Twitter handle. Photo: INN
مالونی انجمن جامع مسجد کی عید کی نماز کی وہ تصویر جسے پولیس کمشنر نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر شیئر کی۔ تصویر : آئی این این

روس البلاد میں عیدالفطر پرُامن طریقے سے منائی گئی۔ لوگوں نے ایک دوسرے سے معانقہ کرکے عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ ائمہ مساجد نےامن وسلامتی ، انسانیت کی فلاح وبہبود اور ملک کی تعمیر وترقی اور اقتدار کی باگ ڈورانصاف پسندوں کے ہاتھوں میں دینے کے ساتھ فلسطین کے مظلومین کے حق میں خصوصی دعائیں کیں۔ ائمہ نے عید کے خطبے کے دوران حق رائے ہی کی اہمیت اوراس کے تقاضوں کوپورا کرنے کی جانب بھی توجہ دلائی اورمصلیان سے کہاکہ ووٹ پہلی فرصت میں دیاجائے ،اس میں غفلت نہ ہونے پائے، ووٹ ایک شہادت ہے اورجمہوری نظام کو استحکام بخشنے کا ایک اہم ذریعہ بھی۔ ووٹ دینے میں غفلت یا تساہل سے ہم اپنا ہی نہیں ملک کا بھی نقصان کریں گے۔ 
 اس موقع پرکچھ لوگ فلسطین کے مظلومین کی حمایت میں جہاں سادگی سے عید مناتے ہوئے پرانے کپڑے میں نظر آئےوہیں کئی افراد نے فلسطینی رومال ،ٹوپی ، صافے اور بریسلیٹ میں فلسطین کا پرچم لگاکر عید منائی۔

یہ بھی پڑھئے: میرٹھ: لبِ سڑک عید کی نماز ادا کرنے والے سیکڑوں مسلمانوں کے خلاف ایف آئی آر

واضح رہے کہ رضا اکیڈمی اوردیگر تنظیموں کی جانب سے سادگی سے عید منانے کی درخواست کی گئی تھی اوریہ کہا گیاتھا کہ اسرائیل کی جارحیت اورمظالم کی انتہا کےسبب ہمارے دل چھلنی ہیں، ہم شدیدرنج وغم سے دوچار ہیں۔ ہم ان شہداء کو یاد کررہے ہیں جنہوں نے جام شہادت نوش کیا، ان بچوں کو یاد کررہے ہیں جو دنیا سے رخصت ہوگئے اورہم ان تمام فلسطینی بھائی وبہنوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں جن پر مظالم کی انتہاء کرتے ہوئے عرصۂ حیات تنگ کردیا گیاہےاور پوری آبادی کو تاراج کردیا گیا ہے۔ ایسے میں ہم انہیں یاد کرتے ہیں اور ان کی یاد میں اپنی عید سادگی سے مناتے ہوئے رب کائنات کے حضور دست بہ دعا ہیں کہ وہ ان کی خصوصی مدد اورنصرت فرمائے۔
پولیس کمشنر کا اظہارِاطمینان اور۱۴۴۲؍مقامات پرنمازعید کی نشاندہی 
ممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکرکے مطابق اور ان کے ٹویٹر ہینڈل پر دی گئی تفصیلات کے حساب سے ممبئی میں۱۴۴۲؍مقامات پر نماز عید کا اہتمام کیا گیا، یہ وہ جگہیں ہیں جہاں خاص بندوبست رکھا گیا ورنہ نماز تو شہر و مضافات کی ہرمسجد میں ادا کی گئی۔ اس میں پولیس کمشنر نے ۷؍تصاویر جن میں ۵؍ تصویریں مالونی انجمن جامع مسجد کی ہیں، اپ لوڈ کیں اوراسے شیئر کرتے ہوئے امن وامان برقرار رکھنے کے لئے اہالیان ممبئی کی ستائش کی اور آئندہ بھی اسی طرح تعاون کی اپیل کی۔اسی کے ساتھ پولیس افسران اور جوانوں کی بھی معقول بندوبست کےلئے کمشنر نے ستائش کی۔ 
ملی تنظیموں کے ذمہ داران نے بھی خوشی اوراطمینان کا اظہارکیا 
ملی تنظیموں جمعیۃ علماء، سنّی جمعیۃ العلماء، رضا اکیڈمی ، جمعیت اہل حدیث، علماء کونسل، ملی کونسل، علماء بورڈ اورجماعت اسلامی وغیرہ کے ذمہ داران نےاس بات پرخوشی اوراطمینان کا اظہارکیا کہ ایک ہی دن عید منائی گئی اوریہ اہم تہوار پُرامن طریقے سے منایا گیا،کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔ اس دوران پولیس کی جانب سے بھی چوکسی برتی گئی تاکہ شرپسند اس تہوار میں رخنہ اندازی نہ کرسکیں۔سبھی نے ایک دوسرے سے معانقہ کرکے مبارکباد دی اورمل جل کرخوشیاں بانٹیں۔
 ممبرا کوسہ میں بھی عید الفطرکافی جوش و خروش سے منائی گئی۔ دارالفلاح مسجد  اور کمپاؤنڈ میں تقریباً ۲۰؍ ہزار بررادران اسلام نے عید کی نماز ادا کی جس کے بعد روایتی انداز میں ممبرا پولیس کی جانب سے چند نمازیوں کو گلاب بھی پیش کیا۔ ممبرا سنی جامع مسجد میں امسال ۳؍ جماعتیں ادا کی گئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK