• Fri, 13 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلم ’ڈنکی‘ نے معقول کاروبار کیا مگر توقع کے مطابق اثر نہ چھوڑ سکی: راجکمار ہیرانی

Updated: February 13, 2026, 4:04 PM IST | Mumbai

سماجی ڈرامہ کی کہانی پر مبنی ڈنکی ۲۰۲۳ء میں شاہ رخ خان کی تیسری ریلیز تھی، اس سے پہلے وہ ۱۰۰۰؍ کروڑ روپے کمانے والی بلاک بسٹر فلموں ’’پٹھان‘‘ اور ’’جوان‘‘ میں نظر آ چکے تھے۔

Film Dunki.Photo:INN
فلم ڈنکی۔ تصویر:آئی این این

سماجی ڈرامہ کی کہانی پر مبنی ڈنکی ۲۰۲۳ء میں شاہ رخ خان کی تیسری ریلیز تھی، اس سے پہلے وہ ۱۰۰۰؍ کروڑ روپے کمانے والی بلاک بسٹر فلموں ’’پٹھان‘‘ اور ’’جوان‘‘ میں نظر آ چکے تھے۔ اپنی پچھلی دو فلموں کے برعکس، ڈنکی کو باکس آفس پر سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا تھا، خاص طور پر’’پربھاس‘‘ کی مرکزی کردار والی آل انڈیا ایکشن فلم ’’سالار’’’ کے ساتھ۔ اس کے علاوہ فلم کو ملے جلے تبصرے بھی موصول ہوئے۔ اسی وجہ سے بہت سے لوگوں نے سمجھا کہ ڈنکی نے باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہیں دکھائی، لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس تھی۔
ایک انٹرویو میں راجکمار ہیرانی نے فلم ’’ڈنکی‘‘ کو ملنے والے ملے جلے ردعمل اور اس کے مضبوط باکس آفس کاروبار پر بات کی۔ جب ان سے فلم کے ملے جلے ردعمل کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے ویرائٹی انڈیا کو بتایاکہ ’’کوئی بھی فلم یہ سوچ کر شروع نہیں کرتا کہ وہ کم تر فلم بنانا چاہتا ہے۔ کچھ فلمیں زیادہ چلتی ہیں، کچھ کم  اور کچھ بالکل نہیں چل پاتیں  لیکن سچ یہ ہے کہ ایسا نہیں ہے کہ ڈنکی نہیں چلی۔ اس نے کافی بڑے نمبرز حاصل کیے۔ بس اس وقت شاہ رخ خان کی دیگر دو فلموں نے غیر معمولی کاروبار کیا تھا  اور شاید یہ ان سے کچھ کم رہی۔‘‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کیوں فلم ’’ڈنکی‘‘ کو ’’تھری ایڈیٹس‘‘ یا’’پی کے‘‘ جیسی پزیرائی نہیں ملی۔ راجکمار ہیرانی نے کہاکہ ’’کبھی کچھ موضوعات لوگوں سے گہرا تعلق پیدا کر لیتے ہیں اور کچھ نہیں۔ تھری ایڈیٹس تعلیم کے بارے میں تھی۔ ہر گھر میں کوئی نہ کوئی بچہ اسکول یا کالج میں ہوتا ہے، اس لیے جب آپ ان پر دباؤ نہ ڈالنے کی بات کرتے ہیں تو لوگ اپنے گھر سے اس کا تعلق جوڑ لیتے ہیں۔ پی کے مذہب کے بارے میں تھی، اس لیے ہر گھر اس سے خود کو جڑا ہوا محسوس کر سکتا تھا۔ لیکن ہر موضوع ایسا نہیں ہوتا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:اڈانی ہتک عزت کیس: صحافی روی نائر کی ایک سال قید پر عالمی سطح پر مذمت

انہوں نے مزید کہاکہ ’’ جیسے ’’سنجو‘‘۔ اسی طرح ’’ڈنکی‘‘ کے ساتھ بعد میں مجھے احساس ہوا کہ بہت سے لوگوں کو اس سے وہ لگاؤ محسوس نہیں ہوا۔ لیکن آپ ہر بار ایسا موضوع نہیں بنا سکتے جو سب سے جڑ جائے۔ اس لیے آپ کو اس بات کو قبول کرنا ہوتا ہے اور کہنا ہوتا ہے کہ `میں اس موضوع پر پختہ یقین رکھتا ہوں۔ ہم نے اپنی پوری کوشش کی۔ کبھی کبھی وہ بہترین کوشش بھی سب سے ہم آہنگ نہیں ہو پاتی لیکن ہم خوش قسمت تھے کہ اس نے واقعی بہت اچھے نمبرز حاصل کیے۔

یہ بھی پڑھئے:ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ: ہندوستان کا دبنگ انداز، نمیبیا کو عبرتناک شکست

فلم ڈنکی باکس آفس  پر 
تقریباً ۱۰۰؍ سے ۱۲۰؍ کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی ڈنکی نے ہندوستان  میں۴۲ء۲۱۲؍ کروڑ روپے کمائے جبکہ بیرونِ ملک ۱۴ء۲۴؍ ملین ڈالر سے زائد کا بزنس کیا، اس طرح  دنیا بھر میں اس کی مجموعی کمائی ۴۷۰؍ کروڑ روپے رہی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK