Inquilab Logo

ممبئی سے عازمین حج کا پہلا قافلہ سُوئے حرم روانہ

Updated: June 08, 2023, 2:41 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

الگ الگ اوقات میں۲؍جہازروانہ ہوئے، ایئرپورٹ کی رونق دوبالا ہو گئی ،حج کمیٹی کی ایئرپورٹ پر بہتر انتظامات اورنگرانی کی یقین دہانی

Pilgrims can be seen queuing at the Mumbai airport
ممبئی ایئرپورٹ پر عازمین قطارمیں دیکھےجا سکتے ہیں

ج بیت اللہ کی سعادت سے سرفرازہونے والوں کا پہلا قافلہ لبیک اللہم لبیک کی بلند صداؤں کے ساتھ سہار انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے صبح ۱۰؍بجکر ۳۴؍منٹ پرسرزمین مقدسہ روانہ ہوا۔احرام کی چادریں لپیٹے ہوئے عازمین ِحج اپنے کاغذات لے کرایئرپورٹ میںداخل ہوئے اور امیگریشن کی جانب بڑھے جہاںچیکنگ کے بعد دیگرمراحل طے کرتے ہوئے وہ ہوائی جہاز میںسوار ہوئے۔بدھ کی صبح روانہ ہونے والے پہلے جہازمیں۲۹۸؍عازمین سوار تھے ۔ عازمین کا دوسرا جہاز رات میں۸؍بجکر ۴۰؍ منٹ پرروانہ ہوا۔ دوسرے جہازمیںبھی ۲۹۸؍ عازمین سوار تھے۔ 
عازمین کی موجودگی سے ایئرپورٹ کی رونق دوبالا 
 اللہ کے مہمانو ںکی روانگی کے وقت ویسے بھی ایئرپورٹ کا منظر الگ ہوتا ہے ، ہماہمی اورچہل پہل بڑھ جاتی ہے۔ مگر اس دفعہ وہ کیفیت پھیکی دکھائی دی ۔ عازمین کے اہل خانہ انہیںرخصت کرنے کے لئے آئے ہوئے تھے۔ وہ ایئرپورٹ میںداخل ہونے تک ان کے ساتھ دکھائی دیئے ۔ کوئی دعا کی درخواست کررہاتھا توکوئی پیشانی چوم رہا تھا تو کوئی معانقہ کرکے دعا کی درخواست کررہا تھاتو کوئی ان کی ٹرالی آگے بڑھا رہا تھا ۔ کئی عازمین اوران کے اہل خانہ کی آنکھیںفرط مسرت سے چھلک اٹھیں ۔وہ اس بات پربے حد خوش تھے کہ قسمت نے یاوری کی اور وہ اس شہر مکہ اوردیارِرسولؐ میں حاضری کےلئے روانہ ہورہے ہیںجس کے لئے ہرمسلمان کے دل میںآرزومچلتی رہتی ہے۔
دوسرے جہازکی روانگی سے قبل عازمین کوگلہائے عقیدت پیش
 اس دفعہ غیرسرکاری تنظیموں کو ایئرپورٹ کے اندر داخل ہونے سے منع کیا گیا ہے اورسابقہ روایت کے مطابق عازمین کےاستقبال کا باضابطہ جوپروگرام منعقد کیا جاتا تھا وہ بھی نہیں ہوا۔ دوسرے جہاز کی روانگی کے وقت حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اویعقوب شیخ ، زائرین ٹور اینڈٹراویل کے ذمہ دار ذکاء اللہ صدیقی ، حج آپریشن کے افسر ، ڈپٹی سی ای اوشارق عالم اور حیدر پاشا وغیرہ نے عازمین کی خدمت میںگلہائے عقیدت پیش کئےاور ان سے بارگاہ ایزدی میںامن وسلامتی کی دعا کی درخواست کی ۔ اس کے علاوہ محدود تعداد میںعازمین کی خدمت کرنے والے تنظیموں کےرضاکار بھی اپنے طورپران کی مدد کررہے تھے اوران سے دعا ئیں لے رہے تھے۔ 
عازمین کی سہولت پرخاص توجہ اورنگرانی
 عازمین کی روانگی کے وقت حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اویعقوب شیخا سے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر انہوںنے بتایاکہ ’’ عازمین کوسفر کےدوران کسی قسم کی دقت نہ ہو،اس کےتعلق سے ایئرپورٹ اتھاریٹی،سی آئی ایس ایف کے افسران کے ہمراہ پہلے ہی بات چیت کی جاچکی ہے تاکہ بہترتال میل سےبہ سہولت عازمین کی روانگی ممکن ہوسکے۔اس کے ساتھ ہی حج کمیٹی آف انڈیا کا عملہ بھی موجود رہتا ہے ۔ ا س کی ذمہ داری بطو رخاص معمر عازمین کی مدد کرنا اوران کی رہنمائی کرنا ہے۔ ‘‘ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’ماتحت افسران سے روزانہ کی بنیاد پرمعلومات حاصل کی جائے گی تاکہ اگرکوئی مسئلہ پیش آئے توفوری طور پراس کا حل نکالا جاسکےاورعازمین کوکوئی پریشانی نہ ہوکیونکہ حاجی اللہ کے مہمان ہیں۔‘‘حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اوکے مطابق ’’ عازمین کی سہولت کی خاطر ایئرپورٹ پرپی ۹؍ گیٹ کے قریب شامیانہ لگایا گیا ہے ،قریب میںاستنجاخانہ ہے ،کرسیاں رکھی گئی ہیں، عارضی وضوخانہ بنایاگیاہے تاکہ عازمین باوضو ہوکر احرام باندھنے کے ساتھ نماز کی ادائیگی کرسکیںاورپُرسکون ماحول میں بیٹھ سکیں۔‘‘ 
خدمت جاری ہے
 برسوں سےعازمین ِ حج کی خدمت کرنے والے پاس نہ ملنے کے باوجود باہر سے عازمین کی خدمت میںمصروف ہیں۔ اس کےلئےتنظیموںکے ذمہ داران نےباہم مشورے سےطے کیا ہے کہ حجاج کی روانگی کے لحاظ سے خدمت کرنے والے موجود رہیں۔ کچھ ذمہ داران سے بات چیت کرنے پرانہوںنے کہاکہ ہمارا مقصد اللہ کےمہمانو ںکی خدمت ہے ، وہ ہم اپنی استطاعت کے مطابق کررہے ہیں۔
آج بھی۲؍جہازروانہ ہوںگے 
 عازمین کی روانگی کے دوسرے دن ۸؍جون کو بھی ۲؍جہازکے ذریعے عازمین جدہ روانہ ہوں گے۔ یہ جہاز ۲۹۸؍ عازمین کی گنجائش والے ہوںگے۔ اس کےلئے بھی ترتیب کےمطابق ۴۸؍ گھنٹے پہلے عازمین رپورٹنگ کرا چکے ہیں۔

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK