Inquilab Logo

جنگ کی لا حاصل منطق نے حضرت عیسیٰؑ کے پیغام امن کو غارت کر کے رکھ دیا : پوپ فرانسس

Updated: December 26, 2023, 9:16 AM IST | Agency | Vatican

کیتھولک چرچ کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ پیغمبر حضرت عیسیٰؑ کے امن کے پیغام کو ان کی پیدائش کی سر زمین پر جنگ کی لاحاصل منطق کے ذریعے غارت کیا جا رہا ہے۔

Pope Francis during the Mass of Christians. Photo: INN
پوپ فرانسس عیسائیوں کے اجتماع کے دوران۔ تصویر : آئی این این

کیتھولک چرچ کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ پیغمبر حضرت عیسیٰؑ کے امن کے پیغام کو ان کی پیدائش کی سر زمین پر جنگ کی لاحاصل منطق کے ذریعے غارت کیا جا رہا ہے۔ کرسمس کے موقع پر ویٹی کن کے سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں منعقدہ اجتماع سے جس میں ۶؍ ہزار سے زائد افراد شریک تھے، خطاب کرتے ہوئے پوپ نے کہا کہ’’  ہمارے دل بیت اللحم میں ہیں جہاں ’امن کے شہزادہ‘  کے پیغام کوایک بار پھر  لا حاصل جنگ  اورہتھیاروں کے تصادم سے مسترد کر دیا گیا ہے۔ پوپ  نے جنگوں  کےدوران کرسمس سادگی سے منانے کی اپیل کی ۔پوپ فرانسس کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ۷؍ اکتوبر کے بعد سےحماس اور اسرائیل کے درمیان  جاری جنگ میں غزہ کے محصور علاقے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا ریا ہے۔یہ کہتے ہوئے کہ کرسمس کا اصل پیغام محبت ہے ، پوپ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ دنیا کی کامیابی کو اصل کامیابی نہ سمجھیں اور صارفیت کےاسیر ہو کر نہ رہ جائیں۔ اس موقع پر پوپ فرانسس نے کرسمس سادگی سے منانے کی اپیل کی۔اس موقع پر پوپ فرانسس نے کہا کہ انصاف طاقت سے نہیں بلکہ محبت سے آتا ہے اور ہماری دھڑکنیں بیت اللحم کے ساتھ ہیں۔پوپ فرانسس  نے کہا ہم فلسطین ، اسرائیل اور یوکرین کی جنگ سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔یاد رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے باعث حضرت عیسیٰؑ کی جائے پیدائش بیت اللحم میں کرسمس کی تقریبا ت منسوخ کردی گئی ہیں ۔عیسائی برادری کا کہنا ہے کہ کوئی بھی جشن منانے کو تیار نہیں، ان کے دلوں میں خوشی منانے کی کوئی خواہش باقی نہیں۔مسیحی برادری بیت اللحم کو حضرت عیسیٰؑ کی جائے پیدائش قرار دیتی ہے اور ہر سال یہاں کرسمس کا بہت بڑا جشن منایا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے سیاح بھی شریک ہوتے ہیں لیکن اس سال فلسطین میں بسنے والے عیسائی بھی غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ دہشت گردی پر درد اوررنج میں مبتلا ہیں۔ مقبوضہ بیت المقدس میں گرجا گھروں کے سربراہان نے غزہ پٹی میں اسرائیلی بمباری اور محاصرے کا سامنا کرنے والے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیلئے کرسمس کی تقریبات سادگی سے منانے پر زور دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK