Inquilab Logo

آسام کو ’وندے بھارت‘ کی سوغات، وزیراعظم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہری جھنڈی دکھائی

Updated: May 30, 2023, 10:53 AM IST | Guwahati

سال ۲۰۲۴ء کے پارلیمانی الیکشن سے قبل آسام کو  ’وندے بھارت‘ کی شکل میں ایک بڑی سوغات ملی۔

PM Modi showing the green flag
ہری جھنڈی دکھاتے ہوئےوزیراعظم مودی

سال ۲۰۲۴ء کے پارلیمانی الیکشن سے قبل آسام کو  ’وندے بھارت‘ کی شکل میں ایک بڑی سوغات ملی۔  وزیراعظم نریندر مودی نے دہلی میں رہتے ہوئے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہری جھنڈی دکھائی اور عوام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھرسابقہ حکومتوں کو کوسا اور شمال مشرقی ریاستوں کی بدحالی کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا۔ اس موقع پر ریلوے وزیر اشونی ویشنوکے ساتھ ہی  آسام کے گورنر گلاب چندر کٹاریہ، وزیر اعلیٰ ہیمنت وشوا شرما، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر سربانند سونووال، مرکزی وزرائے مملکت رامیشور تیلی، نشیتھ پرمانک اور جان بارلا گوہاٹی میں موجود تھے۔ بعد ازاں ریلوے وزیر  نے طلبہ کے ساتھ ٹرین میں سفر کیا۔
 افتتاح کے بعدویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے  وزیر اعظم دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت کے دوران شمال مشرقی خطے کو ملک میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے۔ انہوں کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر حقیقی سماجی انصاف اور حقیقی سیکولرزم بھی ہے۔ خیال رہے کہ شمال مشرق کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو نیو جلپائی گڑی کو ہری جھنڈی دکھانے کے ساتھ ہی    وزیر اعظم نے شمال مشرقی سرحدی ریلوے میں۱۹۹؍ کلومیٹر اور ۲۳۸؍ کلومیٹر روٹ کے دو نئے برقی حصے اور لمڈنگ میں نئے تعمیر شدہ ڈیمو میمو شیڈ کو بھی قوم کے نام وقف کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسام سمیت پورے شمال مشرق کے ریل رابطے کیلئے آج کا دن ایک بڑا دن ہے۔ آج شمال مشرق کو اپنی پہلی’میڈ اِن انڈیا‘ وندے بھارت ایکسپریس مل رہی ہے۔
  انہوں نے کہا کہ گزشتہ نو سال  ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کیلئے بے مثال کامیابیوں کے گواہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل ہی ملک کو آزاد ہندوستان کی عظیم الشان اور جدید پارلیمنٹ ملی ہے۔ یہ پارلیمنٹ ہے جو ہندوستان کی ہزاروں سال پرانی جمہوری تاریخ کو ہمارے خوشحال جمہوری مستقبل سے جوڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ان کی حکومت نے غریبوں کی فلاح و بہبود کو سب سے زیادہ ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ۹؍برسوں میں ریلوے کے بجٹ میںکئی گنا اضافہ کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ ’’انفراسٹرکچر سب کیلئے، یکساں طور پر اور بلا تفریق ہے۔ اسلئے  یہ بنیادی ڈھانچہ تعمیر ایک طرح سے حقیقی سماجی انصاف بھی ہے اور حقیقی سیکولرزم بھی ہے۔‘‘
  انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں جو بنیادی ڈھانچے کا کام ہو رہا ہے اس کی پوری دنیا میں تعریف ہو رہی ہے کیونکہ یہ انفراسٹرکچر زندگی کو آسان بناتا ہے اور روزگار کے مواقع لاتا ہے۔ یہ بنیادی ڈھانچہ تیز رفتار ترقی کی بنیاد ہے۔ یہ بنیادی ڈھانچہ غریب، دلت، پسماندہ، قبائلی اور ایسے تمام محروم طبقات کو بااختیار بناتا ہے۔ اس  موقع پر انہوں نے سابقہ حکومتوں کو جم کر کوسا اور کہا کہ شمال مشرقی ریاستیںاگر پیچھے ہیں،تو اس کیلئے گزشتہ ۷۰؍  برسوں کی حکومت  ذمہ دارہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK