Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسماعیل یوسف کالج سے متصل میدان کی دیوار کی اونچائی کم نہیں ہوگی

Updated: June 22, 2025, 9:41 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بامبے ہائی کورٹ نے مقامی افراد کی مفادعامہ کی عرضداشت مسترد کردی

File photo of Ismail Yousuf College in Jogeshwari.
جوگیشوری میں واقع اسماعیل یوسف کالج کی فائل فوٹو

جوگیشوری میں رہائش پذیر چند افراد نے بامبے ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کرکے مطالبہ کیا تھا کہ یہاں واقع اسماعیل یوسف کالج سے متصل کھیل کے میدان کی حفاظتی دیوار کو غیر قانونی طور پر بہت زیادہ اونچا کردیا گیا ہے اس لئے اسے منہدم کرکے قانون کے حساب سے بنایا جائے۔ البتہ عدالت نے عرضی گزاروں کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے اس عرضداشت کو مسترد کردیا ہے۔ 
 جوگیشوری میں کالج کے قریب رہائش پذیر چند معمر شہریوں، اُمیش شندے اور دیگر افراد نے ۲۰۲۲ء میں مفاد عامہ کی عرضداشت داخل کرکے نشاندہی کی تھی کہ اسماعیل یوسف کالج سے متصل کھیل کے میدان کی حفاظتی دیوار کو ۲۰؍ فٹ اونچا کردیا گیا ہے جو قانون کے خلاف ہے اس لئے اس دیوار کو منہدم کرکے ’مہاراشٹر ریجنل اینڈ ٹائون پلاننگ ایکٹ‘ ۱۹۶۶ء کے حساب سے تعمیر کیا جانا چاہئے۔
 اس تعلق سے چیف جسٹس آلوک ارادھے اور جسٹس سندیپ مارنے پر مشتمل ۲؍ رکنی بنچ کو بتایا گیا کہ یہ سرکاری کالج ہے جس سے متصل کھیل کا میدان ہے۔ یہ میدان کالج کے طلبہ کے استعمال کیلئے ہے۔عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ اس میدان پر نشہ کے عادی افراد گھس جایا کرتے تھے اور اس پر ناجائز قبضہ کرلئے جانے کا بھی خدشہ پیدا  ہوگیا تھا جس کے پیش نظر ۲۰۲۱ء میں اس دیوار کو ۲۰؍ فٹ اونچا کردیا گیا ہے۔
 فریقین کی بحث سننے کے بعد ججوں نے اس بات کا نوٹس لیا کہ متذکرہ کھیل کامیدان اسماعیل یوسف کالج کے طلبہ کے فائدے کیلئے ہے۔ اسے نشہ کے عادی افراد استعمال کرنے لگے تھے اور اس پر ناجائز قبضہ کا بھی خطرہ پیدا ہوگیا تھا جس کے پیش نظر دیوار اونچی کی گئی ہے۔ ججوں نے مزید کہا کہ عرضی گزاروں کو یہ میدان استعمال کرنے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں ہے کیونکہ وہ اس کالج کے طلبہ نہیں ہیں اور صرف قریب واقع عمارت میں رہائش پذیر ہیں۔ اس وجہ سے اس پٹیشن میں مفاد عامہ کا کوئی جز نہیں پایا جاتا۔ان مشاہدات کے ساتھ ججوں نے جمعرات کو مفاد عامہ کی اس عرضداشت کو مسترد کردیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK