Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈیگو کی چنڈی گڑھ - لکھنؤ پرواز منسوخ، مسلسل تکنیکی خرابیوں کا سامنا

Updated: June 22, 2025, 3:02 PM IST | Chandigarh

انڈیگو کی چنڈی گڑھ سے لکھنؤ جانے والی فلائٹ 6E 146 کا ہے، جسے اتوار کی صبح روانہ ہونا تھا مگر تکنیکی مسائل کی بنا پر منسوخ کر دیا گیا۔ پرواز سے کچھ ہی وقت قبل اس میں تکنیکی خرابی کی اطلاع ملی جس کے بعد اسے اڑان بھرنے سے روک دیا گیا۔

Indigo plane. Photo: INN.
انڈیگو طیارہ۔ تصویر: آئی این این۔

ملک میں ہوائی سفر کے شعبے کو لے کر تشویش ناک خبریں مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔ انڈیگو کی پروازوں میں تکنیکی خرابیاں بڑھتی جا رہی ہیں، جن کے باعث کئی پروازوں کو یا تو راستے میں ہی موڑنا پڑا ہے یا پھر پرواز سے قبل ہی منسوخ کر دیا گیا۔ تازہ معاملہ انڈیگو کی چنڈی گڑھ سے لکھنؤ جانے والی فلائٹ 6E 146 کا ہے، جسے اتوار کی صبح روانہ ہونا تھا مگر تکنیکی مسائل کی بنا پر منسوخ کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، یہ پرواز صبح ساڑھے ۸؍ بجے چنڈی گڑھ سے لکھنؤ روانہ ہونے والی تھی اور اس میں تقریباً۱۶۰؍ مسافر سوار تھے۔ پرواز سے کچھ ہی وقت قبل اس میں تکنیکی خرابی کی اطلاع ملی جس کے بعد اسے اڑان بھرنے سے روک دیا گیا۔ اس اچانک فیصلے سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ 

یہ بھی پڑھئے: رتناگیری، رائے گڑھ اور سندھو درگ میں شدید بارش کی پیش گوئی

قابل ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انڈیگو کی پرواز کو تکنیکی مسائل کے باعث منسوخ کیا گیا ہو۔ حال ہی میں ۱۹؍جون کو دہلی سے لے جانے والی فلائٹ 6E 2006 میں بھی تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد جہاز کو ایمرجنسی لینڈنگ کیلئے واپس دہلی لانا پڑا۔ اس پرواز میں تقریباً۱۸۰؍ افراد سوار تھے جنہیں محفوظ طریقے سے واپس دہلی میں اتار لیا گیا۔ اس کے علاوہ، بدھ کو بھی انڈیگو کی بھونیشور سے کولکاتا جانے والی فلائٹ 6E 6101 کو بھی پرواز سے قبل منسوخ کر دیا گیا۔ اس کا سبب بھی طیارے میں تکنیکی خرابی ہی بتایا گیا۔ مزید برآں، ۲؍ جون کو رانچی میں ایک اور واقعہ پیش آیا جب انڈیگو کا طیارہ ایک گدھ سے ٹکرا گیا۔ یہ پرواز پٹنہ سے کولکاتا جا رہی تھی اور رانچی کے اوپر تقریباً ۳؍سے ۴؍ ہزار فٹ کی بلندی پر تھی جب پرندہ اس سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے بعد طیارہ تقریباً۴۰؍ منٹ تک فضا میں رہا جس کے دوران مسافر خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔ تاہم، پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو رانچی کے برسا منڈا ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔ اس پرواز میں تقریباً۱۷۵؍ مسافر سوار تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK