اراکین کے سوال پر حکومت نے کہا کہ نجی دفاتر کے اوقات اورمتبادل ٹرانسپورٹ ذرائع شروع کرنے پر بھی غورکیا جارہا ہے
EPAPER
Updated: July 16, 2025, 11:48 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
اراکین کے سوال پر حکومت نے کہا کہ نجی دفاتر کے اوقات اورمتبادل ٹرانسپورٹ ذرائع شروع کرنے پر بھی غورکیا جارہا ہے
اسمبلی کے مانسون اجلاس میں بدھ کو ممبرا میں لوکل ٹرین حادثہ اور اسی طرح روزمرہ ہونے والے ٹرین حادثات کا معاملہ اٹھایا گیا۔ اراکین اسمبلی نے زور دے کر کہا کہ ان حادثات کو روکنے کیلئے ریاستی حکومت کو ریلوے سے بات چیت کر کےضروری اقدام کرنے چاہئیں ۔اس ضمن حکومت کی جانب سے وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے ایوان اسمبلی کو یقین دلایا کہ لوکل ٹرینوں میں مسافروں کی بھیڑ کم کرنے کیلئے متبادل ٹرانسپورٹ سسٹم جیسے کہ واٹر ٹرانسپورٹ، پاٹ ٹیکسی(ایئر ٹیکسی) اور روپ وے پر غور کیا گیا ہے۔ نجی اداروں کے دفتری اوقات تبدیل کرنے کے حوالے سے ایک ٹاسک فورس قائم کرنے کا یقین بھی دلایا اور یہ بھی کہا کہ مسافروں کے تحفظ کیلئے مرکزی وزیرریل، وزیر اعلیٰ اور مسافر وں کی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ بھی منعقد کی جائے گی۔
یہ توجہ طلب نوٹس اراکین اسمبلی اتل بھاتکھلکر، چیتن ٹوپے، سنیل پربھو، اجے چودھری، ڈاکٹر جتیندر اوہاڑ، امین پٹیل، اسلم شیخ، جیوتی گائیکواڑ، ساجد پٹھان، موہن ماتے، منوج جامسوتکر، سریش داس،ثنا ءملک، مہیش ساونت، ڈاکٹر راہل پاٹل،سنجے دیرکر، سدھارتھ کھرات، مرجی پٹیل، وکاس ٹھاکرے، ڈاکٹر وشواجیت کدم اور امیت ولاس راؤ دیشمکھ کی جانب سے ایوان اسمبلی میںپیش کی گئی ۔
رکن اسمبلی اتل بھاتکھلکر نے ۹؍ جون ۲۰۲۵ء کو ممبرا اسٹیشن کے قریب فاسٹ لوکل ٹرین سے ۱۳؍ مسافروں کے گرنے اور ۵؍ مسافروں کی ہلاکت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ممبئی میں دفتری اوقات میں بھیڑبھاڑ والی ٹرین میں مسافر جان خطرے میں ڈال کر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ ۲۰۱۴ء میں تھانے اور کلیان کے درمیان لوکل ٹرینوں کے۷؍ ہزار ۵۶۰؍ مسافروں کی موت اور۷؍ ہزار ۲۹۳؍مسافرزخمی ہوئے ہیں۔ لہٰذا اس طرح کے حادثات کو روکنے کیلئے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنا چاہئے۔ حکومت کو ممبئی شہر میں نجی اور سرکاری دفاتر کے دفتری اوقات کامرحلہ وار تعین کرنا اور اس پر فوری عمل درآمد کرنے کی کارروائی کرنا چاہئے ۔ اس بحث میں رکن اسمبلی نانا پٹولے نے بھی حصہ لیا ۔
اس پر وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک کہا کہ ریاستی حکومت نے مسافروں کی حفاظت کو ترجیح دی ہے۔ ممبئی میں مسافروں کی بھیڑ کے پیش نظر ریاستی حکومت نے سفر میں سہولت کیلئے متبادل ٹرانسپورٹ سسٹم جیسے واٹر ٹرانسپورٹ، پاٹ ٹیکسی (ایئر ٹیکسی) اور روپ وے پر غور شروع کر دیا ہے۔اس طرح کی ٹرانسپورٹ خدمات کو مزید موثر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نےیہ بھی کہا کہ اگرچہ ریلوے مرکزی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے لیکن ریاستی حکومت ریاست میں مسافروں کی حفاظت کے تئیں سنجیدہ ہے۔ ممبرا میں ٹرین حادثہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ انہوںنےمزیدبتایاکہ چیف سیکریٹری کی صدارت میںمنترالیہ میں محکمہ ریل کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی گئی تھی تاکہ ممبرا حادثہ کے پیش نظر ریل مسافروں کی حفاظت کیلئے منصوبہ بندی کی جا سکے۔ محکمہ ریل کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ممبئی میں ٹرین مسافروں کے رش کو کم کرنے، ریلوے اسٹیشنوں پر رش کو منظم کرنے، مسافروں کی اموات کو روکنے اور ریلوے اسٹیشنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے منصوبہ تیارکرے۔ٹرانسپورٹ سروسز پر بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے کیلئے نجی اداروں کے دفتری اوقات کے حوالے سے ایک ٹاسک فورس قائم کرنا ہوگی۔ اس سلسلے میں بھی مناسب کارروائی کی جائے گی۔ حکومت ممبئی سمیت ریاست میں ٹرین مسافروں کی بڑھتی تعداد کے تحفظ کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی جائے گی۔