• Wed, 06 December, 2023
  • EPAPER

جھیلیں ابھی بھری نہیں، شہریوں سے پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی اپیل!

Updated: August 20, 2023, 9:33 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بی ایم سی نے ان خبروں کو غلط بتایا جس میں کہا گیا ہے کہ ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی تمام جھیلیں لبریز ہو چکی ہیں۔ آئندہ ۵؍ روز اوسط بارش کی امید

Average rainfall is predicted for the next 5 days.
آئندہ ۵؍دنوں تک اوسط بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔(تصویر:سید سمیر عابدی)

بی ایم سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی احتیاط سے استعمال کریں۔ شہری انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ چند اخبارات اور نیوز چینل نے یہ غلط خبر چلادی ہے کہ ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی جھیلیں بھر چکی ہیں اور ممبئی واسیوں کیلئے سال بھر کا پانی کا مسئلہ حل ہوگیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ کچھ تکنیکی وجوہات کی بنا پر گزشتہ ۲؍ ہفتوں کے دوران ۲؍ جھیلوں سے پانی چھوڑا گیا تھا جس کا غلط مطلب نکال کر خبر چلادی گئی۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے آئندہ ۵؍ دنوں کے دوران شہر و مضافات میں اوسط بارش کی پیش گوئی کی ہے لیکن یہ گزشتہ ماہ جیسی موسلادھار بارش نہیں ہوگی۔
اگست کی صرف ۵؍ فیصد بارش
 محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی میں عام طور پر ہر سال اگست مہینے میں اوسطاً ۵۶۶ء۴؍ملی میٹر بارش ہوتی ہےلیکن اس سال اس مہینے میں اب تک ممبئی میں تقریباً ۴۰؍ ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو اس ماہ ہونے والی بارش کا کم و بیش ۵؍ فیصد ہے۔
اوسط بارش کا امکان
 محکمہ موسمیات نے ۱۹؍ اگست سے ۲۳؍ اگست تک ۵؍ دنوں کیلئے بارش کی جو پیش گوئی کی ہے اس میں اوسط بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندر میں اس طرح کا دبائو بن رہا ہے جس سے شہرومضافات، ضلع تھانے، پال گھر اور رائے گڑھ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
جھیلوں میں سطح آب
 اگرچہ جون کے اخیر میں اور جولائی میں ممبئی میں اچھی بارش ہونے سے جھیلوں میں سطح آب میں اضافہ ہوا ہے لیکن سنیچر کی صبح تک ان ساتوں جھیلوں میں کُل۸۳ء۴۴؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا جو گزشتہ برس کے مقالبے ۱۲ء۴۶؍ فیصد کم ہے۔ اس کے علاوہ ۲؍ بڑی جھیلوں، اپر ویترنا میں ۷۱؍ اور بھاتسا میں ۷۸؍ فیصد پانی جمع ہوا ہے۔ 
جھیلوں کے دروازے کھولے گئے
 بی ایم سی نے کہا ہے کہ گزشتہ ۲؍ ہفتوں کے دوران تکنیکی وجہ سے مڈل ویترنا کے ۲؍ دروازے کھولے گئے اور یہ پانی نیچے موڈک ساگر جھیل میں جمع ہوگیا جو پہلے سے بھری ہوئی ہے اس لئے اس کے بھی دروازے کھولنے پڑے تاکہ زائد پانی بہہ جائے اور بندھ پر دبائو نہ پڑے۔ تاہم جھیلوں کے دروازے کھولنے کا یہ مطلب نکال لیا گیا تھا کہ تمام جھیلیں بھر گئی ہیں، لیکن ایسا نہیں ہے۔ بی ایم سی کے مطابق یکم اکتوبر کو جھیلوں کی سطح آب کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر اس وقت جھیلیں ۱۰۰؍ فیصد بھری ہوں گی تب سال بھر پانی سپلائی کے تعلق سے اطمینان کا اظہار کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK