شدید گرمی میں جسم میں پانی کی کمی کی شکایت سے نمٹنےکیلئے اسپتالوںمیں ضروری ادویات اور سامان دسیتاب کرانےکی ہدایت۔
ممبئی کی گرمی۔ تصویر:آئی این این
ممبئی اور ریاست کے دیگر اضلاع میں بڑھتی گرمی کے سبب محکمہ صحت عامہ نے سرکاری اسپتالوں کو ہیٹ اسٹروک کے ممکنہ واقعات سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے فوری علاج کیلئے ہراسپتال میں ایک کولڈ روم تیار رکھنے اور علاج کیلئے ضروری ادویات اور سامان دستیاب کرائے جانے کا بھی اعلان کیا ہے ۔واضح رہے کہ ریاست میں گزشتہ چند دنوں سے درجۂ حرارت بڑھنے سے شہریوں کیلئے گرمی ناقابل برداشت ہوگئی ہے ۔ بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث شہری پانی کی کمی کا شکار ہو رہے ہیں اور ان کی صحت خراب ہونے کا خدشہ ہے ، اس لئے محکمہ صحت عامہ نے ریاست کے اسپتالوں کو ہیٹ اسٹروک کے ممکنہ واقعات سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔
ریاست میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ ریاست میں اوسط درجۂ حرارت ۴۰؍ڈگری سیلسیس کے قریب پہنچ گیا ہے ۔ ممبئی میں بھی درجۂ حرارت ۴۰؍ سے ۳۸؍ڈگری سیلسیس سے اوپر چلا گیا ہے ۔ اس لئے شہریوں کے، جسم میں پانی کی کمی کے مسئلے سے دوچار ہونے کا خدشہ ہے ۔ محکمہ صحت نے بڑھتی گرمی میں ہیٹ اسٹروک کے واقعات سے نمٹنے کیلئے کمر کس لی ہے ۔محکمہ صحت نے ریاست کے ضلع اسپتالوں، ضلعی صحت کے افسران، میونسپل ہیلتھ افسران اور ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایگزیکٹیو ہیلتھ افسران کو ہیٹ اسٹروک کے ممکنہ واقعات سے نمٹنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے فوری علاج کیلئے ضلع کے ہر آیوشمان آروگیہ سینٹر میں ایک کولڈ روم تیار رکھنے اور علاج کیلئے تمام ضروری ادویات اور سامان دستیاب کرانے پر زور دیا گیاہے ۔
محکمہ صحت نے تمام اسپتالوں کو ادویات، آئی وی فلوئڈز اور او آر ایس وغیرہ کی دستیابی کو چیک کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ اسی طرح گرمیوں میں زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے آگ لگنے کابھی خدشہ ہوتا ہے۔ ایسے ممکنہ حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے محکمہ صحت نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ تمام اسپتال اور دواخانوں کی برقی تنصیبات کا معائنہ کیاجائے ۔ ہیٹ اسٹروک پر قابو پانے کیلئے ٹاسک فورس کے اجلاس دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر منعقد کرنے کے علاوہ عوامی آگاہی کیلئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔