Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’حالیہ بارش میں جن شہریو ں کے گھرو مکان میں پانی بھرا ان کے نقصان کی بھرپائی کی جائے‘‘

Updated: May 29, 2025, 9:01 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شیو سینا(یوبی ٹی ) کے لیڈر آدتیہ ٹھاکرے کا مطالبہ ، بی جے پی اور ایکناتھ شندے کو ذمہ دار اور بدعنوان قرار دیا،بی جے پی اور شیوسینا شندے نے جوابی حملہ کیا

Aaditya Thackeray shows a picture of water filling up Saki Naka and Andheri subway
آدتیہ ٹھاکرے ساکی ناکہ اور اندھیری سب وے میں پانی بھرنے کی تصویر دکھاتے ہوئے

 شیو سینا (ادھو)  کے رکن اسمبلی اور یووا  سینا پرمکھ آدتیہ ٹھاکرے نے  الزام عائد کیا ہےکہ ’’پیر کو ممبئی سمیت تھانے، پونے اور ریاست کے جن شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے ،اس کیلئے بی جےپی حکومت اور ایکناتھ شندے ذمہ دار ہیں۔‘‘منگل کوایک پریس کانفرنس میں انہوںنے مطالبہ کیا کہ سیلابی صورتحال کے سبب جن شہریوں کے مکان اور دکان میں پانی بھرا اورانہیں نقصان ہوا ہے، حکومت کو اس کی بھرپائی کرنا چاہئے۔ 
 آدتیہ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جس طرح ممبئی ایئر پورٹ سے ترکی کی کمپنی کا ٹھیکہ ختم کیا گیا اسی طرح زیر زمین میٹرو کی سرنگ کھودنے والی ترکی کی کمپنی کا بھی کنٹریکٹ ختم کرنا چاہئے ورنہ  اس سے ممبئی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے سوال قائم کیا کہ کیا حکومت ممبئی کو خطرے میں ڈالناچاہتی ہے؟  آدتیہ ٹھاکرے نے دادر میں واقع شیو سینا بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ باتیں کہیں۔ 
 آدتیہ ٹھاکرے نے منگل کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ پیر کو ہونے والی بارش اس سیزن کی پہلی بارش نہیں تھی بلکہ مئی کےپہلے تا دوسرے ہفتہ میں اور کچھ روز قبل بھی بارش ہوئی تھی۔ محکمہ موسمیات نے ممبئی کیلئے پہلے ہی ریڈ الرٹ کی وارننگ دی تھی اس کے باوجود بی جے پی حکومت اور ممبئی شہر کے نگراں وزیر ایکناتھ شند ے کی جانب سے کوئی سیلابی صورتحال سے شہریوں کو بچانے کی اقدام نہیں کئے گئے بلکہ سرکار اپنی مستی میں مست تھی جس کی وجہ سے ممبئی ، تھانے  اور پونے کے شریوں کو شدید دقتوں کاسامنا کرنا پڑا ۔ اسی لئے ہمارا مطالبہ ہےکہ پیر کو جن شہریوں کے مکان اوردکان میں پانی بھرا ہے انہیں حکومت معاوضہ دے۔
 انہوں نے زور دے کر کہا کہ شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کیلئے حکومت ہی ذمہ دار ہے۔  پریس کانفرنس میں انہوںنے ساکی ناکہ اور اندھیری  سب وے کی تصاویر دکھاتے ہوئے کہا کہ جگہ جگہ پانی بھر جانے سے شہریوں کو شدید پریشانی ہوئی ہے۔ آدتیہ نے کہاکہ’’ ہند ماتا جنکشن جسے ہم نے ۲۰۲۲ء میں سیلاب سے پاک کر کے دکھایا تھا وہاں بھی بہتر نظم نہیں کیا گیا جس سے وہ بھی زیر آب آگیا تھا۔ کئی مقامات پر پانی کی نکاسی کے پمپ نہیں تھے اور جو تھے ان میں ڈیزل نہیں تھا۔ اسی بد نظمی کے ڈوبی ہے۔‘‘
نارائن رانے نے آدتیہ کو انتباہ دیا
 آدتیہ کے ان الزامات پر بی جےپی اور شندے خیمے کےلیڈران  نے ٹھاکرے فیملی کو بدعنوان قرار دیا۔ بی جے پی کے لیڈر نارائن رانے نے بھی پریس کانفرنس کی اور ادھو اور آدتیہ ٹھاکرے کو بدعنوان قرار دیتے ہوئے آدتیہ کو دھمکی دی ۔ رانے کہا کہ اگر آدتیہ نے  وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ ، وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پر بدعنوانی کے الزام عائد کرنے کا سلسلہ بند نہ کیا تو ان کے پاس بھی ادھو  اور آدتیہ ٹھاکرے کے خلاف بدعنوانی کی لمبی فہرست ہے  جس سے عام کر دیں گے۔
 تھانے کے آنند آشرم میں منگل کو منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمان نریش مہسکے نے کہاکہ ’’جب مَیں تھانے کا میئر تھا، اس وقت کورونا کے دوران تھانے میونسپل کارپوریشن نے فی باڈی بیگ۳۵۰؍ روپے میں خریدے تھے لیکن برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے یو بی ٹی کی قیادت میں وہی بیگ ۷؍ ہزار روپے میں خریدا تھا۔ اتنا بڑا فرق کیوں؟ سورج چوہان کو کھچڑی گھوٹالہ میںجیل ہوئی تھی وہ کس کے دست راست تھے۔ پترا چال بدعنوانی معاملے میں سنجے راؤت کو جیل بھیجا گیا ، ایسے بدعنوان افرادکو ایکناتھ شندے کے خلاف بولنے کا کوئی حق نہیں؟‘‘ مہسکے نے مزید کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی   دور حکومت میں اس وقت کے شہری ترقیات کے وزیر ایکناتھ شندے کو شہر کی منصوبہ بندی کے عمل سے جان بوجھ کر باہر رکھا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK