سڑک کا کام جاری رہےگا،ٹریفک پولیس کی۱۴؍دسمبر تک اس شاہراہ سے غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل
ممبئی ۔ناسک شاہراہ پر ٹریفک جام کا ایک منظر۔ تصویر:آئی این این
ممبئی۔ناسک شاہراہ پر پرانے آکٹرائے ناکہ سے نیرا سینٹر تک خستہ حال سڑک کی مرمت کا کام جمعرات کی شب سے شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث ۳؍ روز تک ہائی وے پر ٹریفک کی روانی شدید طور پر متاثر رہنے کی توقع ہے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور متبادل راستوں کا استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ڈی سی پی ٹریفک پنکج شِرساٹھ نے بتایا کہ پی ڈبلیو ڈی اور ڈی ایم سی کے مشترکہ تعاون سے مرمتی کام کیا جا رہا ہے، جس کے دوران بڑی اور بھاری وہیکلز کے لئے خصوصی ڈائیورزن نافذ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق تھانےکی جانب سے آنے والی بھاری گاڑیوں کو مانکوُلی ناکہ سے انجور پھاٹا چنچوٹی روڈ کے ذریعے ممبئی۔احمدآباد ہائی وے کی طرف موڑا جائے گا تاکہ ہائی وے پر تعمیراتی مقام کے آس پاس دباؤ نہ بڑھے۔اسی طرح واڈا کی سمت سے آنے والی بھاری گاڑیوں کو مَنور روڈ سے گزرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ مرمتی کام کے سبب ۱۴؍دسمبر تک ٹریفک جام کی شدت معمول سے کہیں زیادہ رہ سکتی ہے، اس لئے مسافروں کو اپنے سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔
شہری انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرمت مکمل ہوتے ہی متعلقہ حصہ دوبارہ عام آمدورفت کے لئے بحال کر دیا جائے گا، تاہم موجودہ صورتحال میں احتیاط اور صبر سے ہی ٹریفک پریشانیوں میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ ڈی سی پی ٹریفک پنکج شِرساٹھ نے کہا کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صرف ضرورت پڑنے پر ہی بھیونڈی بائی پاس کا استعمال کریں کیونکہ مرمتی کام کے دوران ٹریفک کو محدود راستوں سے گزارا جائے گا۔