Inquilab Logo

سوئزر لینڈ میں نقاب پر پابندی کوایوانِ زیریں کی بھی منظوری، خلاف ورزی پر جرمانہ

Updated: September 23, 2023, 9:34 AM IST | Agency | Bern

دائیں بازو کی سوئس پیپلز پارٹی کی بڑی کامیابی، عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانکنے پرایک ہزار فرانک تک جرمانہ عائد کیا جاسکتاہے، کچھ استثنیٰ بھی شامل۔

Switzerland is the third European country to impose a ban.Photo: INN
سوئزر لینڈ پابندی عائد کرنے والا تیسرا یورپی ملک ہے۔ تصویر:آئی این این

فرانس اور بلجیم کے بعد اب سوئٹزرلینڈ  میں  بھی نقاب پر پابندی عائد ہوگئی ہے۔ عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانکنے کی صورت میں یہاں ایک ہزار سوئس فرانک تک کا جرمانہ عائد ہوسکتا ہے جس کی مالیت ۱۱؍ سو امریکی ڈالر کے آس پاس ہے۔ سوئزر لینڈ  کی پارلیمنٹ کےا یوان بالا میں  اس قانون کو پہلے ہی منظوری مل چکی تھی، اب ایوان زیریں نے بھی اسے منظور کرلیا ہے۔ اس قانون کو دائیں بازو کی سوئس پیپلز پارٹی کی بڑی کامیابی تصور کیا جارہاہے۔ ایوان زیریں جسے سوئزرلینڈ میں قومی کونسل کہا جاتا ہے کے ۱۵۱؍  اراکین نے اس مسودہ  قانون  کے حق میں ووٹ دیا جبکہ۲۹؍ ووٹ اس کی مخالفت میں پڑے۔  دو سال پہلے  اس حوالے سے ملک گیر ریفرنڈم کرایا گیا تھا، جس میں ۵۱؍ فیصد شہریوں نے نقاب اور برقعوں کے ساتھ ماسک اور بندھن، جو کچھ شہری مظاہروں کے دوران پہنتے ہیں ، پر پابندی کی حمایت کی تھی۔ اس کے بعد ہی پابندی سے متعلق قانون کو منظور کیا گیا ہے۔ سوئس ایوان زیریں میں ووٹنگ کے ساتھ ہی  پارلیمنٹ نے اس پابندی کو وفاقی قوانین میں شامل کر لیا ہے۔ اس قانون کے تحت اب عوامی مقامات اور عوام کیلئے  قابل رسائی نجی عمارتوں میں چہرے کو  ڈھانکنا ممنوع ہوگا۔ البتہ کچھ معاملوں میں استثنیٰ بھی دیاگیاہے مگر اس سلسلے میں ابھی وضاحت نہیں ملی ہے۔  یورپ میں برقع پر پابندی عائد کرنے والا سوئزرلینڈ تیسرا ملک بن گیا ہے۔ اس سے قبل  بلجیم اور فرانس یہ پابندی عائد کرچکے ہیں۔ سوئزرلینڈ میں برقع پہننے والوں کی تعداد بہت کم ہے۔ یاد رہے کہ برقع پر پابندی کے لیے دائیں بازو کی سوئس پیپلز پارٹی نے باقاعدہ مہم شروع کی تھی اور اسی کے دباؤ میں ریفرنڈم بھی کرایا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK