Inquilab Logo

گوونڈی میں قبرستان کیلئے نیا پلاٹ ریزرو کرنےکا معاملہ التواء کا شکار

Updated: November 08, 2023, 9:30 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

آج ہائی کورٹ میں شنوائی ۔۲۰۰۹ء سے کوشش جاری ہے لیکن حکومت کے ٹال مٹول والے رویہ کےسبب کامیابی نہ مل سکی۔ مقامی شخصیات کا تشہیر اور سیاست کرنےکاالزام۔

Rafi Nagar Cemetery where there is a demand for a place for a new cemetery due to the lack of burial capacity. Photo: INN
رفیع نگر قبرستان جہاں تدفین کی گنجائش کم ہونے کے سبب نئے قبرستان کیلئے جگہ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ تصویر:آئی این این

گوونڈی میں قبرستان کیلئے نیا پلاٹ ریزرو کرنے کا معاملہ التواء کا شکار ہے۔ چند ماہ قبل مقامی ایم ایل اے اور دیگر گروپ کی جانب سے زور شور سے یہ معاملہ اٹھایا گیا، سماج وادی پارٹی کے کارکنان کی وارڈ آفیسر کے ہمراہ میٹنگ ہوئی، ایک دوسرے گروپ نے مقامی ایم پی راہل شیوالے کے ہمراہ بی ایم سی افسران سے بات چیت کی اور بی ایم سی کے ہیڈ آفس میں بھی میٹنگ ہوئی لیکن عملی طور پر اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ قبرستان کے نام پر کام کم تشہیر اور سیاست زیادہ کی جارہی ہے اسی لئے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ 
چند مقامی شخصیات سے بات چیت کرنے پران کا کہنا ہے کہ قبرستان کا مسئلہ یقیناً اہم ہے اورمیت کی تدفین کیلئے جب دیونار اور رفیع نگر قبرستان میںگنجائش ختم ہونے لگتی ہے تومسئلے کی شدت بھی بڑھنے لگتی ہے اس وقت ایک نہیںکئی کئی گروپ دوڑنے لگتے ہیں اور کریڈٹ کی ہوڑ سی لگ جاتی ہے۔ اسی کانتیجہ ہے کہ اب تک قبرستان کے لئے نیا پلاٹ حاصل نہیںہوسکا ہے ۔ شہری انتظامیہ کا حال اوربھی بُرا ہے، وہ بیدار ہی اس وقت ہوتا ہے جب مسئلہ سر پرآجاتا ہے۔
۲۰۰۹ءسے کوشش جاری مگراب تک فیصلہ نہیں کیا گیا 
مقامی رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی سے استفسار کرنے پر کہ قبرستان کےلئے نئے پلاک کے ریزرویشن کا کیا ہوا؟ کیا یہ معاملہ پھر سرد خانے میںڈال دیا گیا ہے تو انہوںنےکہا کہ ’’مجھے یہ اعتراف ہے کہ ۲۰۰۹ء سے اب تک کوشش کی گئی اورآئندہ بھی کوشش جاری رہے گی لیکن اب تک زمین نہیں دی گئی ہے۔ الگ الگ پلاٹ کی نشاندہی کی گئی ،جگہ بتائی گئی۔ خاص طورپر ڈمپنگ گراؤنڈ کےپاس جو جگہ ہے اسے دینے پربی ایم سی نے آمادگی ظاہر کی لیکن اس کے تعلق سے کئی مرتبہ یہ کہا جاچکا ہے کہ وہ زمین ٹھیک نہیںہے ،اسے ڈیولپ کرنے میں ہی ۲۰۰؍کروڑروپے خرچ ہوجائیں گے۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’اصل میں گوونڈی قبرستان ہی نہیں بلکہ مسلمانوں کے ہر معاملے میں حکومت ٹال مٹول کا رویہ اپناتی ہے ،یہی قبرستان کے نئے پلاٹ کےلئے کیا جارہا ہے ورنہ کب کا یہ مسئلہ حل ہوچکا ہوتا ۔ حکمراں محاذ کوزمین کوڑی کے بھاؤ مل جاتی ہے اورٹال مٹول کا رویہ بھی نہیں اپنایا جاتا۔‘‘ ابو عاصم اعظمی نے یہ بھی کہاکہ ’’کوشش جاری ہے اور کامیابی ضرور ملے گی، خواہ مزید وقت لگ جائے۔ جہاں تک دیگر گروپ کے کوشش کرنے کا معاملہ ہے توکچھ لوگ الیکشن لڑنے کی تیاری کررہے ہیں، اس لئے وہ یہ ظاہر کرتے رہتے ہیں کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔‘‘
۴؍ہزارمیٹرجگہ کی نشاندہی 
بی ایم سی ’ایم‘ ایسٹ وارڈ کے کارگزار انجینئرنے پہلے ہونے والی میٹنگ کے بعد ۲۱؍ ستمبر کو جو خط وکتابت کی ہے اس میں گھاٹکوپر مانخورد لنک روڈ پرانا بھاؤ ساٹھے نگر مانخورد میں ۴؍ہزارمیٹر زمین ریزرو کرنے کاتذکرہ ہے لیکن حتمی طور پر یہ نہیںکہا گیا ہے کہ یہ زمین مختص کردی گئی ہے بلکہ اس ۲؍ صفحے کے خط میںتدفین کے مسائل کا تذکرہ ہے۔
کوئی پیش رفت نہیں،آج ہائی کورٹ میں شنوائی 
ایڈوکیٹ شمشیر احمد اوردیگر ۸؍کارکنان پرمشتمل وفد نے ۸؍ ستمبر کو ایم پی راہل شیوالے سے ملاقات کی تھی لیکن یقین دہانی کے باوجود آج تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ اس تعلق سے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا ہے،ایڈوکیٹ شمشیر کا کہنا ہے کہ آج اس معاملے کی بامبے ہائی کورٹ میں شنوائی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK