’’انڈیا‘‘ کی میٹنگ کے علاوہ بھی سونیا اور ممتا کی ملاقات جبکہ ابھیشیک بھی راہل گاندھی سے ملے، ٹی ایم سی کا انکار مگر قیاس آرائیاں زوروں پر
EPAPER
Updated: June 11, 2026, 7:16 AM IST | New Delhi
’’انڈیا‘‘ کی میٹنگ کے علاوہ بھی سونیا اور ممتا کی ملاقات جبکہ ابھیشیک بھی راہل گاندھی سے ملے، ٹی ایم سی کا انکار مگر قیاس آرائیاں زوروں پر
مغربی بنگال کا اسمبلی الیکشن ہارنے کے بعد سے ترنمول کانگریس کی درگت بنی ہوئی ہے۔ ابتدائی دنوں میں اس کے دفاتر پر حملے ہوئے۔ پھر کم و بیش ۱۰۰؍ کونسلروں نے علم ِ بغاوت بلند کیا۔ یہی کیا کم تھا کہ نو منتخب اراکین اسمبلی نے، جو تعداد میں ۶۰؍ ہیں، اپنا الگ گروہ قائم کرلیا اور اسمبلی کے اسپیکر سے ملاقات کرلی، اب تک ۲؍ایم پی استعفےٰ دے چکے ہیں اور کم و بیش ۱۹؍ اراکین پارلیمان ایسے ہیں جو این ڈی اے کے ساتھ بیٹھنا چاہتے ہیں۔ اس طرح، ممتا بنرجی کی پارٹی جو پندرہ سال سے بنگال کے اقتدار پر کسی کی شرکت کے بغیر قابض تھی، تاش کے پتوں کی طرح بکھرتی چلی گئی۔ایسے میں قیاس کیا جارہا ہے کہ کیا ٹی ایم سی، آل انڈیا کانگریس میں ضم ہوجائیگی؟
یہ قیاس آرائی بے بنیاد نہیں ہے۔ ۸؍ جون کو انڈیا اتحاد کی میٹنگ تھی۔ اس اتحاد کو اہمیت نہ دینے والی ممتا بنرجی کو الیکشن ہارتے ہی انڈیا اتحاد کی یاد آگئی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اب وہ آزاد ہیں اور انڈیا اتحاد کو مضبوط کرنے کیلئے سرگرم رہیں گی چنانچہ پیر، ۸؍ جون کی میٹنگ میں وہ شریک ہوئیں۔ اس میٹنگ کی وہ تصویر ملک بھر کے اخبارات میں شائع ہوئی جس میں وہ، سونیا گاندھی سے گلے مل رہی ہیں۔اس کے بعد منگل کو وہ پھر سونیا گاندھی سے ملیں۔ یہ ملاقات کئی سال کے بعد پہلی ملاقات تھی۔ بعض اطلاعات کے مطابق سونیا گاندھی سے اُن کی ملاقات بدھ کو بھی ہوئی۔ اتنا ہی نہیں، بدھ کو ابھیشیک بنرجی بھی راہل گاندھی سے ملے۔یہ ملاقاتیں ایسے وقت میں ہوئیں جب بنگال میں ٹی ایم سی غیر معمولی حالات سے دوچار ہے۔ اس دوران یہ بھی ہوا کہ سی آئی ڈی ممتا اور ابھیشیک کی رہائش گاہ پر پہنچی مگر ٹی ایم سی کے یہ دونوں لیڈر بنگال میں نہیں، دہلی میں تھے۔ شاید یہ پہلا ہی موقع تھا جب کسی بھی معاملہ میں جگہ پر پہنچ کر لڑنے والی ممتا بنرجی اس بار جگہ پر یعنی بنگال میں نہیں تھیں، دہلی میں تھیں اور کانگریس لیڈروں سے مل رہی تھیں۔ چونکہ ممتا نے کانگریس پارٹی سے فاصلہ رکھا تھا، انڈیا اتحاد سے بھی اُن کی کوئی خاص وابستگی نہیں تھی (میٹنگوں میں خود شرکت کرنے کے بجائے انہوں نے ابھیشیک یا ڈیرک اوبرائن کو بھیجا ہے)، وہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں بھی شریک نہیں ہوئی تھیں