وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ، ریاست کے ہر ضلع میں پارٹی کارکنا ن احتجاج کریں گے ۔
EPAPER
Updated: July 25, 2026, 9:46 AM IST | Mumbai
وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ، ریاست کے ہر ضلع میں پارٹی کارکنا ن احتجاج کریں گے ۔
ملک بھرمیں پیپر لیک کے واقعات پر عوام میں شدید غم و غصہ ہے اور لاکھوں طلبہ اور ان کے سرپرست احتجاج میں شریک ہو رہے ہیں۔ طلبہ کے اس سنگین مسئلے پر کانگریس لگاتار احتجاج کر رہی ہے۔ اب کانگریس نے اس تحریک کو گاؤں گاؤں تک پہنچانے کا عزم کیا ہے۔ اسی سلسلے میں آج (۲۵؍ جولائی) کو ریاست کے ہر ضلع میں کینڈل مارچ اور ستیہ گرہ کا انعقاد کیا جائے گا۔
نیٹ اور سی بی ایس ای کے امتحانات کے پرچے بار بار لیک ہو رہے ہیں۔ گزشتہ ۱۰؍ برس میں مجموعی طور پر ۱۵۲؍ مرتبہ پیپر لیک ہونے کے باوجود مودی حکومت اس سنگین مسئلے پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ اس بے حس حکومت کے پاس طلبہ کے سوالات کا جواب دینے کا بھی وقت نہیں ہے۔ مرکزی حکومت، مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ لینے کیلئے بھی تیار نہیں ہے۔ اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے والے طلبہ پر مختلف مقامات پر غیر انسانی انداز میں لاٹھی چارج کیا جا رہا ہے اور ان پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: پونے میں کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج، جم غفیر امڈ آیا
ان طلبہ کی حمایت میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کی ہدایت اور مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال کی رہنمائی میں پورے مہاراشٹر میں کینڈل مارچ اور ستیہ گرہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے دی گئی ہے۔کانگریس کامطالبہ ہے کہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ لیا جائے، امتحانات میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور انتظامی ناکامیوں پر پارلیمنٹ میں فوری بحث منعقد کی جائے، احتجاج کے دوران طلبہ کے خلاف درج تمام ایف آئی آر اور مقدمات واپس ہوں، نیز وزیر اعظم اور وزیر داخلہ ملک کے نوجوانوں سے معافی مانگیں۔