Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: پردھان کے استعفے کے بعد کانگریس کا ’وکٹری مارچ‘

Updated: July 27, 2026, 11:36 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد ملک بھر میں کانگریس کی جانب سے یومِ فتح منانے کے اعلان کے تحت بھیونڈی شہر ضلع کانگریس کمیٹی نے گزشتہ شب صدر عابد منصف خان کی قیادت میں وجئے مارچ نکالا۔

A large number of Congress workers participated in the Victory March. Photo: INN
وکٹری مارچ میں بڑی تعداد میں کانگریسی ورکرز شامل تھے۔ تصویر: آئی این این

مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد ملک بھر میں کانگریس کی جانب سے یومِ فتح منانے کے اعلان کے تحت بھیونڈی شہر ضلع کانگریس کمیٹی نے گزشتہ شب صدر عابد منصف خان کی قیادت میں وجئے مارچ نکالا۔ ابتدا میں نیٹ اور سی بی ایس ای امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف کینڈل مارچ اور ستیہ گرہ احتجاج کا پروگرام طے تھا، تاہم استعفے کے بعد مرکزی قیادت کی ہدایت پر اسے وکٹری مارچ میں تبدیل کر دیا گیا۔

وجئے مارچ کا آغاز میونسپل کارپوریشن کی مرکزی عمارت کے سامنے واقع بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے پر گلپوشی سے ہوا۔ اس کے بعد شرکاء پرانی میونسپل عمارت، شہداء کی یادگار اور آنند دیگھے چوک سے ہوتے ہوئے کانگریس کمیٹی کے دفتر پہنچے، جہاں مارچ ختم ہوا۔ اس دوران ڈھول تاشوں کی گونج، طلبہ کے حق میں نعرے بلند کئے گئے۔ مارچ میں رانی اگروال، ڈپٹی میئر طارق مومن ، کارپوریٹر پرشانت لاڈ و کانگریس کے متعدد عہدیداران، کارکنان، خواتین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھئے: یہ’ اندھ بھکتوں‘کے خلاف ’دیش بھکتوں‘ کی فتح ہے:ادھوٹھاکرے

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ نیٹ اور سی بی ایس ای امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں، طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ اور ان کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافی کے خلاف کانگریس کی ملک گیر تحریک نے مرکزی حکومت کو دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا، جس کے نتیجے میں وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو استعفیٰ دینا پڑا۔ مقررین نے اس پیش رفت کو طلبہ کے مسلسل اور پُرامن جدوجہد کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔رہنماؤں نے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے، جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ہر مرحلے پر طلبہ کے مسائل کو قومی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھایا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ تعلیم، روزگار اور نوجوانوں کے حقوق سے متعلق ہر مسئلے پر پارٹی آئندہ بھی اسی مضبوطی کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے گی۔وجئے مارچ کے لئے پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK