Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مودی حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے‘‘

Updated: May 27, 2025, 10:51 PM IST | New Delhi

کانگریس نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد پورا ملک متحد ہوکر سرکار کا ساتھ دے رہا ہے، تب بھی بی جے پی تقسیم کی سیاست کر رہی ہے

Congress spokesperson Pawan Kheda alleged that the Modi government had a great opportunity but it wasted it.
کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت کو بہت اچھا موقع ملا تھا لیکن اس نے گنوادیا

کانگریس نے ایک بار پھر مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور اس کی خارجہ پالیسی کو ناکام بتاتے ہوئے کئی محاذ پر اسے گھیرنے کی کوشش کی ہے۔کانگریس کے کمیونی کیشن شعبے کے سربراہ پون کھیڑا نے منگل کو پارٹی صدر دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پہلگام حملے کے بعد جب پورا ملک متحد ہوکر حکومت کا ساتھ دے رہا ہے اور پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہا ہے، تب بھی بی جے پی کے لوگ تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں اور نفرت پھیلانے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توقع تھی کہ امتیاز بھلا کر ملک کے مفاد میں کام کیا جائے گا لیکن بی جے پی حکومت نے اس کے برعکس کیا جو پاکستان چاہتا تھا۔ 
 کانگریس ترجمان نے کہاکہ ’’کانگریس نے بحران کے وقت حکومت کی مکمل حمایت کی۔ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اپنا غیر ملکی دورہ چھوڑ کر وطن واپس پہنچے۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے فوری طور پر پارٹی کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ بلائی اور ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر قدم پر حکومت کے ساتھ ہیں۔ اس کے بعد راہل گاندھی سب سےپہلے پہلگام گئے اور زخمیوں اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔ میں خود بھی حال ہی میںپونچھ گیا اور پاکستان کی بزدلانہ فائرنگ کےمتاثرین افراد سے ملاقات کی۔‘‘انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے کے خلاف کی گئی فوجی کارروائی دراصل پاکستان کو سبق سکھانے کا ایک بہترین اور مناسب موقع تھا لیکن  وزیراعظم، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دباؤ میں آگئے۔اس کے بعد حکومت نے اچانک فوجی کارروائی روکنے کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا۔ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا  تھا۔ ہندوستان کسی بھی صورت حال میں کسی غیر ملکی طاقت کے سامنے جھک کر فیصلہ لینے پر کبھی مجبور نہیں ہوا۔ کانگریس کے ترجمان نے حکومت کی خارجہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کے وزراء صرف بات چیت میں مصروف ہیں۔ حکومت خارجہ پالیسی کی سطح پر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کویت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کویت میں جہاں۲۱؍ فیصد مزدور ہندوستان سے ہیں اب امریکہ کے تعاون سے پاکستان کے ساتھ ورکرز کا معاہدہ کیا جا رہا ہے۔ یہی نہیں پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کے دوران کسی ملک نے ہمارے حق میں بات نہیں کی جبکہ کئی ممالک کھل کر پاکستان کا ساتھ دے رہے تھے۔ یہ ہماری خارجہ پالیسی کی ناکامی کی سب سے بڑی مثال ہے۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK