دونوں ٹرمنس پر۲۴؍ڈبوں کی ٹرینوں کیلئے پلیٹ فارم ایک ارب ۲۶؍کروڑ کی لاگت سے بنائے جارہے ہیں ،اس سے بھیڑ کم ہونے کی امید
EPAPER
Updated: September 19, 2023, 9:24 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
دونوں ٹرمنس پر۲۴؍ڈبوں کی ٹرینوں کیلئے پلیٹ فارم ایک ارب ۲۶؍کروڑ کی لاگت سے بنائے جارہے ہیں ،اس سے بھیڑ کم ہونے کی امید
لوکمانیہ تلک ٹرمنس اور چھترپتی شواجی مہاراج ٹرمنس پر ان دنوں ۲۴؍ڈبے کی ٹرینیں روکنے اور روانہ کرنے کے لئے نئے پلیٹ فارم کی تعمیر اور توسیع کا عمل جاری ہے۔ اس سے آنے والے وقتوں میں مسافروں کو کافی سہولت ہوگی اور وہ پلیٹ فارم بدلنے کی مشکل سے بھی نجات پا سکیں گے۔
ایل ٹی ٹی میں دو پلیٹ فارم کا کام کہاں تک پہنچا
لوکمانیہ تلک ٹرمنس پر ۲؍ نئے پلیٹ فارم کی تعمیر کا کام جاری ہے اور ۳۵؍فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ ان پلیٹ فارموں کی تعمیر پر ۶۴؍کروڑ ۱۰؍لاکھ روپے خرچ ہوں گے ۔ اس وقت ایل ٹی ٹی میں میل اور ایکسپریس ٹرینوں کے لئے ۱۰؍ میٹر چوڑے اور ۶۸۰؍میٹر لمبے ۲۴؍ڈبے کی ٹرینوں کے ۵؍پلیٹ فارم موجود ہیں ۔ جو کام اس وقت چل رہا ہے اس میں ۱۰۰؍میٹر لمبی پٹ لائن کا کام پورا کیا گیا ہے۔ ۲؍ لاکھ ۲۵؍ہزار لیٹر والی ۲؍ اوور ہیڈ ٹنکیاں بنائی گئی ہیں، اس میں سے ایک ٹنکی کا کام پورا ہو گیا ہے ۔۷؍ہزار میٹر ڈامر کی سٹرک بنانے کا منصوبہ ہے۔ اسی طرح متعلقہ دیگر کاموں کی تفصیل ہے ۔
سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر شیوراج مانس پورے نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ان دونوں پلیٹ فارموں کے مکمل ہونے سے سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ بھیڑ بھاڑ کم کرنے میں مدد ملے گی۔اسی طرح سی ایس ایم ٹی میں پلیٹ فارم نمبر ۱۰، ۱۱،۱۲،۱۳؍اور۱۴؍کو بڑھا کر ۲۴؍ڈبے کی گنجائش والا بنایا جارہا ہے۔ ابھی تک یہاں ۱۸؍ ڈبوں تک کی ہی گنجائش تھی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ابھی ۴۵؍ فیصد کام پورا کیا گیا ہے۔اس دوران جب کہ پلیٹ فارم کی توسیع کا کام کیا جارہا ہے، اس سے متعلق کئی کام ہوتے ہیں، ان تمام کاموں کو مرحلہ وار طریقے سے کیا جارہا ہے ۔
چیف پی آر او مانس پورے نے یہ بھی کہا کہ توسیع کا مرحلہ پورا ہوجانے کے بعد مسافروں کو بہت زیادہ سہولت ہوگی اور بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے کے علاوہ کم پلیٹ فارم ہونے کی وجہ سے اس وقت مسافروں کو پلیٹ فارم بدلنے کی جو دشواری پیش آتی ہے اس سے بھی وہ بچ سکیں گے۔ اسی طرح اس وقت جاری کاموں کی وجہ سے انہیں جو دشواری ہو رہی ہے، کام پورا ہوجانے کے بعد وہ سہولت میں تبدیل ہوجائے گی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سی ایس ایم ٹی میں کئے جانے والے پلیٹ فارم کے توسیعی کام پر ۶۲؍کروڑ ۱۲؍لاکھ روپے کا خرچ آئے گا ۔ اس طرح مجموعی خرچ ایک ارب ۲۶؍کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔