Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج سرکاری حکم نامے کی ہولی جلائی جائے گی

Updated: June 28, 2025, 11:32 PM IST | Mumbai

ہندی کو لازمی کرنے کے خلاف آزاد میدان پر احتجاج ادھو ٹھاکرے خود شرکت کریں گے، کارکنان کو ریاست بھر میں ہولی جلانے کی ہدایت

Uddhav Thackeray has instructed workers to burn the ordinance Holi across the state.
ادھو ٹھاکرے نے کارکنان کو پوری ریاست میں حکم نامے کی ہولی جلانے کی ہدایت دی ہے

ریا ست کی مراٹھی اور انگریزی میڈیم  اسکولوں میں اول تا پنجم جماعت میں تیسری زبان کے طور پر ہندی کو لازمی قرار دینےکی شدید مخالفت کی جارہی ہے۔ اسی مخالفت کے تحت  شیوسینا (ادھو ) کی جانب سے  آج اس  سرکاری حکم نامے ( جی آر)کی کاپی کی  جلائی جائے گی جس کے  ذریعے ہندی کو لازمی قرار دیاگیا ہے۔یہ اعلان شیو سینا ( ادھو) کے ترجمان  سنجے راؤت نے  سنیچر کو  ممبئی میں  ایک پریس کانفرنس میں کیا ۔
  اس سلسلے میں سنجے راؤت نے کہا کہ ’’ بی جے پی لیڈرو ںکی جانب سے یہ غلطفہمی پھیلائی جارہی ہےکہ سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے  نے  نیوایجوکیشن پالیسی ( این ای پی)۲۰۲۴ء پر دستخط کئے تھے اور ہندی کو لازمی قرار دیا تھا حالانکہ  انہوں نے این ای پی کے نفاذ کیلئے بنائی گئی ڈاکٹر رگھوناتھ ماسیلکر کمیٹی کی رپورٹ کو قبول کیا تھا ۔یہ روایت رہی ہے کہ کسی بھی کمیٹی کو وزیر اعلیٰ قبول کرتا ہے اسی کے مطابق اس رپورٹ کو بھی سابق وزیر اعلیٰ  نے قبول کر لیا تھا لیکن ہندی کو لازمی قرار دینے کا جی آر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے جاری کیا ہے ۔ لہٰذا ہم اتوار کی دوپہر ۳؍ بجے آزاد میدان میں اس جی آر کی کاپی کی ہولی جلائیں گے ۔‘‘انہوںنے مزید بتایاکہ’’ جی آر کی ہولی جلانے کیلئے شیو سینا (ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے خود بھی آزاد میدان پہنچیں گے۔‘‘
 مراٹھی سماج  متحد ہو کر رہے گا 
  ۵؍ جولائی کو شیو سینا (ادھو)کے سربراہ ادھو ٹھاکر ےاور  مہاراشٹر نونرمان سینا ( ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے کی قیادت میں نکالے جانے والے مورچہ کے تعلق سے سنجے راؤت نے کہا کہ’’ دیویندر فرنویس اور ایکناتھ شندے کتنی ہی اٹھا پٹخ کر لیں لیکن وہ مراٹھیوں کو متحد ہونے سے نہیں روک سکیں گے ۔ اس ضمن میں  این سی پی ( شرد ) کی خواتین ونگ کی ریاستی صدر روہنی کھڑسے نے کہا کہ ’’سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے کئے فیصلوں کو  مہا یوتی حکومت نے بدل دیا ہے اور اگر فرض کیاجائے کہ ہندی کو لازمی قرار دینے کی تجویز سابق وزیر اعلیٰ نے منظور کی تھی تو اس فیصلہ کو تبدیل کیوں نہیں کیا گیا، اسے بدلنے کےبجائے اس کو نافذ کرنے کا جی آر جاری کیاجارہا ہے؟‘‘
 مورچے کی تیاریاں
  اس دوران ۵؍ جولائی کو  ایم این ایس  اور شیوسینا (ادھو) کے مشترکہ مورچے کی تیاریاں بھی زور وشور سے شروع کر دی گئی ہے۔  اس کیلئے دونوں پارٹیوں کی جانب سے ٹیم بھی تیار کر لی گئی ہے۔  ایم این ایس کی جانب سے سندیپ دیشپانڈے، بالا ناندگائونکر اور نتن سردیسائی کو ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ شیوسینا (ادھو) کی جانب سے سنجے رائوت اور ورون دیسائی  انتظامات دیکھیں گے۔  یاد رہے کہ اس مورچے میں ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے دونوں ہی کے شریک ہونے کا امکان ہے اس لئے دونوں پارٹیوں کے کارکنان میں جوش ہے۔ اس لئے مورچے کی ابتدا اور  اس کے گزرنے کے تمام مقامات کے تعلق سے حتمی فیصلہ یہ لیڈران مل کر کریں گے۔  اس تعلق سے عوام میں بیداری پیدا کرنے کیلئے ایم این ایس کارکنان جگہ جگہ جاکر عوام سے رابطہ کریں گے اور مورچے میں شامل ہونے کی اپیل کریں گے۔ خاص کر لوکل ٹرینوں میں کارکنان عوام سے اپیل کریں گے۔ ایم این ایس کے ممبئی صدر سندیپ دیش پانڈے  خود اس معاملے میں لوکل ٹرین میں سفر کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK