Inquilab Logo

سرکاری وفد نے حکومت کا جی آر اور مفاہمت کی یادداشت جرنگے کےسپرد کی

Updated: November 05, 2023, 11:07 AM IST | Agency | Aurangabad

جی آر میں مراٹھواڑہ میں آباد مراٹھوں کو فی الحال نظام شاہ کے زمانے کے ثبوتوں کی بنیاد پر کنبی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

Minister Sandeep Bhumre speaking to Manoj Jarangay. Photo: Agency
وزیر سندیپ بھومرے ، منوج جرنگے سے بات کرتے ہوئے۔ تصویر: ایجنسی

منوج جرنگے کی بھوک ہڑتال ختم ہوتے ہی شندے حکومت بھی ان کے مطالبات کو پورا کرنے کی تگ ودو میں لگ گئی ہے۔ سنیچر کو اس کا ثبوت اسوقت ملا جب اسپتال میں زیر علاج منوج جرنگے سے ملنے ریاستی حکومت کی جانب سے ایک وفد پہنچا اور اس نے مراٹھا سماج کو کنبی ذات کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے تعلق سے جی آر کی کاپی اور جرنگے سے جمعرات کو ہوئی گفتگو کی یادداشت کی کاپی ان کے حوالے کی۔ 
 یاد رہے کہ منوج جرنگے جالنہ میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے۔ ۲؍ نومبر ( جمعرات) کو ریاستی حکومت کی جانب سے سابق ججوں کے ایک پینل اور کچھ لیڈران نے ملاقات کی تھی۔ گفتگو میں کئی معاملات پر اتفاق ہوا جسکے بعد جرنگے نے اپنی بھوک ہڑتال ۲۴؍ دسمبر تک کیلئے واپس لے لی۔ اب حکومت نے جرنگے سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے جنگی پیمانے پر کام شروع کر دیا ہے۔ 
یاد رہے کہ بھوک ہڑتال کے بعد منوج جرنگے کو اورنگ آباد کے ایک اسپتال میں بھرتی کروایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مسلسل بھوکا رہنے کی وجہ سے ان کے اندر کمزوی آگئی ہے اور انہیں آرام کی سخت ضرورت ہے۔ اسی دوران سنیچر کی صبح ریاستی حکومت کی جانب سے اورنگ آباد کے نگراں وزیر سندیپ بھومرے، وزیر برائے ہائوسنگ اتل ساوے اور جالنہ سے رکن اسمبلی نارائن کوچے کے علاوہ وزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی منگیش چیوٹے اسپتال پہنچے ۔ انہوں نے پہلے منوج جرنگے کی طبیعت معلوم کی۔ اس کے بعد حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی آر کی کاپی سونپی جس میں ضلعی انتظامیہ کو مراٹھا سماج کیلئے کنبی ذات کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جی آر میں لکھا ہے کہ مراٹھواڑہ میں رہنے والے اہل فرد کو مراٹھا۔ کنبی اور کنبی۔ مراٹھا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ اس کیلئے انہیں نظام کے زمانے کے سرٹیفکیٹ، اپنا شجرہ نسب، نظام کے زمانے میں کئے گئے اسکولی داخلے یا کوئی قرار یا پھر محصول کی رسیدیں وغیرہ پیش کرنی ہوں گی۔ جی آر میں یہ بھی درج ہے کہ جسٹس سندیپ شندے ( ریٹائرڈ) کی قیادت میں قائم کردہ کمیٹی کو ۲۴؍دسمبر ۲۰۲۳ء تک مراٹھا ریزرویشن کے تعلق سے اپنی رپورٹ جمع کروانی ہے۔ اس کیلئے انہیں ثبوت اکٹھا کرنے اور دیگر مطالعوں کیلئے کام کرنا ہے ۔ اس دوران مراٹھوارہ میں ثبوت کی بنیاد پر مراٹھا سماج کے لوگوں کو کنبی ذات کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ اطلاع کے مطابق منوج جرنگے کو اس گفتگو میں شامل تمام شقیں بھی تحریری طور پر ترتیب دے کر فراہم کی گئی ہے جن کی بنیا د پر جرنگے نے بھوک ہڑتال ختم کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK