رویندر وائیکر /امول کرتیکر معاملے میں ممبئی نارتھ ویسٹ پارلیمانی حلقہ کی ریٹرننگ آفیسرکی وضاحت
EPAPER
Updated: June 18, 2024, 1:51 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
رویندر وائیکر /امول کرتیکر معاملے میں ممبئی نارتھ ویسٹ پارلیمانی حلقہ کی ریٹرننگ آفیسرکی وضاحت
ممبئی نارتھ ویسٹ لوک سبھا حلقہ میں ادھو ٹھاکرے گروپ کے امیدوار امول کیرتیکر کا دوبارہ گنتی میں صرف ۴۸؍ ووٹوں کے فرق سے ایکناتھ شندے کے امیدوار رویندر وائیکر سے شکست کا معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے۔ شیو سینا ( یو بی ٹی )کی جانب سے الزام عائد کیاگیا ہے کہ کاؤنٹنگ سینٹر میں موبائل کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی اس کے باوجود رویندر وائیکر کے رشتہ دار نے نیسکوکاؤئنٹنگ سینٹر (گوریگاؤں) میں موبائل کااستعما ل کیا ہے اور ای وی ایم میں گڑبڑی کی ہے۔ اسی سلسلے میں ممبئی نارتھ ویسٹ پارلیمانی حلقۂ انتخاب کی ریٹرننگ آفیسر(آر او) وندنا سوریہ ونشی نے اتوار کو واضح کیا ہےکہ جس اہلکار کا موبائل استعمال کرنے کی بات کہی جا رہی ہے اسے برطرف کر دیا گیاہے اور اس کےخلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے ۔ پولیس اس کی مزید جانچ کر رہی ہے ۔
اس سلسلے میں وندنا سوریہ ونشی نے اتوار کی تعطیل کے باوجود ممبئی مضافاتی ضلع کلکٹر آفس میں کلکٹر ڈاکٹر راجندر بھوسلے کے ہمراہ پریس کانفرنس کی ۔ وندنا سوریہ ونشی نے بتایا کہ ’’ ووٹوں کی گنتی کے دوران الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر کاؤئنٹنگ کے اعداد و شمار ( ڈیٹا) اپ ڈیٹ کرنے ہوتے ہیں۔ اس سسٹم کا ای وی ایم سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔یہ الیکشن کمیشن آف انڈیا ( ای سی آئی ) کا ’ ڈیٹا کمپائلیشن سسٹم ہے۔اس سسٹم سے جڑنے کیلئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے چند اہلکاروں کو موبائل کا استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی کیونکہ ان کے موبائل پر او ٹی پی آنے والا تھا جس کی مدد سے ہی وہ ڈیٹا اپ ڈیٹ کر سکتے تھے۔اسے کسی اور کو موبائل استعمال کرنے نہیں دینا چاہئے تھا۔ جس اہلکار نے اپنا موبائل کسی اور کو استعمال کرنے دیا ا س اہلکار کو برطرف کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔
واژح رہے کہ ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے سوشل میڈیا ’ ایکس ‘ پر پیغام بھیجا ہے کہ ای وی ایم ہیک ہو سکتاہے؟ اس حوالہ سے افسرسے پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ’’ ای وی ایم ہیک نہیں ہو سکتا ۔یہ وائر لیس یا وائر کے ذریعے بھی منسلک نہیں ہوسکتا ہے،اسلئے یہ کہناکہ ای وی ایم میں گڑبڑی کی گئی ہے غلط ہے۔‘‘