مہایوتی حکومت کے کلچرل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ’اردو ساہتیہ اکیڈمی‘ کے دفتر کو خالی کرنے کا حکم دینے کے بعد، سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور اقلیتی ترقی کے وزیر دتاترے ( ماما) بھرنے کو خط لکھ کر ان سے فوری طور پر مذکورہ ہدایت پر روک لگانے کی اپیل کی ہے۔
رکن اسمبلی رئیس شیخ اردو اکیڈمی کے دفتر میں بات چیت کرتےہوئے۔ تصویر: آئی این این
مہایوتی حکومت کے کلچرل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ’اردو ساہتیہ اکیڈمی‘ کے دفتر کو خالی کرنے کا حکم دینے کے بعد، سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور اقلیتی ترقی کے وزیر دتاترے ( ماما) بھرنے کو خط لکھ کر ان سے فوری طور پر مذکورہ ہدایت پر روک لگانے کی اپیل کی ہے۔
اس سلسلے میں رئیس شیخ نے بتایا کہ ’’ اردو ساہتیہ اکیڈمی کا دفتر فی الحال فورٹ کے علاقے میں ایک سرکاری عمارت `اولڈ کسٹم ہاؤس میں ہے جو محکمہ ثقافتی امور کی ہے اور اردو اکیڈمی اقلیتی محکمہ کے ماتحت ہے، اسی لئے محکمہ ثقافتی امور نے اردو اکیڈمی کو کرائے کی جگہ پر منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ ہدایت ایڈیشنل چیف سیکریٹری (کلچرل)کی صدارت میں ۲۵؍ اپریل ۲۰۲۵ء کو منعقدہ میٹنگ میں دی گئی تھی۔ امسال اردو اکیڈمی گولڈن جوبلی منا رہی ہے۔ اکیڈمی کو اس طرح سے سرکاری احاطے سے بے دخل کرنا انتہائی افسوسناک ہے جبکہ دیگر زبانوں کی اکیڈمیوں کو وسیع سرکاری جگہ الاٹ کی گئی ہے۔ یہ اردو اکیڈمی کیساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔ ‘‘
سماجوادی پارٹی کےلیڈر اسمبلی رئیس شیخ نے مزید کہا کہ’’ اکیڈمی میں عملہ کی ۷؍میں سے ۴؍ اسامیاں خالی ہیں اور تمام اراکین کی تقرری ابھی باقی ہے۔ منترالیہ کے علاقے میں مناسب سرکاری جگہ دستیاب ہونے کے بعد ہی اردو اکیڈمی کے دفتر کو منتقل کیا جانا چاہئے۔ عملہ کی خالی اسامیوں کو فوراً پُر کیا جانا چاہئے، اراکین کی تقرریوں کو مکمل کیا جانا چاہئے اور اکیڈمی کی سالانہ فنڈنگ کو بڑھا کر ۵؍ کروڑ روپے تک کیا جانا چاہئے۔ ‘‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ’’ اگرچہ پچھلے سال ۲؍کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے لیکن اکیڈمی کو صرف ۱۶؍لاکھ روپے ملے تھے۔ منترالیہ کے احاطے میں جگہ کرایے پر لینے کیلئے اکیڈمی کو ماہانہ ۲۰؍لاکھ روپے درکار ہوں گے۔ ‘‘
اس ضمن میں نمائندۂ انقلاب نے اقلیتی امور کے وزیر دتاترے بھرنے سے استفسار کیا تو انہوں نے بتایاکہ مَیں ابھی ممبئی میں نہیں ہوں پیر کوآکر اس معاملے کو دیکھتا ہوں ۔ اقتدار میں شامل این سی پی ( اجیت )کی رکن اسمبلی ثناء ملک سے پوچھنے پر انہوں نے بتایاکہ مَیں اس کی معلومات لے کر منگل کو اجیت دادا سے بات کروں گی۔ ‘‘