Inquilab Logo

جموں کشمیر کے عوام کو روزگاراور پیار کی ضرورت ہے لیکن بلڈوزر مل رہا ہے

Updated: February 13, 2023, 2:06 PM IST | New Delhi

گھروں پر بلڈوز چلائےجانےپرکانگریس لیڈر راہل گاندھی کی تنقید، کہا:انہوں نے جس زمین کو سیراب کیا اب ان سے چھینی جارہی ہے

The scene of demolition in Kashmir
کشمیر میں انہدامی کارروائی کا منظر

 جموںکشمیر میں ان دنوں بلڈوزر کے ذریعے انہدامی کارروائی انجام دی جا رہی ہے اور بڑی تعداد میں غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا جا رہاہے۔ ایک طرف جہاں اس کارروائی پر مقامی لوگوںمیں ناراضگی ہے، وہیں اپوزیشن لیڈر بھی جموںکشمیر انتظامیہ اور مرکزی حکومت کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔اتوار کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی نےبھی بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس زمین کو لوگوں نے محنت سے سیراب کیا، اسے اب ان سے چھینا جا رہا ہے۔
 راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’’جموں کشمیر کو روزگار، بہتر کاروبار اور محبت کی ضرورت تھی لیکن انہیں کیا ملا؟ بی جے پی کا بلڈوزر! علاقے کے لوگوںنے کئی دہائیوں تک محنت سے جس زمین کو سیراب کیا تھا، وہ ان سے چھینی جا رہی ہے۔ امن اور کشمیریت کا تحفظ جوڑنے سے ہوگا، توڑنے اور لوگوں کو تقسیم کرنے سے نہیں۔‘‘
 قبل ازیں، راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو کھلا خط لکھا تھا۔ جس میں انہوں نے کشمیری پنڈتوںکی سیکورٹی کا مسئلہ اٹھایا تھا۔ اس خط میں انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے ایک وفد نے جموں میں بھارت جوڑو یاترا کے دورانمجھ سےملاقات کی تاکہ پورے ہندوستان کو محبت اور اتحادکے دھاگے میں متحد کیا جا سکے۔ سرکاری اہلکار انہیں وادی کشمیر میں کام پر واپس جانے پر مجبور کر رہے ہیں۔ ان حالات میں انہیں حفاظت اور سلامتی کی کسی ضمانت کے بغیر وادی میں کام پر جانے پر مجبور کرنا ایک ظالمانہ اقدام ہے۔ جب تک حالات بہتر اور نارمل نہیں ہوتے، حکومت ان کشمیری پنڈت ملازمین سے دیگر انتظامی اور عوامی کاموں میں خدمات لے سکتی ہے۔ خیال رہے کہ۷؍جنوری سے شروع ہونے والی بلڈوزر کارروائی کے ذریعے انتظامیہ نے جموںکشمیر میں ۱۰؍ لاکھ کنال سے زیادہ اراضی کو تجاوزات سے آزاد کرایا ہے۔ اس کارروائی کے دوران انتظامیہ کو کئی علاقوں میں لوگوں کی شدید مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ یہاں کئی مقامات پر پتھراؤ بھی ہوا، جس میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK