پرینکا گاندھی کا وزیراعظم مودی سے مطالبہ، کیجریوال نے بھی طنز کیا، کہا: جلد ہی ملک میں ایک مضبوط وزیر اعظم ہوگا جو امریکہ سے ہر توہین اور قتل کا بدلہ لے گا
EPAPER
Updated: June 16, 2026, 11:00 PM IST | New Delhi
پرینکا گاندھی کا وزیراعظم مودی سے مطالبہ، کیجریوال نے بھی طنز کیا، کہا: جلد ہی ملک میں ایک مضبوط وزیر اعظم ہوگا جو امریکہ سے ہر توہین اور قتل کا بدلہ لے گا
ایران اور اسرائیل امریکہ کی لڑائی کے دوران ایک امریکی حملے میں تین ہندوستانیوں کی موت پر ملک میں کافی غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ اس واقعے پر مودی حکومت کی خاموشی سے بھی عوام کافی برہم ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے حکومت کی خاموشی کو بزدلی سے تعبیر کیا ہے۔ کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کو ٹرمپ کے روبرو اٹھائیں اور ان سے جواب طلب کریں۔ اسی طرح عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے مودی حکومت کو کمزور حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد ہندوستان میں ایک مضبوط وزیر اعظم ہوگا جو امریکہ سے ہر توہین اور قتل کا بدلہ لے گا۔ اس کے علاوہ دیگراپوزیشن لیڈران بھی لگاتار اس تعلق سے امریکہ کے خلاف اپنی سخت ناراضگی کا اظہارکر رہے ہیں اور مرکزی حکومت سے بھی جواب مانگ رہے ہیں۔
پرینکا گاندھی نے منگل کو جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سامنے ۳؍ ہندوستانی ملاحوں کی موت کا معاملہ اٹھانا چاہئے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم مودی فرانس اور سلوواکیہ کے دورے پر ہیں جہاں وہ جی۔۷؍ سمیلن کے رابطہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس دوران کئی ممالک کے لیڈران کے ساتھ ہی امریکی سربراہ ٹرمپ سے بھی ملاقات ہوگی۔ ایسے میں سبھی کی نظر اس بات پر ہوگی کہ مودی اور ٹرمپ کے درمیان کیا باتیں ہوتی ہیں۔
اسی ملاقات کے پیش نظر پرینکا گاندھی نے وزیراعظم مودی کے سامنے ہندوستانی ملاحوں کی موت کا معاملہ اٹھانے کی بات رکھی ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ احاطے میں جب میڈیا اہلکاروں نے پرینکا سے ہندوستانی ملاحوں کی موت پر رد عمل جاننا چاہا، تو انھوں نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ انھیں یقیناً یہ ایشو اٹھانا چاہئے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’افسوس کی بات ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے، اس پر ہم نے (حکومت نے) کھل کر کوئی بات نہیں کی ہے۔‘‘