اتوار کو ہونےوالی۸؍ گھنٹے کی پوچھ تاچھ سے تفتیشی ایجنسی مطمئن نہیں،بنرجی کے انفرادی بیانات اورکنال گھوش کی موجودگی میں دیئے گئے جواب میں نمایاں فرق کا الزام۔
ابھیشیک۔ تصویر:پی ٹی آئی
ترنمول کانگریس کے اراکین اسمبلی کے مبینہ جعلی دستخط کے معاملے کی تحقیقات کرنے والا تفتیشی محکمہ ’سی آئی ڈی‘ پارٹی کے جنرل سیکریٹری ابھشیک بنرجی کو تیسری بار طلب کر سکتا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اتوار کو ہونے والی پوچھ تاچھ کے دوران تفتیشی ایجنسی کو ان کے بیانات میں کئی تضادات ملے ہیں۔ اسی دوران ایک معاملے میں پیر کو وہ ای ڈی کے سامنے بھی پیش ہوئے جبکہ منگل کو ڈی جے تنازع سے متعلق اپنی مبینہ ریمارکس کے ایک دوسرے معاملے میں بھی ان کے سی آئی ڈی کے سامنے پیش ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ ابھیشیک بنرجی اس معاملے میں دوسرے مرحلے کی پوچھ تاچھ کیلئے اتوار کو سی آئی ڈی کے سامنے پیش ہوئے تھے، جہاں تقریباً ۸؍ گھنٹے تک ان سے سوالات کئے گئے۔ پہلے ان سے تنہائی میں پوچھ تاچھ کی گئی اور بعد میں ٹی ایم سی لیڈرکنال گھوش کے سامنے بٹھا کر بھی کئی گھنٹوں تک سوالات کئے گئے۔
تفتیشی ایجنسی کے ذرائع کے مطابق، جب کنال گھوش کی موجودگی میں پوچھ تاچھ کی گئی تو ابھیشیک بنرجی کئی اہم نکات پر اپنے سابقہ بیانات سے منحرف ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں لیڈروں کو آمنے سامنے بٹھانے سے پہلے سی آئی ڈی افسران نے ان سے الگ الگ پوچھ تاچھ کی تھی۔ ذرائع کے مطابق تفتیش کاروں کو ابھیشیک بنرجی کے انفرادی بیانات اور دونوں لیڈروں کی مشترکہ موجودگی میں دیئے گئے جوابات میں نمایاں فرق ملا۔ جب ان سے اس تبدیلی کی وجہ پوچھی گئی تو وہ کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اتوار کی پوچھ تاچھ سے تفتیشی ایجنسی مطمئن نہیں ہے، اسی لیے تحقیقات کو آگے بڑھانے کیلئے انہیں ایک اور سمن جاری کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم پیشی کی تاریخ ابھی طے نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ اس معاملے میں بنرجی گزشتہ کئی ہفتوں سے سی آئی ڈی کی نگرانی میں ہیں۔ اس سے قبل وہ مختلف وجوہات بتا کر کئی سمن ملتوی کر چکے تھے، جس کے بعد عدالت کی مداخلت پر وہ تفتیش کاروں کے سامنے پیش ہوئے۔ ذرائع کے مطابق، پہلے مرحلے کی پوچھ تاچھ میں انہوں نے متعدد سوالات کے جواب میں صرف یہ کہا تھا کہ انہیں اس معاملے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔