Inquilab Logo

میٹھی ندی کی صفائی کے دعوے سے عوام اور اپوزیشن مطمئن نہیں

Updated: May 30, 2023, 9:48 AM IST | Iqbal Ansari and Shahab Ansari | Mumbai

اگر ندی صاف کر لی گئی ہے تو اب بھی اس کا پانی کالاکیوں؟ : عوام کا سوال۔ صفائی میں بدعنوانی ہوئی ہے اس کی جانچ ایس آئی ٹی سے کرائی جائے : سابق وزیر نسیم خان

Former Minister Muhammad Arif Naseem Khan has termed the claim of cleaning Methi river as a misrepresentation of BMC.
سابق وزیر محمد عارف نسیم خان نے میٹھی ندی کی صفائی کے دعوے کو بی ایم سی کی غلط بیانی قرار دیا ہے۔

 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی ) کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ میٹھی ندی کی آلودگی کم کر دی گئی ہے اور ندی کا پانی صاف کیا گیا ہے، اس دعوے سے مقامی شہری مطمئن نہیں ہیں۔ ان کا کہنا  ہے کہ اب بھی میٹھی ندی کا پانی اتنا ہی کالا اور گندہ ہے جتنا پہلے تھا تو صفائی کہاں اور کس کی ہوئی؟ چند شہریوں نے یہ بھی کہا ہے کہ میٹھی ندی کی صفائی کتنی کی گئی ہے اس کا پتہ برسات میں چلے گا۔ اسی دوران سابق وزیر اور کانگریس کے ریاستی کارگزار صدر محمد عارف نسیم خان نے اتوار کو میٹھی ندی اور ممبئی کے نالوں کا جائزہ لینے کے بعد الزام عائد کیا کہ بارش کی آمد سے قبل کی جانے والی صفائی کے نام پر ۲۸۰؍ کروڑ روپے کی بدعنوانی ہوئی ہے اور اس کی تفتیش ہونی چاہئے۔ انہوںنے میٹھی ندی اور نالوں کی صفائی  میں ہونے ولی بدعنوانی کی جانچ ’اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم‘ (ایس آئی ٹی) سے کروانے اور بدعنوان افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ وزیر اعلیٰ سے کیاہے۔
  انقلاب نے کرلا میں میٹھی ندی کے قریب واقع ٹیکسی مینس کالونی میں رہائش پذیر عبدالسلام انصاری سے جب میٹھی ندی کی صفائی کی موجودہ صورتحال جاننی چاہی تو انہوں نے کہا کہ ’’میٹھی ندی کی صفائی تو ہرسال ہوتی ہے، اس سال بھی ہوئی ہے اور ہر سال اس کام پر خوب پیسہ بھی خرچ کیا جاتا ہے لیکن برسات  میں پتہ چلتا ہے کہ صرف کہنے کیلئے صفائی کی گئی تھی  حقیقت میں حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔‘‘
 انہوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت نے میٹھی ندی کی صفائی کی منصوبہ بندی کیلئے آئی آئی ٹی کو ذمہ داری دی تھی اور اس ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ اس ندی کی صفائی کیلئے ضروری ہے کہ اس میں کچرا، گندگی اور کیمیکل کو داخل ہونے سے روکا جائے۔ ان کی تجویز تھی کہ جن فیکٹریوں سے گندگی میٹھی ندی میں جاتی ہے ان فیکٹریوں کو ہدایت دی جائے کہ وہ اپنے یہاں ’فلٹر‘ لگاکر اس بات کو حتمی بنائیں کہ ندی میں جانے سے قبل کیمیکل اور مضر اشیاء الگ ہوجائیں اور صرف پانی جو مضر نہ ہو، میٹھی ندی میں داخل ہو۔ تاہم اس پر آج تک عمل نہیں ہوا۔‘‘
 مقامی شخص عبدالوہاب خان نے کہا کہ ’’ آج بھی میٹھی ندی کے قریب سے گزرنے پر  نالے جیسی بدبو آتی ہے اور کنارے کا پانی کالا ہی نظر آتا ہے تو پھر کیسی صفائی ہوئی؟‘‘برہمانند شندے  کے مطابق میٹھی ندی کی ایسی کوئی صفائی نہیں ہوئی ہے جس سے اس کا پانی صاف ہو گیا ہو ۔بی ایم سی کا دعویٰ کھوکھلا ہے۔
 یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ نے میٹھی ندی اور نالوں کی صفائی کے ۲؍ روزہ دورے کے  دوران میونسپل کارپوریشن کو سخت ہدایت دی تھی کہ مانسون سے قبل صفائی کا کام مکمل کیا جائے۔ انہوں نے وقت پر اور صحیح ڈھنگ سے کام مکمل نہ ہونے پر متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا تھا۔ وزیر اعلیٰ کے دورہ کے بعد بی ایم سی نے حال ہی میں دعویٰ کیا کہ میٹھی ندی اور نالوں کی صفائی کا کام نہ صرف ایک ہفتہ قبل ہی مکمل کرلیاگیا ہے بلکہ نالوں سے جتنی گندگی صاف کرنے کا ہدف طے کیا گیا تھا اس سے بھی زیادہ کچرا اور گندگی نالوں سے نکالی جاچکی ہے۔ 
بدعنوانی کی جانچ کا مطالبہ
 میونسپل کارپوریشن کے اس دعوے کی سچائی کا پتہ لگانے کیلئے سابق وزیر محمد عارف نسیم خان نے میڈیا کے ساتھ اتوار کو باندرہ کرلا کمپلیکس میں ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب میٹھی ندی کے پل، کپاڈیہ نگر سی ایس ٹی روڈ پر پل کے نیچے  اور کالینہ ایئرپورٹ سے متصل میٹھی ندی ،اس کے علاوہ ساکی ناکہ میں واقع تلک نگر اور ۹۰؍ فٹ روڈ پر واقع بڑے نالہ کا معائنہ کیا تھا۔ پاؤں میں گم بوٹ پہنے اور ہاتھ میں میٹر گیج لے کر نسیم خان میڈیا کے سامنے نالے میں اترے اور اس آلے کی مدد سے جانچ کر دعویٰ کیا کہ بی ایم سی نے صفائی کا جو دعویٰ کیا ہے وہ غلط ہے اور صفائی کے نام پر بدعنوانی کی گئی ہے۔ انہوں نے شندے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ میٹھی ندی اور نالوں کی صفائی، سڑک کی تعمیر، سڑک، نالے، بیت الخلاء، آپلا دواخانہ اور میونسپل اسپتال میں ہونے والی بدعنوانیوں کی جانچ ایس آئی ٹی کے ذریعے کرائی جانی چاہئے اوربدعنوان عہدیداروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں برطرف کیاجانا چاہئے۔اس دورے میں مہاراشٹر کانگریس کے دیگر لیڈر بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK